امریکہ- ممدانی کے بعد، ہندوستانی نثزاد ڈیموکریٹ غزالہ ہاشمی بن گئیں توجہ کا مرکز

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 27-10-2025
امریکہ- ممدانی کے بعد، ہندوستانی نثزاد ڈیموکریٹ غزالہ ہاشمی بن گئیں توجہ کا مرکز
امریکہ- ممدانی کے بعد، ہندوستانی نثزاد ڈیموکریٹ غزالہ ہاشمی بن گئیں توجہ کا مرکز

 



نیویارک: یہ صرف ہندوستانی نژاد ڈیموکریٹ امیدوار زوہران ممدانی ہی نہیں ہیں جو نیویارک سٹی کے میئرل انتخابات میں خبروں کی سرخیوں میں ہیں، بلکہ ایک اور ڈیموکریٹ، غزالہ ہاشمی، جو حیدرآباد میں پیدا ہوئیں، اس وقت امریکہ میں خاصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ وہ ریاست ورجینیا میں لیفٹیننٹ گورنر کے عہدے کے لیے امیدوار ہیں اور تازہ ترین سروے کے مطابق اپنے ریپبلکن حریف جان ریڈ پر برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔غزالہ ہاشمی محض چار برس کی عمر میں اپنی والدہ اور بھائی کے ساتھ امریکہ منتقل ہو گئی تھیں۔ وہ ورجینیا کی سیاست میں ایک جانی پہچانی شخصیت ہیں اور اس وقت ریاستی سینیٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ان کی انتخابی مہم کا مرکزی نکتہ تعلیم، صحت اور تارکینِ وطن کی نمائندگی ہے، جو ہندوستانی اور پاکستانی نژاد امریکی برادریوں دونوں میں مقبول ہو رہی ہے۔ کمیونٹی رہنماؤں کے مطابق ان کا جامع اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والا انداز جنوبی ایشیائی ووٹروں کے درمیان غیر معمولی اتحاد پیدا کر رہا ہے۔

ان کی انتخابی ویب سائٹ کے مطابق ان کی ترجیحات میں عوامی تعلیم، ووٹنگ کے حقوق، اسلحہ کے غلط استعمال کی روک تھام، ماحولیاتی تبدیلی، رہائش اور سستی صحت کی سہولتیں شامل ہیں۔ وہ جمہوریت کے استحکام کو بھی خاص اہمیت دیتی ہیں۔ ان کے انتخابی وعدے بڑی حد تک زوہران ممدانی کی نیویارک کی مہم سے ملتے جلتے ہیں۔ان کے ریپبلکن حریف جان ریڈ ایک معروف قدامت پسند ریڈیو ہوسٹ ہیں۔ واشنگٹن پوسٹ کے تازہ سروے کے مطابق، غزالہ ہاشمی کو ریڈ پر سات پوائنٹس کی برتری حاصل ہے، جو ستمبر میں چار پوائنٹس تھی۔

ان کی مہم کے ایک 30 سیکنڈ کے اشتہار “ایجوکیٹر میں ایک شخص کہتا ہے، “غزالہ نے میرے جیسے لوگوں کے لیے کام کیا، تربیتی پروگراموں میں اضافہ کیا تاکہ ہم اچھی ملازمتیں حاصل کر سکیں، چاہے ہم کالج جائیں یا نہیں۔ اس اشتہار میں ان کے تقریباً تین دہائیوں پر مشتمل تدریسی تجربے کو اجاگر کیا گیا ہے۔خود غزالہ نے ایک پوسٹ میں کہا، “ورجینیا کے مزدور جانتے ہیں کہ ان کے لیے کوئی مجھ سے زیادہ محنت نہیں کر رہا۔ بطور لیفٹیننٹ گورنر، میں اجرتوں میں اضافے، سستی صحت کی فراہمی کے تحفظ، اور ہر خاندان کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھوں گی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستانی نژاد امریکی ووٹروں کی حمایت بھی ان کے ساتھ بڑھ رہی ہے۔ ایک ووٹر فیض رحمان نے ڈان سے گفتگو میں کہا، “ان کا ہندوستانی ہونا ہمارے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔61 سالہ غزالہ ہاشمی نے جون میں ڈیموکریٹک نامزدگی جیتی، پانچ امیدواروں کو شکست دے کر۔ 2019 میں وہ ورجینیا کی سینیٹ میں منتخب ہونے والی پہلی مسلمان اور پہلی جنوبی ایشیائی امریکی بنیں۔ اگر وہ لیفٹیننٹ گورنر منتخب ہو گئیں تو یہ ایک تاریخی موقع ہوگا۔

فیئر فیکس کے رہائشی اور وائس آف امریکہ کی اردو سروس کے سابق اہلکار فیض رحمان نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکیوں کو سمجھنا چاہیے کہ اب وہ عملاً امریکی ہیں۔ پاکستان سے ان کا تعلق جذباتی ہے۔ایک دکاندار کلدیپ سنگھ نے کہا، “میں انہیں اس لیے ووٹ نہیں دوں گا کہ وہ ہندوستانی ہیں، بلکہ اس لیے کہ وہ ڈیموکریٹ ہیں — اور ڈیموکریٹس تارکینِ وطن کے لیے بہتر ہیں۔واشنگٹن میں مقیم ایک این جی او کارکن حسن نے کہا، “میں آنے والے انتخابات میں ڈیموکریٹس کو ووٹ دینے کا ارادہ رکھتا ہوں، کیونکہ غزالہ جیسی شخصیات ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ یہ ملک ان سب کا ہے جو اس کے لیے محنت کرنے کو تیار ہیں۔

غزالہ ہاشمی کے حریف کا اے آئی کے ذریعے مباحثہ

ان کے ریپبلکن حریف جان ریڈ نے غزالہ ہاشمی پر مباحثہ سے انکار کا الزام لگاتے ہوئے یوٹیوب پر ایک انوکھا قدم اٹھایا — انہوں نے 40 منٹ کا ویڈیو مباحثہ کیا جس میں غزالہ کی جگہ ان کا مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ ورژن شریک ہوا۔ ڈیموکریٹس نے اسے “بچکانہ چال قرار دیا۔

ویڈیو کا عنوان تھا “The Debate That Should Have Happened ، جس میں ایک ریکارڈ شدہ میزبان سوال کرتا ہے، ریڈ براہِ راست جواب دیتا ہے، اور غزالہ کی مصنوعی آواز جوابات دیتی ہے۔۔

ڈیموکریٹک پارٹی آف ورجینیا نے اسے “گندی سیاست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریڈ اصل مسائل کے بجائے “ڈراموں اور چالوں میں مصروف ہیں، جبکہ غزالہ کی مہم کی ترجمان ایوا پیتروزیلو نے اسے “مایوسی کی علامت کہا۔

غزالہ ہاشمی کون ہیں؟

غزالہ ہاشمی 1964 میں حیدرآباد میں پیدا ہوئیں، ان کے آبائی رشتے کراچی (پاکستان) سے بھی ہیں۔ وہ چار برس کی عمر میں اپنے خاندان کے ساتھ امریکہ منتقل ہو گئیں۔ انہوں نے جارجیا سدرن یونیورسٹی سے انگریزی میں بی اے اور ایموری یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔وہ اپنے شوہر اظہر کے ساتھ 1991 میں رچمنڈ منتقل ہوئیں، جہاں وہ اب بھی مقیم ہیں۔ سیاست میں آنے سے پہلے وہ یونیورسٹی آف رچمنڈ اور رینالڈز کمیونٹی کالج میں تقریباً تیس سال تدریس کے فرائض انجام دیتی رہیں۔انہوں نے اپنے پہلے ہی انتخاب میں ریپبلکن سینیٹر گلین سٹروونٹ کو شکست دے کر قومی سطح پر توجہ حاصل کی۔ آج ہندوستانی اور پاکستانی نژاد امریکی برادریاں ان کی تاریخی کامیابی کے منتظر ہیں، جو امریکہ میں مسلمانوں اور جنوبی ایشیائی تارکینِ وطن کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔