لکھنؤ/ آواز دی وائس
اتر پردیش میں اسپیشل اِنٹینسیو ریویژن کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ الیکشن کمیشن نے آج ڈرافٹ ووٹر لسٹ جاری کر دی ہے۔ ایس آئی آر کے بعد اتر پردیش میں کل ووٹروں کی تعداد 12 کروڑ 55 لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔ اس دوران 25 لاکھ سے زیادہ ایسے نام پائے گئے ہیں جو ایک سے زیادہ مقامات پر درج تھے۔ نئی ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں 2 کروڑ 89 لاکھ نام خارج کر دیے گئے ہیں۔
۔6 مارچ کو حتمی ووٹر لسٹ جاری ہوگی
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی کو ووٹر لسٹ میں نام شامل کرانے، حذف کرانے یا کسی قسم کی اصلاح سے متعلق کوئی اعتراض ہو تو وہ ایک ماہ کے اندر، یعنی 6 فروری تک اپنی شکایت درج کرا سکتے ہیں۔ اس کے بعد 6 مارچ کو حتمی ووٹر لسٹ جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 2 کروڑ 17 لاکھ ایسے نام ووٹر لسٹ میں شامل تھے جو اب کسی اور جگہ منتقل ہو چکے ہیں، جبکہ 46 لاکھ 23 ہزار ووٹر اب زندہ نہیں ہیں۔ اسی طرح 25 لاکھ 47 ہزار ووٹروں کے نام ایک سے زیادہ مقامات پر درج پائے گئے تھے۔