واشنگٹن ڈی سی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیتھولک چرچ اور ویٹیکن پر اپنی تنقید کو ایک نئی سطح پر پہنچا دیا ہے۔ پوپ لیو چہار دہم پر سخت تنقید کے فوراً بعد انہوں نے ایک مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جس میں خود کو ایک معجزہ انجام دیتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
یہ تصویر بائبل میں مذکور حضرت عیسیٰ کے اس معجزے کی علامت سمجھی جا رہی ہے جس میں انہوں نے لازر کو مردوں میں سے زندہ کیا تھا۔ ڈیجیٹل تصویر میں ٹرمپ کو لمبے لباس میں ملبوس دکھایا گیا ہے جہاں وہ ایک بیمار شخص پر ہاتھ رکھے ہوئے ہیں جبکہ پس منظر میں امریکی پرچم، فوجی طیارے اور فرشتوں جیسے مناظر شامل ہیں۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب ٹرمپ نے پوپ لیو چہار دہم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے پوپ کو "جرائم کے معاملے میں کمزور" اور "خارجہ پالیسی کے لیے نقصان دہ" قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ ان کے مؤقف سیاسی اثرات کے تحت ہیں۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک طویل بیان میں دعویٰ کیا کہ اگر وہ صدر منتخب نہ ہوتے تو پوپ لیو کو ویٹیکن میں اس منصب پر فائز نہ کیا جاتا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پوپ عالمی تنازعات خاص طور پر ایران سے متعلق معاملات میں نرم مؤقف رکھتے ہیں اور امریکہ کی فوجی کارروائیوں پر تنقید کرتے ہیں۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ بھاری اکثریت سے منتخب ہوئے ہیں تاکہ ملک میں قانون کی بالادستی قائم کریں اور مضبوط خارجہ پالیسی اختیار کریں۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہیں ایسا پوپ قبول نہیں جو ایران کے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے حق میں نرم رویہ رکھتا ہو یا امریکہ کی کارروائیوں کو تنقید کا نشانہ بنائے۔
ٹرمپ نے پوپ پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ وہ بائیں بازو سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے ساتھ روابط رکھتے ہیں اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ سیاست سے دور رہ کر اپنی مذہبی ذمہ داریوں پر توجہ دیں۔
بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھی ٹرمپ نے اپنی تنقید کو مزید سخت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پوپ لیو کے کام سے مطمئن نہیں ہیں اور انہیں ایسے پوپ پسند نہیں جو جرائم یا جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے نرم مؤقف رکھتے ہوں۔
یہ عوامی بیان بازی دونوں رہنماؤں کے درمیان کشیدہ تعلقات میں مزید اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ پوپ لیو چہار دہم، جو پہلے امریکی نژاد پوپ ہیں، پہلے بھی امریکی پالیسیوں اور عالمی تنازعات پر تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں اور امن و مکالمے پر زور دیتے آئے ہیں۔