افغانستان:اسکول کی 60 طالبات کو زہردیا گیا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 05-06-2023
افغانستان:اسکول کی 60 طالبات کو زہردیا گیا
افغانستان:اسکول کی 60 طالبات کو زہردیا گیا

 

کابل : افغانستان کے شمالی صوبے سر پل کے ضلع سانچارک میں پولیس کے مطابق 60 طالبات کو ان کے ا سکول میں زہر دیے جانے کے بعد ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔  سر پل کے پولیس ترجمان دین محمد نظری نے بتایا کہ ’ضلع سانچارک میں کچھ نامعلوم افراد لڑکیوں کے سکول میں داخل ہوئے اور کلاسوں کو زہر آلود کردیا، جب طالبات کلاسوں میں آئیں تو وہ اس سے متاثر ہوگئیں۔

تاہم پولیس ترجمان نے اس کی وضاحت نہیں کی کہ کس قسم کا زہر استعمال کیا گیا یا اس واقعے کے پیچھے کس کا ہاتھ تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ طالبات کو ہسپتال منتقل کردیا گیا اور ان کی حالت ٹھیک ہے جبکہ کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ اس سے قبل سر پل کے انفارمیشن اینڈ کلچر کے سربراہ عمیر سرپلی نے بی بی سی پشتو سے بات کرتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ ضلع سانچارک کے دو اسکولوں میں کچھ لڑکیوں اور اساتذہ کو زہر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک ا سکول میں 60 طالبات اور اساتذہ کو اور دوسرے اسکول میں 17 طالبات کو زہر دیا گیا اور چند متاثرہ لڑکیوں کو سر پل کے صوبائی ہسپتال لے جایا گیا۔

عمیر سرپلی نے مزید کہا کہ یہ ’کسی نیٹ ورک‘ یا کسی ’ذاتی مسئلے‘ کی وجہ سے بھی ممکن ہو سکتا ہے۔ سر پل میں طالبان کے ایک اور مقامی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا تھا کہ ’سانچارک ضلع میں اب کلان اور فیض آباد نامی دو سکولوں کی طالبات کو زہر دیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’زہر دیے جانے کی وجہ بھی معلوم نہیں ہوسکی اور جانچ کے مقصد کے لیے متعلقہ حکام علاقے میں گئے ہیں۔