افغانستان:کابل سے چار گھنٹے کی دوری پر طالبان،عوام میں خوف و دہشت

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 04-07-2021
افغانستان:عوام میں خوف و دہشت
افغانستان:عوام میں خوف و دہشت

 

 

کابل

افغانستان میں طالبان کی کارروائیوں کے دارالحکومت کابل میں موجود عوام پر بھی براہ راست اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ طالبان کے خوف کا شکار لوگ میڈیا سے بات کرنے سے گریزاں ہیں۔

واضح رہے کہ طالبان نے امریکی فوج کی چھوڑی 700 گاڑیوں اور گولہ بارود پر قبضہ کرلیا،

طالبان کے قبضے میں اس سے زائد امریکی گاڑیاں ہوسکتی ہیں، 700 سے زائد گاڑیوں کا تخمینہ ان ویڈیوز کی بنیاد پر لگایا گیا جو سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا کےمطابق طالبان نے صرف جون کے مہینے میں 715 امریکی گاڑیاں تحویل میں لیں۔

طالبان نے آرمرڈ پرسونل کیریئر گاڑیوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر ویڈیوز شیئر کردیں، ان گاڑیوں پر سوار ہو کر طالبان افغانستان کے مزید علاقوں میں اپنا اقتدار مستحکم کریں گے۔ قبضے میں لیے گئے سامان میں ہموی، ٹرکس، آرٹلری گنز اور اسالٹ رائفلز شامل ہیں۔

امریکی اور اتحادی افواج کا افغانستان سے انخلا تیزی سے جاری ہے، افغانستان میں طالبان کی کارروائیوں میں تیزی کے بعد دارالحکومت کابل پر بھی خوف کے بادل منڈلا رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اب تک افغانستان کے دارالحکومت کابل اور 34 صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ کل 372 اضلاع میں سے 110 پر طالبان نے قبضہ کر لیا ہے ، افغان فوج طالبان کی کارروائیوں کا مقابلہ تو کر رہی ہے مگر دارالحکومت کابل میں عام آدمی خوف کا شکار ہے۔

طالبان کابل سے کم و بیش 4 گھنٹے کے فاصلے پر لغمان کے علاقے میں موجود ہیں۔ دوسری جانب امریکی افواج کا انخلا تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور عالمی برادری کی طرف سے طالبان کی افغانستان میں کارروائیوں پر کوئی موثر ردعمل بھی سامنے نہیں آیا۔

(ایجنسی ان پٹ )