کابل:افغانستان میں شدید بارش نے زبردست تباہی مچا دی ہے۔ بارش کے بعد سیلاب نےعام زندگی کو ٹھپ کردیا ہے۔بارش کے بعد دور دراز علاقوں میں خراب انفرااسٹرکچر کے نتیجے میں شدید نقصان پہنچا ہے اور اطلاعات تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔صوبہ ہرات میں آنے والے طاقتور سیلاب کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک ہو گئے۔صوبے کے کئی اضلاع میں ہزاروں ایکڑ کی فصل تباہ ہو گئی جبکہ مویشیوں کا بھی نقصان ہوا۔ سب سے زیادہ متاثر ضلع ادرسکن ہوا جہاں چار بچوں اور ایک خاتون سمیت 12 افراد ہلاک ہو گئے۔
کسانوں کی ہزاروں ایکڑ پر لگی فصل اور باغات تباہ ہو گئے جبکہ سیکڑوں مویشی بھی سیلاب کی نذر ہو گئے۔صوبائی انتظامیہ نے متاثرہ اضلاع میں صورتحال پر قابو پانے اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کے لیے ایمرجنسی رسپانس کمیٹی قائم کردی ہے۔ افغانستان کی وزارت نیشنل ڈیزاسٹر کے ترجمان تمیم عاظمی نے کہا کہ ملک بھر کے مختلف صوبوں میں 405 خاندان نقل مکانی پر مجبور ہو گئے جبکہ کچھ جگہ سیلاب دریا بھر جانے کی وجہ سے آیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ شمالی صوبے ثمن گن میں 10 گاڑیاں سیلابی ریلے میں پھنس گئیں جبکہ تین افراد ہلاک بھی ہوئے۔واضح رہے کہ افغانستان کے محکمہ موسمیات نے ملک کے 34 میں سے 15 صوبوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کی پیش گوئی کی تھی اور 10 سے 30 ملی میٹر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔