افغانستان:نئی حکومت کا اعلان سنیچر تک مؤخر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 03-09-2021
حکومت سازی پھر ٹلی
حکومت سازی پھر ٹلی

 

 

کابل :افغان طالبان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ افغانستان کی نئی انتظامیہ کا اعلان ہفتے تک مؤخر کر دیا گیا ہے۔ یہ بات افغان طالبان کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان کی نئی انتظامیہ کا اعلان آج جمعے کی نماز کے بعد متوقع تھا۔بہرحال اس بات کا فیصلہ ہوچکا ہے کہ حکومت کی قیادت  ملا برادر ہی کریں گے۔

 افغانستان کی نئی انتظامیہ کی تشکیل کے سلسلے میں ملا عبدالغنی برادر، ملا یعقوب اور شیر محمد عباس ستانکزئی سمیت مختلف اہم طالبان عہدے دار و رہنما افغان دارالحکومت کابل پہنچ چکے ہیں۔

 طالبان عہدے دار کا یہ بھی کہنا ہے کہ دارالحکومت کابل میں افغانستان کی نئی حکومت کے اعلان سے متعلق تیاریاں حتمی مراحل میں ہیں۔

 غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ملا عبدالغنی برادر افغان حکومت کی سربراہی کریں گے، ملا محمد یعقوب اور شیر محمد عباس ستانکزئی کو حکومت میں اہم منصب دیئے جائیں گے۔

 طالبان رہنما ملا ہیبت اللّٰہ اخوند زادہ مذہبی معاملات اور گورننس پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔

طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ ملا برادر نئی افغان حکومت کی قیادت کریں گے۔

ایک برطانوی خبر رساں ایجنسی نے جمعے کو بتایا ہے کہ ’کم سے کم تین مختلف ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔

‘ ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان کے بانی ملا عمر کے صاحبزادے ملا محمد یعقوب اور شیر محمد عباس ستانکزئی کو بھی نئی حکومت میں اہم عہدے دیے جائیں گے۔

اس سلسلے میں کابل میں ایک میٹنگ جاری ہے ۔جس میں حکومت سازی کے تعلق سے اہم فیصلے کئے جارہے ہیں