افغان طالبان :عید کےلیے تین دن کی جنگ بندی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-05-2021
جنگی جنون کا شکار
جنگی جنون کا شکار

 

 

کابل: افغان طالبان نے عید الفطر کے موقع پر تین روزہ سیزفائر کا اعلان کردیا ہے جبکہ اس اعلان سے چند گھنٹے قبل ہی جنوبی صوبے زابل میں اتوار کی رات ہونے والے بم دھماکے میں 11 افراد ہلاک ہو گئے۔زابل میں ہونے والا حملہ طالبان کے سیز فائر کے اعلان سے چند گھنٹے قبل ہوا جس میں سڑک کنارے نصب بم کے ذریعے ایک مسافر بس کو نشانہ بنایا گیا۔

طالبان کی جانب سے سوموار کو سیز فائر کا اعلان عید کے تہوار کے موقعے پر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں افغانستان میں کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔طالبان ترجمان محمد نعیم نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا: 'اپنے ہم وطنوں کو عید الفطر پر ایک پر امن ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام مجاہدین کو اپنی کارروائیاں روکنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔' عید الفطر رواں ہفتے چاند نظر آنے پر بدھ یا جمعرات کو منائی جائے گی۔

طالبان کی جانب سے سیز فائر کا اعلان کابل کے مغربی علاقے میں ہونے والے اس حملے کے دو دن بعد سامنے آیا ہے، جس میں 68 افراد ہلاک ہو گئے تھے جن میں اکثریت طلبہ کی تھی۔ اس حملے میں 165سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ ابھی تک کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔