کورونا مہلوکین کی یاد میں امریکا میں دعائیہ تقریب

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 3 Years ago
کورونا کے زخم
کورونا کے زخم

 

 

 واشنگٹن : کورونا نے یوں تو دنیا کے ہر طول و عرض کو اپنے نرغے میں لے لیا ہے، لیکن امریکا میں اس کی شدت اور ہلاکت خیزی نسبتاً زیادہ ہے- ملک میں کورونا نے اب تک پونے تین کروڑ سے زائد افراد کو متاثرکیا ہے جن میں سے 5 لاکھ سے زیادہ لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ اب کورونا سے مرنے والوں کی یاد میں تقریب کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے- صدر جوبائیڈن کورونا سے مرنےوالوں کے لیے دعائیہ تقریب سےخطاب کریں گے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر، ان کی اہلیہ اور نائب صدر کمالا ہیرس مرنے والوں کی یاد میں منعقد کی جانے والی تقریب میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کریں گے۔ دنیا بھر میں اب تک کورونا وائرس کے باعث 11 کروڑ 19 لاکھ 96 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 27 لاکھ 78 ہزار 165 اموات بھی ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔صرف امریکا میں 5 لاکھ 11 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ دوسرا نمبر برازیل کا ہے جہاں 2 لاکھ 46 ہزار 560 اور بھارت میں اب تک ایک لاکھ 56 ہزار 418 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔