کون کرتا ہے ۔۔۔ ایک سے زیادہ شادی ؟ جانیں اعدادو شمار کی زبانی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 02-12-2025
کون کرتا ہے ۔۔۔ ایک سے زیادہ شادی ؟ جانیں اعدادو شمار کی زبانی
کون کرتا ہے ۔۔۔ ایک سے زیادہ شادی ؟ جانیں اعدادو شمار کی زبانی

 



آواز دی وائس ۔نئی دہلی 

ایک سے زیادہ شادی کے خلاف قانون سازی ایک بار پھر موضوع بحث ہے،کیونکہ  آسام میں  تعدد ازدواج ممانعت بل 2025 منظور ہوچکا ہے ،قانون بن چکا ہے ،اس بل کے مطابق اگر کوئی شخص ایک سے زیادہ شادی کرے تو اسے سزا کے طور پر سات سال تک کی سخت قید مل سکتی ہے۔ اس کے ساتھ جرمانہ بھی ہوگا۔مگر اس کے درمیان ایک اہم سوال یہ ہے کہ ملک میں ایک سے زیادہ شادی  کے سرکاری اعداد وشمار کیا ہیں ؟ خاص طور پر مسلمانوں میں کیا ہے صورتحال ؟کیوں قانون سازی ضروری ہے اور دیگر مذاہب میں اس کی کیا صورتحال ہے ؟جب اس پہلو پر نظر ڈالتے ہیں تو حقائق کچھ اور کہانی بیان کرتے ہیں ۔ کیونکہ نیشنل فیملی ہیلتھ سروے 2019کے مطابق عیسائیوں میں تعدد ازدواج کی شرح 2.1فیصد ہے۔ مسلمانوں میں 1.9فیصد ہے۔ ہندوؤں میں 1.3فیصد ہے۔ دیگر مذہبی برادریوں میں  1.6فیصد ہے۔ مجموعی طور پر تعدد ازدواج تقریباً 1.9فیصد (2005-06, NFHS-3) سے کم ہو کر 2019-21, میں 1.4 فیصد ہو گیا۔ زوال تمام مذاہب بشمول مسلمانوں میں دیکھا جا رہا ہے۔یعنی تعدد ازدواج قانونی طور پر کم از کم پرسنل لا کے تحت کی اجازت کے باوجود، اس پرعمل  بہت کم  ہوتا ہے۔حقیقت یہ ہے جبکہ عام تاثر کے برعکس ہندستان میں سب سے زیادہ تعدد ازدواج مسلمانوں میں نہیں پایا جاتا۔

اگر ہم حقائق پر نظر ڈالیں تو یہی اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ صرف بہت ہی کم مسلمان تعدد ازدواج پر عمل کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں انگلش اخبار انڈین ایکسپریس نے بھی ایک رپورٹ میں ہندستان کی کئی برادریوں میں تعدد ازدواج عام تھا۔ لیکن موجودہ اعداد و شمار کے مطابق یہ رجحان وقت کے ساتھ کم ہوتا جا رہا ہے۔  نیشنل  فیملی ہیلتھ سروے کی تازہ رپورٹ ہندستان کی مختلف برادریوں میں تعدد ازدواج کی حقیقی صورت حال واضح کرتی ہے۔ یہ اعداد و شمار اس موضوع پر پھیلی تمام غلط فہمیوں کو ختم کرتے ہیں۔

کیا ہے طریقہ کار

حکومت کے پاس تعدد ازدواج کا ڈیٹا دو ذرائع سے ملتا ہے۔ مردم شماری اور این ایف ایچ ایس۔ دونوں کی اپنی حدود ہیں۔مردم شماری براہ راست تعدد ازدواج کا ڈیٹا جمع نہیں کرتی۔ اس کی موجودگی کا اندازہ شادی شدہ مردوں اور شادی شدہ خواتین کی تعداد کے فرق سے لگایا جاتا ہے۔ اگر شادی شدہ خواتین کی تعداد زیادہ ہو تو یہ اس بات کی طرف اشارہ ہوتا ہے کہ کچھ مردوں نے ایک سے زیادہ شادیاں کی ہیں۔

مردم شماری  کے اعداد وشمار
2011 کی مردم شماری کے مطابق ہندستان میں 28.65 کروڑ شادی شدہ مرد ہیں اور 29.30 کروڑ شادی شدہ خواتین۔ ان دونوں کے درمیان 65.71 لاکھ کا فرق یا تو اس بات کی وجہ سے ہے کہ کچھ مردوں نے ایک سے زیادہ شادیاں کیں یا پھر مرد باہر کام کے لئے گئے ہوئے ہیں۔شادی شدہ مردوں اور خواتین کے درمیان سب سے زیادہ فرق ہندو برادری میں پایا جاتا ہے۔ اس کے بعد مسلمان سکھ عیسائی اور بدھ مت کی برادریاں آتی ہیں۔ لیکن جب اس فرق کو آبادی میں ان برادریوں کے تناسب کے ساتھ دیکھا جاتا ہے تو مسلمان اور عیسائی برادری میں یہ فرق زیادہ نظر آتا ہے۔

نیشنل فیملی ہیلتھ سروے کے مطابق ۔۔۔
این ایف ایچ ایس فائیو کے مطابق تعدد ازدواج کی شرح سب سے زیادہ عیسائیوں میں 2.1 فیصد ہے۔ پھر مسلمانوں میں 1.9 فیصد۔ اور ہندوؤں میں 1.3 فیصد۔ شیڈیولڈ ٹرائب میں یہ شرح کل ملا کر 2.4 فیصد ہے۔
2022
میں آئی آئی پی ایس کی ایک تحقیق نے این ایف ایچ ایس تھری این ایف ایچ ایس فور اور این ایف ایچ ایس فائیو کا جائزہ لیا۔ اس تحقیق نے بتایا کہ ہندستان میں ایک مرد کی ایک سے زیادہ بیویوں کے رجحان میں کمی آ رہی ہے۔ 2005-06 میں یہ شرح 1.9 فیصد تھی جو 2019-21 میں 1.4 فیصد رہ گئی۔
بدھ مت کے ماننے والوں میں 2005-06 میں تعدد ازدواج کی شرح 3.8 فیصد تھی۔ اس میں 65 فیصد سے زیادہ کمی ہوئی ہے اور 2019-21 میں یہ شرح 1.3 فیصد رہ گئی۔ مجموعی طور پر ملک میں تعدد ازدواج کی شرح میں تقریباً 26 فیصد کمی آئی ہے۔

نیشنل فیملی ہیلتھ سروے کی رپورٹ ہندستان کی مختلف برادریوں میں تعدد ازدواج کی حقیقی صورت حال واضح کرتی ہے۔ یہ اعداد و شمار اس موضوع پر پھیلی تمام غلط فہمیوں کو ختم کرتے ہیں۔دوہزار انیس بیس کی این ایف ایچ ایس کے مطابق تعدد ازدواج مختلف مذہبی گروہوں میں موجود ہے مگر اس کی شرح ہر جگہ یکساں نہیں ہے۔

ممبئی کے انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پاپولیشن اسٹڈیز کی تحقیق یہ بتاتی ہے کہ ہندستان میں ایک سے زیادہ شادیوں کا رواج مجموعی طور پر کم ہو رہا ہے اور اس پر سماجی اور معاشی حالات کا بھی گہرا اثر ہے۔

رجحان میں کمی

اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ صرف بہت ہی کم مسلمان تعدد ازدواج پر عمل کرتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ عام تاثر کے برعکس ہندستان میں سب سے زیادہ تعدد ازدواج مسلمانوں میں نہیں پایا جاتا۔فلاویا اگنیس نے انڈین ایکسپریس میں لکھا ہے کہ لاء کمیشن کی یونیفارم سول کوڈ پر رپورٹ یہ واضح کرتی ہے کہ اگرچہ اسلام میں تعدد ازدواج کی اجازت ہے مگر ہندستانی مسلمانوں میں  اس پر بہت کم عمل ہوتا ہے۔ دوسری طرف دوسرے مذاہب کے کچھ افراد اس اجازت کا غلط استعمال کرتے ہیں اور صرف دوسری شادی کے لئے مسلمان ہو جاتے ہیں۔انڈین ایکسپریس کے مطابق ہندستان کی کئی برادریوں میں تعدد ازدواج عام تھا۔ لیکن موجودہ اعداد و شمار کے مطابق یہ رجحان وقت کے ساتھ کم ہوتا جا رہا ہے۔

شمال مشرقی ریاستیں

تعدد ازدواج کی شرح  شمال مشرقی ریاستوں میگھالیہ اور تریپورہ میں یہ شرح زیادہ ہے۔ میگھالیہ میں 6.1 فیصد اور تریپورہ میں 2 فیصد۔ بہار جھارکھنڈ مغربی بنگال اور اوڈیشہ میں بھی یہ رجحان شمالی ریاستوں کے مقابلے میں زیادہ پایا جاتا ہے۔ شیڈیولڈ ٹرائب میں تعدد ازدواج کی شرح سب سے زیادہ دیکھی گئی ہے مگر اس میں بھی مسلسل کمی آ رہی ہے۔ 2005-06 میں یہ شرح تین اعشاریہ ایک فیصد تھی جو 2019-20 میں کم ہو کر ایک اعشاریہ پانچ فیصد رہ گئی۔

معاشی اور تعلیمی پہلو

دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک تحقیق یہ بھی بتاتی ہے کہ تعدد ازدواج زیادہ تر ان خواتین میں پایا جاتا ہے جو معاشی طور پر کمزور ہیں۔ تعلیم میں کمزور ہیں۔ دیہی علاقوں میں رہتی ہیں اور عمر میں بڑی ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مذہب اور خطے کے ساتھ ساتھ سماجی اور معاشی حالات بھی اس رجحان کو بڑھاتے ہیں۔مجموعی طور پر دیکھا جائے تو اقتصادی حالات اور تعلیمی سطح اس رجحان کو سب سے زیادہ متاثر کرتی ہے۔ جہاں معاشی کمزوری اور تعلیمی کمی ہو وہاں تعدد ازدواج کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

 این ایف ایچ ایس کے اعداد و شمار ہندستان میں تعدد ازدواج کی ایک جامع اور واضح تصویر پیش کرتے ہیں۔ یہ مختلف مذہبی برادریوں میں اس کے وجود کو دکھاتے ہیں اور مجموعی طور پر اس رجحان کے مسلسل کم ہونے کو بھی واضح کرتے ہیں۔ سماجی اور معاشی پس منظر علاقائی فرق اور مذہبی شناخت سب مل کر اس رجحان کی شکل بناتے ہیں۔

کیا ہے آسام تعدد ازدواج ممانعت بل 2025

اس بل کے مطابق اگر کوئی شخص ایک سے زیادہ شادی کرے تو اسے سزا کے طور پر سات سال تک کی سخت قید مل سکتی ہے۔ اس کے ساتھ جرمانہ بھی ہوگا۔متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ایک ریاستی ریلیف فنڈ قائم کیا جائے گا۔ اس فنڈ سے متاثرین کو مالی سہولت فراہم کی جائے گی۔یہ قانون پورے آسام میں نافذ ہوا۔ البتہ چھٹی شیڈول کے تحت چلنے والے خودمختار علاقوں میں اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔یہ بل آرٹیکل 44 سے قوت لیتا ہے جس میں یکساں سول کوڈ کی بات کی گئی ہے۔ اسی طرح آرٹیکل 15(3) بھی ریاست کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ خواتین کے لیے خصوصی انتظامات کر سکے۔اس قانون کے تحت درج مقدمات قابل دست اندازی پولیس ہوں گے اور ضمانت نہیں دی جائے گی۔ کارروائی آئی پی سی کی دفعات 494 اور 495 کے تحت ہوگی۔

مختلف مذاہب میں تعدد ازدواج سے متعلق قانونی احکام

ہندو بدھ مت جین اور سکھ برادری کے لیے 1955 کے ہندو میرج ایکٹ کی دفعہ 5 کے تحت ایک سے زیادہ شادی کی اجازت نہیں ہے۔ شریک حیات کی زندگی میں دوسری شادی دفعہ 11 کے مطابق باطل ہے۔ اس پر دفعہ 494 آئی پی سی کے تحت سزا دی جاتی ہے۔عیسائی برادری کے لیے 1872 کے انڈین کرسچن میرج ایکٹ کے تحت تعدد ازدواج ممنوع ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے۔پارسی برادری کے لیے 1936 کا پارسی میرج اینڈ ڈائیورس ایکٹ صرف ایک زوجیت کو تسلیم کرتا ہے۔ تعدد ازدواج کی اجازت نہیں ہے۔مسلمانوں کے لیے 1937 کے مسلم پرسنل لا شریعت اپلیکیشن ایکٹ کے تحت چار تک بیویوں کی اجازت ہے۔ تاہم اس کے لیے انصاف اور برابری کی شرط لازم ہے۔