زلف کوزنجیربنائیں۔ بالوں کی خوبصورتی کے لئے دیسی نسخےاپنائیں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 26-08-2021
زلف کوزنجیربنائیں
زلف کوزنجیربنائیں

 

 

اپنے بالوں کو نظر انداز کرنا اپنے چہرے کی خوبصورتی کو کم کرنا ہے ۔خوبصورت اور مضبوط بال آپ کی شخصیت کو نکھارتے ہیں ۔لوگ اپنے بالوں کو خوبصورت بنانے کے لئے کیاکیا نہیں کرتے ۔بازار سے مہنگے مہنگے شیمپو خریدتے ہیں یا پھر بیوٹی پارلر(سیلون) کارخ کرتے ہیں ۔تھوڑی سی کوشش سے آپ با آسانی گھر پر ہی بالوں کو نرم وملائم چمکدار بنا سکتی ہیں ۔

بالوں کی خوبصورتی کے لئے انڈہ مفید ہے ۔انڈے میں کافی سارا پروٹین،معدنیات اور بایوٹن ہوتاہے ،جوبالوں کے لئے ضروری ہے ۔انڈے کے شیمپو سے بال چمکدار،نرم وملائم اور مضبوط ہو جاتے ہیں ۔انڈے کے ساتھ اور بھی کئی اجزاء ملائے جا سکتے ہیں ،جس سے بال دوبارہ بہتر ہونے لگتے ہیں ۔آئیے جانتے ہیں انڈے سے شیمپو بنانے کے چند طریقے ۔

انڈے اور زیتون کے تیل کا شیمپو

اس شیمپو کو بنانے کے لئے ایک انڈا،ایک چائے کا چمچ زیتون کا تیل،ایک چائے کا چمچ لیموں کا رس ۔ اجزاء کو ایک ساتھ مکس کرکے آدھا کپ پانی میں ملائیے پھر اس کا استعمال کریں۔

انڈے اور ایلو ویرا شیمپو

یہ شیمپو خشکی اور فنگل انفیکشن کے لئے مفید ہے ،اس سے بال مضبوط بنیں گے اور ٹوٹیں گے نہیں ،اسے بنانے کے لئے ایک پیالے میں ایک انڈا،ایک چائے کا چمچ ایلو ویرا جوس اور دو چمچ شیمپو مکس کریں اور سر پر لگائیں۔

بادام کے تیل ،شہد اور انڈے کا شیمپو

ایک چمچ بادام کا تیل ،دو چمچ شیمپو،ایک چائے کا چمچ عرق گلاب اور ایک انڈے کو مکس کریں،آپ چاہیں تو اس میں آدھا کپ پانی بھی مکس کر سکتی ہیں ۔ اسے لگانے سے بالوں میں چمک آجائے گی۔

انڈے ،دہی اور اولیو آئل شیمپو

دہی سے بالوں کی خشکی دور ہوتی ہے ۔دوچمچ اولیو آئل میں ایک چوتھائی کپ دہی،دو چمچ شیمپو اور ایک انڈے کو مکس کریں ۔اسے بالوں میں لگائیں۔

انڈے ،لیموں اور آملہ کا شیمپو

ایک انڈا،ایک ٹی اسپون آملہ پاؤڈر کو ایک چوتھائی کپ عرق لیموں میں ملا کر تھوڑا سا گرم پانی مکس کریں ۔ اسے استعمال کریں اور مضبوط اور چمکداربال پائیں۔

انڈے ،پیپر منٹ تیل اور حنا

ایک چمچ پیپر منٹ تیل،ایک انڈا اور ایک چمچ شیمپو ساتھ میں مکس کریں ،پھر اس میں آدھا کپ گرم پانی ملائیے،یہ ایک اچھا کنڈیشنر ہے۔

انڈے ،گلیسرین اور عرق گلاب

اگر آپ کے بال خشک ہیں تو دو چمچ،گلیسرین،دو چمچ عرق گلاب ،تھوڑا سا گرم پانی اور ایک انڈے کو مکس کریں ۔ اس پیسٹ کو اچھی طرح سے سر پر لگائیں پھر سردھولیں۔ایک انڈے کو پھینٹ لیں اور اسے سر کی جلد پر لگائیں اگر آپ کے بال گھنے ہیں تو دو انڈے بھی لے سکتی ہیں ۔ایک گھنٹے کے لئے انڈا بالوں میں لگا رہنے دیں ،سر پر پلاسٹک کی تھیلی چڑھالیں پھر مائلڈ شیمپوسے سردھولیں۔

بالوں کی دیکھ بھال

ایسی غذا، تازہ پھل اور سبزیاں زیادہ مقدار میں کھائیں جن میں پروٹین (لحمیات) ہوں۔ تلی ہوئی نشاستے دار اور میٹھی غذاؤں کو کھانا کم کردیں۔دو مونہے بالوں سے چھٹکارا پانے اور بالوں کو اسٹائل دینے کے لئے چار یا پانچ ہفتوں کے بعد بالوں کو تھوڑا سا ترشوائیں۔(ٹرم کروائیں)نائیلون کا نرم برش یا کنگھی کا ستعمال کریں ۔

الاسٹک بینڈ کا استعمال نہ کریں بلکہ اس کی بجائے ڈھانپنے والی چیزیں جیسے جھالر،لیس وغیرہ کا استعمال کریں۔ جب بال گیلے ہوں تو اس میں برش نہ کریں اس کی بجائے ایک نرم نوکوں والے کھلے دندانوں والی کنگھی کا استعمال کریں۔

مالش کے ذریعے بالوں کی جڑوں میں دوران خون کو زیادہ کریں ۔ہفتے میں کم از کم ایک مرتبہ مالش ضرور کریں ۔لیکن چکنے بالوں والوں کے لئے مالش تجویز نہیں کی جاتی ۔اپنے بالوں کو دھوپ کی تمازت سے بچانے کے لئے سر کو دو پٹے یا اسکارف سے ڈھانپیں۔