مردگندھا دکشت
"اگر دل میں عزم ہو تو دنیا کی کوئی بھی چوٹی سر کرنا ناممکن نہیں ہوتا۔" یہ بات ہم اکثر سنتے یا پڑھتے ہیں۔ لیکن صرف 26 سال کی ایک نوجوان لڑکی نے اسے حقیقت میں بدل کر دکھا دیا ہے۔ کینسر جیسے جان لیوا مرض سے مقابلہ کرتے ہوئے اس نے مہاراشٹر کی سب سے بلند چوٹی پر اپنا پرچم لہرا دیا۔ موت کے منہ سے واپس لوٹنے والی تاس گاؤں کی نیہاپروین غوث عطار نامی اس بہادر خاتون نے نہ صرف "کلسوبائی" چوٹی بلکہ ایشیا کی دوسری سب سے بڑی "ساندھن وادی" کو بھی سر کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔
کینسر کا چیلنج اور اندھیرے سے روشنی کی طرف سفر
نیہاگھر کی سب سے چھوٹی اولاد ہے۔ اس کا ایک بڑا بھائی ہے۔ اس کی پوری تعلیم انگریزی ذریعہ تعلیم سے ہوئی ہے اور اس نے ایم اے اور بی ایڈ تک تعلیم حاصل کی ہے۔ تاس گاؤں میں ایک دو سال تدریس کے شعبے میں کام کرنے کے بعد صرف 26 سال کی عمر میں اس کی زندگی اچانک رک سی گئی۔ اسے معلوم ہوا کہ وہ کینسر میں مبتلا ہے اور گویا اس کی دنیا ہی تھم گئی۔
اس آزمائش بھرے دور کو یاد کرتے ہوئے نیہاکہتی ہے۔ وہ وقت جسمانی اور ذہنی اعتبار سے بے حد مشکل تھا۔ مجھے معلوم نہیں تھا کہ میں اس سے زندہ باہر نکل بھی سکوں گی یا نہیں۔ لیکن اسی وقت میرے اندر ایک عزم پیدا ہوا کہ اب مجھے دوبارہ نئے سرے سے زندگی شروع کرنی ہے۔"اس جدوجہد میں اس کی والدہ ایک مضبوط پہاڑ کی طرح اس کے ساتھ کھڑی رہیں۔ مسلم معاشرے میں لڑکیوں کو ملنے والی محدود آزادی کے دائرے سے نکل کر نیہانے اپنی تعلیم مکمل کی اور اپنی راہ خود منتخب کی۔وہ کہتی ہے۔
اگر میری کامیابی کی داستان میں سب سے پہلے کسی کا نام لینا ہو تو وہ میری والدہ ہیں۔ جب کوئی میرے ساتھ نہیں تھا تو انہوں نے میرا حوصلہ بڑھایا اور مجھے یہاں تک پہنچایا۔ یہ سال ہمارے لیے بے حد آزمائشوں سے بھرا ہوا تھا۔ کینسر سے لڑتے ہوئے میں نے اپنی پیاری دادی کو بھی کھو دیا۔ لیکن ان تمام حالات سے سنبھل کر آج میں اس چوٹی تک پہنچ سکی ہوں۔
ٹریکنگ کا غیر متوقع آغاز
اصل میں نیہاکا ٹریکنگ سے کوئی تعلق نہیں تھا اور نہ ہی اس نے کبھی پہاڑوں کی چوٹیاں سر کرنے کا خواب دیکھا تھا۔ کینسر کے علاج کے دوران جب اس کی ریڈی ایشن تھراپی جاری تھی تو اس کی ایک رشتہ دار بہن نے اسے "بھرمَنتی ایکسپلوررز اینڈ ٹریکرز" نامی واٹس ایپ گروپ میں شامل کر دیا۔ابتدا میں وہ کسی بھی ٹریک پر نہیں گئی۔ لیکن گروپ میں شیئر ہونے والی قدرتی مناظر کی تصاویر اور لوگوں کے دلچسپ تجربات پڑھ کر اس کے دل میں خیال آیا کہ اگر پرانی باتوں کو بھلا کر زندگی کا نیا آغاز کرنا ہے تو اس سے بہتر راستہ شاید کوئی نہیں۔تقریباً ڈیڑھ سال کی طویل بیماری کے بعد وہ پہلی بار گھر سے باہر نکلی تو بھودرگڑ اور تماشا کا کھڑک کے ایک مختصر ٹریک کے لیے۔وہ کہتی ہے۔اس سفر پر جا کر مجھے واقعی بہت تازگی محسوس ہوئی۔ وہاں میری ملاقات نئے لوگوں سے ہوئی۔ وہ مجھے کسی پیمانے پر نہیں تول رہے تھے۔ انہیں معلوم ہی نہیں تھا کہ میں بیمار ہوں۔ دراصل مجھے کسی کی ہمدردی نہیں چاہیے تھی اور وہاں میں سب کی طرح ایک عام انسان کی طرح زندگی گزار سکتی تھی۔درحقیقت یہیں سے اس کا فطرت اور خود اپنی ذات سے نیا تعلق قائم ہوا۔
آئی سی یو کے بستر پر ہم اپنی مرضی سے نہیں گئے تھے لیکن کلسوبائی پر.
آخرکار نیہانے "مہاراشٹر کے ایورسٹ" کہلانے والی اور سطح سمندر سے 1646 میٹر بلند کلسوبائی چوٹی سر کرنے کا فیصلہ کیا۔کینسر کے علاج کے باعث اس کی خوراک پر اب بھی کئی پابندیاں ہیں۔ وہ مصالحے دار غذا نہیں کھا سکتی اور اس کے لیے الگ کھانا تیار کرنا پڑتا ہے۔ انہی وجوہات کی بنا پر گھر والوں کو فکر تھی کہ آیا وہ یہ ٹریک مکمل کر سکے گی یا نہیں۔ لیکن نیہاکا ارادہ فولاد کی طرح مضبوط تھا۔
اس سفر کے بارے میں اس کا نظریہ حیران کن ہے۔
وہ کہتی ہے۔"اس ٹریک میں مجھے کوئی خاص جدوجہد نہیں کرنی پڑی۔ کینسر سے لڑتے ہوئے میں نے جتنا بڑا مقابلہ کیا ہے اس کے سامنے یہ کچھ بھی نہیں تھا۔ میرا صرف ایک واضح خیال تھا کہ آئی سی یو کے بستر پر تو ہم اپنی مرضی سے نہیں گئے تھے۔ لیکن کلسوبائی پر ہم اپنی مرضی سے جا رہے ہیں۔ پھر اپنی پسند سے منتخب کی ہوئی چیز کو تو ہم آسانی سے مکمل کر سکتے ہیں۔"
قدرت کا حیرت انگیز حسن اور جگنوؤں بھری رات
23 مئی 2026 کی صبح دو بجے اس مہم کا آغاز ہوا۔ راستے میں گھنا دھندلا پن۔ ٹھنڈی ہوائیں اور شدید سردی تھی۔ اس سے ایک رات پہلے انہوں نے جگنوؤں کا جو دلکش منظر دیکھا وہ نیہاکے لیے کسی خواب سے کم نہیں تھا۔
وہ کہتی ہیں ۔۔۔ ہندی فلموں کے گانوں میں جیسے سبز جگنو چمکتے ہوئے دکھاتے ہیں مجھے ہمیشہ لگتا تھا کہ وہ سب کمپیوٹر سے تیار کردہ منظر ہوتا ہے۔ لیکن جب میں نے اپنی آنکھوں سے فطرت کی وہ روشنیاں دیکھیں تو میں حیران رہ گئی۔"
کلسوبائی کی چوٹی سے طلوع ہوتے سورج کو دیکھتے ہوئے نیہاکو یوں محسوس ہوا جیسے اس کی زندگی کو نیا مفہوم مل گیا ہو۔وہ کہتی ہے۔کینسر کے بعد کی زندگی زیادہ خوبصورت ہے۔ مجھے محسوس ہوا کہ کینسر ہونا ایک لحاظ سے برا نہیں تھا بلکہ میرے فائدے کے لیے تھا۔ اسی بیماری نے مجھے بتایا کہ میں اندر سے کتنی مضبوط ہوں۔
نیہانے صرف کلسوبائی ہی نہیں بلکہ ایشیا کی دوسری سب سے بڑی اور گہری ساندھن وادی کو بھی کامیابی سے عبور کیا۔ بلند چٹانوں اور تنگ پتھریلے راستوں سے گزرتے ہوئے اس نے رسیوں کی مدد سے اس سنسنی خیز مہم کو مکمل کیا۔سانگلی کی ٹیم کا مضبوط تعاونیہ پوری مہم سانگلی کی "بھرمَنتی ایکسپلوررز اینڈ ٹریکرز" تنظیم کی جانب سے سدرشن چورگے کی قیادت میں منعقد کی گئی تھی۔سدرشن سر کے ان الفاظ نے نیہاکو بہت حوصلہ دیا۔آپ یہ ضرور کر لیں گی۔ آپ بہت مضبوط ہیں۔اس مہم میں 14 خواتین۔ 3 طلبہ اور 7 مرد شریک تھے۔ اس سفر کے ذریعے "پلاسٹک سے پاک سیاحت" کا اہم سماجی پیغام بھی دیا گیا۔
نئی زندگی کا آغاز
نیہاعطار کہتی ہیں کہ مہاراشٹر کی اس بلند ترین چوٹی کو سر کرتے وقت میرے دل میں جو جذبات تھے انہیں بیان کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں تھے۔ یہ ٹریک میرے لیے نئی زندگی اور نئے عزم کا آغاز تھا۔ وہاں سے نظر آنے والا منظر میں نے پوری شدت سے محسوس کیا۔ زندگی صرف ایک بار ملتی ہے اس لیے اسے بھرپور انداز میں جینا چاہیے۔نیہاعطار کا یہ سادہ مگر مؤثر پیغام ہر انسان کو زندگی جینے کا نیا حوصلہ دیتا ہے۔کینسر جس زندگی کو اس سے چھین لینا چاہتا تھا نیہانے نہ صرف اسے واپس حاصل کیا بلکہ اسی زندگی کو آج کلسوبائی کی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔