شیخ نسرین مالیگاؤں کی میئر اور شان الہند ڈپٹی میئر منتخب

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 12-02-2026
شیخ نسرین مالیگاؤں کی میئر اور شان الہند ڈپٹی میئر منتخب
شیخ نسرین مالیگاؤں کی میئر اور شان الہند ڈپٹی میئر منتخب

 



ممبئی:مہاراشٹر کے ضلع ناسک کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں اسلام پارٹی کی شیخ نسرین خالد پہلی خاتون میئر منتخب ہوئی ہیں جبکہ سماجوادی پارٹی کی کارپوریٹر شان ہند نہال احمد ڈپٹی میئر منتخب ہوئی ہیں۔ دونوں خواتین کا انتخاب کارپوریشن کے اراکین نے کیا۔84 رکنی مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں اسلام پارٹی اور سماجوادی پارٹی نے مل کر مالیگاؤں سیکولر فرنٹ قائم کیا ہے۔

میئر کے انتخاب میں شیخ نسرین خالد کو 43 ووٹ ملے۔ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیوسینا کو اس انتخاب میں بڑا دھچکا لگا۔ مرکز اور ریاست میں اقتدار کی شراکت دار بی جے پی نے ووٹنگ میں حصہ نہ لے کر غیر جانبدار رہنے کا فیصلہ کیا۔

شندے گروپ کی امیدوار لتا گھوڑکے کو صرف 18 ووٹ ملے۔ اے آئی ایم آئی ایم کے 21 اور بی جے پی کے 2 کارپوریٹروں نے ووٹنگ کا بائیکاٹ کیا۔ مقابلہ براہ راست تھا کیونکہ دیگر تمام امیدواروں نے اپنے کاغذات واپس لے لئے تھے۔ڈپٹی میئر کے انتخاب میں سماجوادی پارٹی کی شان ہند نہال احمد نے شیوسینا شندے گروپ کے امیدوار ایڈوکیٹ نلیش کاکاڑے کو شکست دی۔ نہال احمد کو 43 ووٹ ملے جبکہ نلیش کاکاڑے کو 18 ووٹ حاصل ہوئے۔ اس انتخاب میں بھی ایم آئی ایم اور بی جے پی نے ووٹنگ سے دوری اختیار کی۔

15 جنوری کو مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے انتخابات ہوئے تھے۔ ان نتائج میں اسلام پارٹی 35 نشستیں جیت کر سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری۔ سابق رکن اسمبلی شیخ آصف شیخ رشید نے گزشتہ اسمبلی انتخابات کے دوران شرد پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی چھوڑ کر اسلام نامی نئی سیاسی جماعت قائم کی تھی۔ابتدا میں اس جماعت کو مختلف سطحوں پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔چند ہی مہینوں میں شیخ آصف نے میونسپل کارپوریشن پر اپنی مضبوط گرفت قائم کر لی۔

نو منتخب میئر شیخ نسرین سیاسی پس منظر رکھنے والے خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔ وہ سابق رکن اسمبلی آصف شیخ کے بھائی شیخ خالد کی اہلیہ ہیں۔ اسد الدین اویسی نے کہا تھا کہ ممبئی کو برقع پوش میئر ملے گا لیکن اسلام پارٹی نے یہ تجربہ مالیگاؤں میں کامیاب کر دکھایا۔ شیخ نسرین کے انتخاب نے ایک بار پھر مالیگاؤں کی سیاست میں شیخ رشید خاندان کے اثر کو ثابت کیا ہے۔شیخ رشید اور ان کا خاندان کئی دہائیوں سے مالیگاؤں کی سیاست میں اثر انداز رہا ہے۔ شیخ نسرین رشید خاندان کی تیسری شخصیت ہیں جو میئر بنیں۔ اس سے پہلے شیخ رشید اور ان کی اہلیہ طاہرہ رشید بھی میئر رہ چکے ہیں۔

سال 2022 میں شیخ رشید اپنے خاندان کے ساتھ کانگریس چھوڑ کر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے تھے جس کے بعد مالیگاؤں میں کانگریس کا وجود ختم ہو گیا تھا۔ بعد میں نیشنلسٹ پارٹی میں تقسیم کے بعد آصف شیخ نے اسلام پارٹی قائم کی اور پہلی ہی کوشش میں میونسپل کارپوریشن پر غلبہ حاصل کر لیا۔