کنجنگاڈ- کیرالہ
یہ ایک 47 سالہ خاتون کی کہانی ہے جنہوں نے پہلی ہی کوشش میں نیٹ امتحان پاس کر لیا جبکہ ان سے آدھی عمر کے بہت سے نوجوان کئی بار امتحان دے کر بھی کامیابی حاصل نہیں کر پاتے۔ یہ ہیں کیرالا کے کنجنگاڈ کی جوانا پی جو واقعی ان سب لوگوں کے لیے تحریک کا ذریعہ ہیں جو یہ سمجھتے ہیں کہ اپنے خوابوں کے پیچھے دوڑنے کے لیے وہ بہت عمر رسیدہ ہو چکے ہیں۔
وہ کہتی ہیں کہ وہ صرف اپنے نام کے آگے ڈاکٹر لکھا دیکھنا چاہتی ہیں اور یہ سب وہ صرف اپنے والد کی خواہش پوری کرنے کے لیے کرنا چاہتی ہیں۔ جوانا بتاتی ہیں کہ ان کے والد عبدالرزاق کی شدید خواہش تھی کہ ان کی دونوں بیٹیاں ڈاکٹر بنیں حالانکہ وہ خود بینکر تھے۔ سچ یہ ہے کہ ڈاکٹر بننا کبھی ان کا اپنا خواب نہیں تھا اسکول کے زمانے میں وہ تو استاد بننے کا خواب دیکھتی تھیں اور پڑھائی بھی اسی جذبے سے کرتی تھیں۔
شاید آرام دہ زندگی کی وجہ سے ان کے دل میں کوئی خاص خواہش ہی پیدا نہ ہوئی وہ اسکول اور کالج کی زندگی خوشی سے گزارتی رہیں۔ میڈیکل انٹریس امتحان کو انہوں نے کبھی سنجیدگی سے نہیں لیا اس لیے داخلہ بھی نہ مل سکا اور والد کا خواب ادھورا رہ گیا۔ زولوجی میں گریجویشن کے بعد انہیں منگلور کے کے ایم سی میں میڈیکل فارماکولوجی میں ماسٹرز کے لیے میرٹ پر داخلہ ملا اور وہیں سے وہ اپنے والد کے خواب کے قریب پہنچیں۔
.webp)
مگر تیسرے سمسٹر میں اچانک ان کے والد کا انتقال ہو گیا۔ وہ والد کے بہت قریب تھیں اس لیے ان کی دنیا ہی بکھر گئی۔ وہ امتحان نہ دے سکیں اور شدید افسردگی میں چلی گئیں۔ اسی سال اکتوبر میں ان کی شادی ڈاکٹر عبداللہ سے ہوئی۔ شادی سے پہلے ہی انہوں نے شوہر سے پوچھ لیا تھا کہ اگر وہ تعلیم چھوڑ دیں تو کیا انہیں اعتراض ہوگا۔ ان کے شوہر نے خوشی سے کہا کہ وہ جیسے چاہیں رہیں۔
والد کے بغیر وہ دوبارہ اپنے کالج نہیں جا پاتی تھیں ان کے لیے وہاں جانا بہت تکلیف دہ تھا اس لیے تعلیم رُک گئی۔ شادی کے بعد وہ گھریلو زندگی میں مشغول ہو گئیں اور چار بچوں کی پرورش میں وقت گزارتی رہیں۔ وقت گزرتے گزرتے جب بچے بڑے ہو گئے تو وہ خود کو خالی محسوس کرنے لگیں اسی دوران انہوں نے مختلف جگہوں کے سفر شروع کیے۔
ایک دن شوہر نے پوچھا کیا وہ دوبارہ پڑھائی کرنا چاہیں گی وہ جانتے تھے کہ ان کے والد کا خواب بیٹی کو ڈاکٹر بنانا تھا۔ جوانا کہتی ہیں کہ ان کے شوہر نے انہیں پڑھائی کے لیے پوری طرح حوصلہ دیا۔ جب ان کی بیٹی مریم تروننت پورم میڈیکل کالج میں داخل ہوئیں تو انہیں بہت فخر محسوس ہوا۔ دونوں بیٹے بھی میڈیکل میں آگئے اور چوتھا ابھی اسکول میں ہے۔
.webp)
جب بچوں نے میڈیکل شروع کیا تب انہیں اندازہ ہوا کہ ان کے والد انہیں ڈاکٹر بنتے دیکھ کر کتنے خوش ہوتے۔ والد نے کبھی زبردستی نہیں کی مگر ان کا خواب یہی تھا۔ انہوں نے انہیں آل انڈیا میڈیکل انٹریس کے لیے تروننت پورم بھی لے کر گئے تھے مگر تب وہ سنجیدہ نہ تھیں۔ اب جب وہ دنیا میں نہیں ہیں تو انہیں محسوس ہوا کہ چاہے دیر سے سہی اپنے والد کا خواب ضرور پورا کرنا چاہیے۔
جب حکومت نے 2020 میں نیٹ کی عمر کی حد ختم کی تو وہ امتحان دینے کے قابل تھیں مگر بچوں کی تیاری متاثر نہ ہو اس لیے امتحان نہ دیا۔ گھر میں پڑھائی کا سامان بہت تھا۔ آخر کار جب تیسرے بیٹے نے میڈیکل میں داخلہ لیا تو انہوں نے فیصلہ کیا کہ اب وقت آگیا ہے۔ شوہر نے ان کے لیے پڑھنے کی جگہ بنائی سب کتابیں اور مواد رکھا اور کہا اب آپ کا صرف ایک کام ہے پڑھائی۔
فارم بھی شوہر نے خود بھرا اور ہنستے ہوئے کہا اب میں سب کچھ کر رہا ہوں تو تمہیں امتحان پاس کرنا ہی ہوگا۔ امتحان سے دو دن پہلے انہوں نے یوٹیوب پر نیٹ سے متعلق بہت ویڈیوز دیکھیں۔ امتحان کے دن قطار میں بچے انہیں دیکھ کر پوچھتے کیا آپ ٹیچر ہیں تو وہ مسکرا کر کہتی نہیں میں بھی آپ کی طرح امتحان دینے آئی ہوں۔ سب ان کی عمر دیکھ کر حیران تھے۔ واچ مین سے لے کر امتحان لینے والوں تک سب نے ان کا ایڈمٹ کارڈ کئی بار چیک کیا کیونکہ آج کل بڑوں کے بچوں کی جگہ امتحان دینے کے واقعات سامنے آتے ہیں اور وہ برقع بھی پہنتی ہیں اس لیے سب حیران تھے۔
جب نتیجے کا دن آیا تو وہ بالکل پریشان نہیں تھیں۔ شوہر نے نتیجہ دیکھا اور خوشی سے بتایا کہ وہ پاس ہو گئی ہیں۔ انہیں خوشی تھی کہ 47 سال کی عمر میں پہلی کوشش میں کامیاب ہو گئیں۔ وہ گھر کے قریب کسی کالج میں بی ڈی ایس کرنا چاہتی ہیں۔ شوہر چاہتے ہیں کہ وہ ایم بی بی ایس کر کے گائنی میں اسپیشلائز کریں مگر وہ صرف اپنے والد کا خواب پورا کرنا چاہتی ہیں۔
جب اخبارات نے ان سے بات کرنا چاہی تو انہیں عجیب لگا مگر جب لوگوں نے بتایا کہ ان کی کہانی بہت متاثر کن ہے تو انہیں احساس ہوا کہ اگر ان کی داستان کسی عورت کو خواب پورا کرنے کا حوصلہ دے سکتی ہے تو یہ بہت بڑی بات ہے۔ خصوصاً یہ کہ وہ ایک برقع پوش مسلم خاتون ہیں اس لیے لوگوں کے لیے ان کی جدوجہد مزید دل چسپ ہے۔
اب لوگ انہیں راستے میں روک کر تعریف کرتے ہیں ان کے ساتھ تصویریں لیتے ہیں حتیٰ کہ ایک بار ہائی وے پر چائے پینے رکی تھیں تو ماں بیٹی نے آکر کہا کہ وہ ان کے لیے تحریک ہیں۔ ایک رشتے دار کے ہاں بھی بہت سے لوگ ان سے ملنے آئے۔جوانا کہتی ہیں کہ یہ سب ان کے لیے دلچسپ اور خوشگوار تجربات ہیں۔