ریاض۔ سعودی عرب کے علاقے الباحہ میں 70 سالہ خاتون حمدہ الغامدی نے قرآن کریم حفظ کر لیا۔ انہوں نے یہ سعادت فلاحی تنظیم برائے تحفیظ قرآن ترتیل کے تحت قائم مقامی حلقہ تحفیظ کی نگرانی میں حاصل کی۔
اخبار 24 کے مطابق حمدہ الغامدی کو قرآن حفظ کرنے کا شوق بہت پہلے سے تھا مگر گھریلو مصروفیات بڑھتی عمر صحت کے مسائل اور دیگر رکاوٹوں کی وجہ سے انہیں اس سفر میں دو دہائیاں لگ گئیں۔ آخرکار انہوں نے مسلسل محنت اور عزم کے ساتھ اپنا مقصد حاصل کر لیا۔
علاقائی حلقہ تحفیظ کی جانب سے معمر حافظہ کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس کا مقصد یہ پیغام دینا تھا کہ قرآن کریم زندگی کا نور ہے اور جو شخص اسے دل سے اپنا لیتا ہے اس کے لیے راستے آسان ہو جاتے ہیں چاہے عمر کا کوئی بھی مرحلہ کیوں نہ ہو۔
حفظ کی معلمہ نے کہا کہ حمدہ الغامدی حقیقی معنوں میں ایک روشن مثال ہیں۔ وہ پابندی کے ساتھ مدرسے آتی رہیں لگن اور جذبہ ایسا تھا کہ اس عمر میں بھی انہوں نے مستقل مزاجی کے ساتھ کتاب اللہ کو حفظ کر لیا اور دوسروں کے لیے مثال قائم کی۔
فلاحی تنظیم ترتیل کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین علی آل سرور اور دیگر ارکان نے بھی معمر خاتون کی محنت اور حوصلے کو سراہا۔ تنظیم نے ان کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا بھی اہتمام کیا۔