سعودی عرب : 40 فیصد کاروباری اداروں کی مالک خواتین

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 04-04-2023
سعودی عرب : 40 فیصد کاروباری اداروں کی مالک خواتین
سعودی عرب : 40 فیصد کاروباری اداروں کی مالک خواتین

 

 ریاض : سعودی عرب میں 40 فیصد کاروباری ادارے خواتین کے نام سے رجسٹرڈ ہیں۔ الاقتصادیہ کے مطابق مملکت بھر میں کاروباری خواتین کی تعداد 1.1 ملین تک پہنچ گئی ہے۔

ان میں کمپنیوں کی تعداد 2 لاکھ 36 ہزار ریکارڈ کی گئی ہے۔ کاروباری اداروں کے مالکان میں 51 فیصد نوجوان ہیں۔۔ مملکت بھر میں کاروباری اداروں اور کمپنیوں کی تعداد 1.3 ملین ہے۔ ان میں سے 4 لاکھ کا تعلق ریاض ریجن جبکہ 3 لاکھ 13 ہزار کا مکہ ریجن سے ہے۔ سب سے کم کاروباری ادارے حدود شمالیہ اور باحہ ریجنوں میں ہیں۔

حدود شمالیہ میں 15 ہزار اور باحہ ریجن میں صرف 13ہزار کاروباری ادارے ہیں۔ یاد رہے کہ مملکت میں خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے حالیہ برسوں کے دوران بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ لیبر مارکیٹ میں خواتین کی شرکت کا تناسب بڑھانے کے لیے سعودی وژن کے تحت حکمت عملی بنائی گئی۔

رپورٹ کے مطابق 2017 سے 2022 تک لیبر مارکیٹ میں خواتین کا حصہ 21.2 فیصد سے بڑھ کر34.7 تک پہنچ گیا ہے۔ اس عرصے کے دوران اقتصادی سرگرمیوں میں خواتین کی شراکت 17 فیصد سے بڑھ کر 37 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔