آواز دی وائس : نئی دہلی
یوم جمہوریہ کا جشن یوں تو ملک بھر میں منایا جاتا ہے لیکن راجدھانی دلی میں راج پتھ پرعظیم پریڈ میں ثقافت ،تہذیب کے نمونوں کے ساتھ فوجی طاقت کا مظاہرہ کچھ نہیں بلکہ بہت خاص ہوتا ہے ۔جس میں شرکت کے لیے ملک کے کونے کونے سے ایسی شخصیات کو صدارتی مہمان کے طور پر مدعو کیا جاتا ہے جوملک کی تعمیر میں اہم کردار ادا کررہے ہوتے ہیں ۔
اس مرتبہ ان میں ایک نام ہے تانیہ پروین کا ۔بہار کے مشرقی چمپارن ضلع کی سسوا مشرقی پنچایت کی مکھیا ۔جنہوں نے اس پنچایت کو آج پورے ملک میں مثال بنا دیا ہے ۔ تانیہ پروین نے ثابت کر دیا ہے کہ اگر دل اور شدّت سے کام کیا جائے تو گاؤں بھی شہر جیسی سہولتوں سے آراستہ ہو سکتا ہے۔ انہی خدمات کے اعتراف میں انہیں یومِ جمہوریہ 2026 کے مرکزی پروگرام میں دہلی کے لال قلعہ پر خصوصی مہمان کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کرنے اور سرکاری نوکری کرنے کے بعد تانیہ نے اپنے گاؤں کی حالت زار دیکھ کر اپنی نوکری چھوڑ دی اور پنچایت کا الیکشن لڑا۔
یوم جمہوریہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے ملک کے اعلیٰ ترین آئینی عہدے صدر کی طرف سے باضابطہ دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔ سسوا کے لوگ بہت خوش ہیں۔ شوگر ملز کی جانب سے مٹی کو آلودہ کرنے کے بعد تانیہ نے مکھیا کے لیے انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا۔ چھوٹی عمر میں مکھیا بن کر تانیہ نے اپنی دانشمندی سے پورے گاؤں کو بدل دیا ہے
تانیہ پروین 2016 سے اس پنچایت کی منتخب مکھیا ہیں۔ یہاں گاؤں میں 48 فیصد اقلیتی آبادی ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ پہلے حالات یہ تھے کہ گاؤں کی لڑکیاں تعلیم میں دلچسپی نہیں لیتی تھیں۔ اب صورتحال یہ ہے کہ لڑکیاں شوق اور جوش کے ساتھ اسکول جانے کے لئے تیار رہتی ہیں۔
_(3).jpg)
ایک بڑا چیلنج
اقلیتی آبادی والی پنچایت ہونے کے سبب تانیہ پروین کو کئی محاذوں پر چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔ بچوں سے مزدوری کا مسئلہ تھا۔ کم عمری کی شادی ایک بڑا مسئلہ تھا۔ خواتین پر تشدد کے واقعات بھی سامنے آتے تھے۔ خاص طور پر کووڈ کے دوران سماج میں کئی طرح کی غلط فہمیاں پھیلی ہوئی تھیں۔ لوگ ویکسین لینے سے گھبراتے تھے۔ قرنطینہ ہونے سے بھاگتے تھے۔ تانیہ پروین نے اپنی مضبوط قیادت کے ذریعے لوگوں کو بیدار کیا۔ اس کے بعد لوگ ویکسین بھی لینے لگے اور قرنطینہ کے اصولوں پر بھی عمل کرنے لگے۔
با اختیار بنانے کی اسکیم پر واہ واہ
سیسوا پوروی پنچایت کی سربراہ کو یہ دعوت مرکزی حکومت کی پنچایت بااختیار بنانے کی اسکیم کے تحت دی گئی ہے۔ جس کے تحت ملک بھر سے نمایاں پنچایت نمائندوں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ تانیہ پروین صرف 32 سال کی عمر میں مکھیا منتخب ہوئیں اور گزشتہ 3 برسوں میں انہوں نے سیسوا پوروی کو پسماندگی سے نکال کر ایک ماڈل گرام پنچایت میں تبدیل کر دیا۔ گاؤں کے سابق سرپنچ فیضال رحمان 50 سال بھی تانیہ پروین کے کام اور قیادت کی کھل کر تعریف کرتے ہیں۔
پنچایت میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے صحت روزگار اور تعلیم پر خصوصی توجہ دی گئی۔ صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ بزرگوں حاملہ خواتین اور بچیوں کی باقاعدہ جانچ ہوتی ہے۔ آشا کارکن گھر گھر جا کر اپنی ذمہ داریاں نبھاتی ہیں۔ خواتین کو خود کفیل بنانے کے لئے منریگا پی ایم وشوکرما یوجنا اور جیونکا سے جوڑا گیا۔ منریگا کے تحت 19 دن سے زیادہ روزگار فراہم کیا گیا۔ جیونکا کے ذریعے 2000 سے زیادہ خواتین کو روزگار ملا ہے۔
لڑکیوں کی بہتر تعلیم کے لئے اسکولوں میں اسمارٹ کلاس اور کمپیوٹر کلاس کا انتظام کیا گیا۔ خاص طور پر لڑکیوں کے اسکول چھوڑنے کے رجحان پر قابو پایا گیا۔ بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ مہم کے بعد لڑکیوں میں تعلیم کا شوق اور جذبہ پیدا ہوا۔ اسٹریٹ لائٹس کی سہولت سے آدھی آبادی رات کے وقت بھی خود کو محفوظ محسوس کرتی ہے۔
کیوں کیا سیاست کا رخ
تانیہ پروین کہتی ہیں کہ جب وہ 2016 میں مکھیا بنیں تو پنچایت کی حالت بہت خراب تھی۔ سڑکیں ٹوٹی ہوئی تھیں۔ نالیوں میں پانی بھرا رہتا تھا اور صفائی کا نظام کمزور تھا۔ انہوں نے عزم کیا کہ پنچایت کو بدلنا ہے۔ مسلسل محنت کے بعد آج سسوا میں بہتر سڑکیں ہیں۔ منظم نالیاں ہیں۔ پانی گاؤں سے باہر نکالا جاتا ہے اور صفائی کا خاص انتظام کیا گیا ہے۔انہوں نے پی سی اور کمیشن کے کلچر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پیسے پر نہیں بلکہ کام پر توجہ دی کیونکہ کام خود بولتا ہے۔ ان کا مقصد پنچایت کو شہر کی سطح تک لانا تھا تاکہ دیہی لوگوں کو بھی وہی سہولتیں ملیں جو شہری علاقوں میں ہوتی ہیں۔
نیا نظام ۔نیا جوش
سسوا پنچایت سرکار بھون میں اب آر ٹی پی ایس کاؤنٹر قائم ہے جہاں جنم سرٹیفکیٹ۔ موت سرٹیفکیٹ۔ پنشن۔ رہائشی۔ ذات اور آمدنی کے تمام کاغذات یہیں بن جاتے ہیں۔ روزانہ بیس سے پینتیس لوگ اپنا کام کرانے آتے ہیں اور کسی کو بلاک جانے کی ضرورت نہیں رہتی۔ تمام ملازمین روزانہ حاضر رہتے ہیں اور خود مکھیا بھی روزانہ دفتر آتی ہیں۔
خواتین کے حوالے سے تانیہ پروین خاص طور پر سرگرم ہیں۔ وہ خواتین دوست پنچایت پر کام کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ خواتین تبھی مضبوط ہوں گی جب انہیں خود روزگار ملے گا۔ اسی لیے وہ سلائی۔ کمپیوٹر ٹریننگ اور لڑکیوں کے لیے مارشل آرٹ تائیکوانڈو کے مراکز قائم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہیں تاکہ لڑکیاں خود کفیل اور محفوظ بن سکیں۔
پڑے مکھیاؤں کو پیغام دیتے ہوئے تانیہ پروین کہتی ہیں کہ دل سے اور ایمانداری سے کام کریں۔ اچھا نام کمائیں۔ جب پنچایت بدلے گی تب سماج بدلے گا۔ پھر شہر بدلے گا اور پھر بہار بدلے گا۔ پنچایت کا وکاس ہی اصل میں ملک کا وکاس ہے۔
_(4).jpg)
وہ کہتی ہیں کہ پنچایت میں پنشن یوجنا راشن یوجنا آواس یوجنا اور ہر گھر شوچالیہ جیسی سماجی تحفظ سے متعلق اسکیموں میں خواتین کی شرکت نمایاں طور پر بڑھی ہے۔ انتظامی کاموں کو تیز اور مؤثر بنانے کے لئے پنچایت سرکار بھون کی تعمیر بھی مکمل کی گئی ہے۔ تاہم یہ سفر یہیں ختم نہیں ہوتا۔ تانیہ پروین کے پاس گاؤں کی مجموعی ترقی کے لئے آگے بھی کئی منصوبے موجود ہیں۔
ان میں نئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا۔
خواتین کی تعلیم کو مزید مستحکم بنانا۔
پنچایت کے نظام کو ڈیجیٹل شکل دینا شامل ہے۔
جشن یوم جمہوریہ : تانیہ پروین کا مکھیا سے صدارتی مہمان تک کا سفرhttps://t.co/tA7OX1nJUn#RepublicDay2026 #TaniaParveen #Bihar #Mukhiya pic.twitter.com/JlZBHk3PFy
— Awaz-The Voice URDU اردو (@AwazTheVoiceUrd) January 25, 2026
AI Video
اگر پنچایتوں کو باوقار اور مضبوط بنانا ہے تو خواتین کو مساوی مواقع اور پورا احترام دینا ناگزیر ہے۔
آج تانیہ پروین بہار کی خواتین قیادت کی ایک مضبوط مثال بن چکی ہیں۔ ان کی محنت نے سسوا مشرقی پنچایت کو نہ صرف ریاست بلکہ پورے ملک میں پہچان دلائی ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ یومِ جمہوریہ 2026 پر دہلی میں بہار اور اپنی پنچایت کی نمائندگی کریں گی۔