پروفیسر نیلوفرخان: کشمیر یونیورسٹی کی پہلی خاتون وائس چانسلر

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 19-05-2022
پروفیسر نیلوفرخان: کشمیر یونیورسٹی کی پہلی خاتون وائس چانسلر
پروفیسر نیلوفرخان: کشمیر یونیورسٹی کی پہلی خاتون وائس چانسلر

 

 

سری نگر: پروفیسر نیلوفر خان کو کشمیر یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔ وہ پہلی خاتون ہیں جنہیں اس یونیورسٹی کا وائس چانسلر بنایا گیا ہے۔

ان کی تقرری کا اعلان لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج سری نگر میں کیا۔ نیلوفر خان، یونیورسٹی کے ہوم سائنس ڈیپارٹمنٹ میں پروفیسر ہیں۔

ان کی تقرری کے حوالے سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ’’کشمیر اینڈ جموں یونیورسٹی ایکٹ 1969 کے سیکشن 12 کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے، میں منوج سنہا، چانسلر، کشمیر یونیورسٹی، پروفیسر نیلوفر خان، پروفیسر، شعبہ ہوم سائنس کو کشمیر یونیورسٹی کاوائس چانسلر مقرر کرتا ہوں۔

انہیں ان کے عہدہ سنبھالنے کی تاریخ سے تین (03) سال کی مدت کے لیے کشمیر یونیورسٹی کا وائس چانسلر بنایا گیا ہے۔

یہ خط جمعرات کی سہ پہر لیفٹیننٹ گورنر کے سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری کیا گیا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ شرائط و ضوابط سے الگ سے مطلع کیا جائے گا۔یہ بات قابل غور ہے کہ پروفیسر نیلوفر خان پریمیئر انسٹی ٹیوٹ میں تعینات ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔ وہ پروفیسر طلعت احمد کی جگہ لیں گی، جن کی تین سالہ مدت اگست 2021 میں ختم ہو چکی ہے۔