'حیدرآباد:خواتین کو بااختیار بنانے کی ایک کوشش -'پرلس اسکوائر کیفے

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
عابدہ فاتمہ: پرلس اسکوائر کیفے کی بانی
عابدہ فاتمہ: پرلس اسکوائر کیفے کی بانی

 

 

شیخ محمد یونس، حیدرآباد

 معاشرہ میں خواتین کو خود مکتفی' بااختیار اور باشعور بنانے کی باتیں تو ہوتی ہی رہتی ہیں لیکن عملی اقدامات بہت ہی کم نظر آتے ہیں ایسے حالات میں خواتین کی خدمت اور انہیں روزگار کی فراہمی کے علاوہ خوشگوار ماحول میں حیدرآبادی لذیذ کھانوں سے محظوظ کروانے کیلئے خواتین نے ہی پہل کی ہے۔

موتیوں کے تاریخی شہر حیدرآباد میں اختراعی اور اپنی نوعیت کے منفرد اور مثالی ریسٹورنٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

شہر کے مشہور و معروف علاقہ ٹولی چوکی آدتیہ نگر کالونی میں پرلس اسکوئر کیفے واقع ہے جو کہ خواتین کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کے علاوہ خدمت کی غرض سے قائم کردہ خواتین کی ہی کامیاب مساعی کی خوبصورت اور انوکھی تصویر ہے۔

شہر حیدرآباد میں یوں تو معیاری اور شاندار ہوٹلوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ تاہم خصوصیت کے ساتھ خواتین کیلئے قائم کردہ پرلس اسکوائر کیفے کی بات ہی نرالی ہے۔

مرد حضرات اپنے دوستوں کے ہمراہ مختلف ہوٹلوں کا رخ کرتے ہیں اور اپنی پسندیدہ اور مرغوب غذائوں سے محظوظ ہوتے ہیں۔

نوابوں کا شہر حیدرآباد لذیذ اور ذائقہ دار ڈشش کیلئے جانا جاتا ہے۔شہر میں خواتین کیلئے خوشگوار ' پرسکون ماحول اور ایک ہی چھت تلے مختلف اقسام کی کھانے پینے کی اشیاء کی ریستوران کی کمی تھی جسے پرلس اسکوائر کیفے کے قیام کے ذریعہ دور کیا گیا ہے۔

پرلس اسکوائر کیفے (Pearls Square Cafe) ایک انوکھی طرز کی ریستوران ہے جہاں خواتین اور بچوں کو داخلہ کی اجازت ہے۔ وقت کے گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ مرکز خواتین کی توجہ کا بہترین مرکز بن گیا ہے۔ یہاں خواتین کیلئے جم اور مارشل آرٹس سیلف ڈیفنس کی تربیت کا بھی نظم ہے۔

پرلس اسکوائر کیفے میں مختلف اقسام کی کھانے پینے کی اشیاء فروخت کی جاتی ہیں۔کاروبار اور تجارت کے خصوص میں خواتین کی حوصلہ افزائی کے مقصد کے تحت اس مرکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

ایسی خواتین جو پکوان میں مہارت رکھتی ہیں اور اپنے ہاتھ سے بنائی ہوئی کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنا چاہتی ہیں وہ یہاں آکر اپنی اشیاء فروخت کرسکتی ہیں ۔

پرلس اسکوائر کیفے میں صارفین کیلئے تمام اقسام کے کھانے پینے کی اشیاء ایک ہی چھت تلے دستیاب ہیں۔یہاں بریانی' شورمہ' سموسے' مرچی' ڈرائی فروٹس' ماش کے لڈو' مختلف اقسام کے اچار ' دال رائس' سبزی و دیگر اشیاء نہ صرف فروخت کی جاتی ہیں بلکہ آرڈرس پر بھی ان کی سربراہی عمل میں لائی جاتی ہے۔

پرلس اسکوائر کیفے میں مختلف فوڈ اسٹالس کے علاوہ کتب خانہ معہ دارالمطالعہ ' جم ' بیوٹی پارلر' انڈور گیم کی سہولت ' کڈس زون' سبزے زار 'کانفرنس ہال و دیگر سہولتیں موجود ہیں۔یہاں گاہکوں کیلئے بہترین اور خوشگوار ماحول ہے۔

awazurdu

خواتین مختلف ڈشیز تیار کرتی ہیں اور انہیں اس کیفے میں بیجتی ہیں

پرلس اسکوائر کیفے کی بانی عابدہ فاطمہ نے آواز دی وائس کے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ خواتین اپنے گھرو ں اور دفاتر میں کام کاج کی وجہ سے تھک جاتی ہیں اور اپنی تھکاوٹ کو دور کرنے کیلئے خوشگوار اور پرسکون ماحول کی خواہاں ہوتی ہیں۔علاوہ ازیں خواتین اپنے خاتون دوستوں ' رشتہ داروں اور پڑوسیوں کے ساتھ بھی خوشگوار لمحات گزارنا چاہتی ہیں۔

ایسی خواتین کی سہولت کیلئے پرلس اسکوائر کیفے کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں خواتین کیلئے اس طرز کا کوئی مرکز نہیں تھا۔اس بات کو ملحوظ رکھتے ہوئے خواتین کی سہولت کیلئے ہمہ مقصدی مشن کے ساتھ یہ پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے۔اس مرکز کے تحت خواتین کو روزگار بھی حاصل ہورہا ہے۔

عابدہ فاطمہ نے بتایا کہ خواتین اپنے گھروں سے مختلف ڈشش تیار کرکے لاتی ہیں اور یہاں فروخت کرتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پرلس اسکوائر کیفے کے قیام کا مقصد کافی وسیع ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مرکز کے ذریعہ نہ صرف خواتین کی خدمت کی جارہی ہے بلکہ صحت' تندرستی و دیگر امور سے متعلق خواتین کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔

awazurdu

ایک خوبصورت کوشش ۔ایک کامیاب پہل

انہوں نے بتایا کہ کیفے میں ورک اسٹیشن اور دیگر سہولتیں بھی موجود ہیں۔انہوں نے بتایا کہ خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

عابدہ فاطمہ نے بتایا کہ کورونا وباء اور لاک ڈاون کے دوران کیفے سے دواخانوں اور ہوم کورنٹائن افراد کیلئے غذائی اشیاء کی سربراہی بھی عمل میں لائی گئی۔انہوں نے کہا کہ معاشرہ میں خواتین کو بااختیار اور باشعور بنانے کیلئے اخلاص کے ساتھ کام کیا جارہا ہے۔جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔