میں ہندو مسلم نہیں، ملک کی نمائندگی کرنا چاہتی ہوں: نکہت زرین

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 26-06-2022
میں ہندو مسلم نہیں، ملک کی نمائندگی کرنا چاہتی ہوں:  نکہت زرین
میں ہندو مسلم نہیں، ملک کی نمائندگی کرنا چاہتی ہوں: نکہت زرین

 



 

ترپتی ناتھ/نئی دہلی

 عالمی باکسنگ چیمپئن نکہت زرین نے کہا کہ  ان کی نگاہیں 2024 کے پیرس اولمپکس میں ہندوستان کے لیے طلائی تمغہ جیتنے پر مرکوز ہیں۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ کس کمیونٹی سے تعلق رکتھی ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ ایک ایتھلیٹ کے طور پر، میں یہاں اپنے ملک ہندوستان کی نمائندگی کرنے آئی ہوں۔ میرے لیے ہندو مسلم کوئی معنی نہیں رکھتا۔ میں کسی خاص کمیونٹی کی نہیں بلکہ اپنے ملک کی نمائندگی کر رہی ہوں۔ میں سخت محنت جاری رکھوں گی اور اپنے ملک کے لیے تمغہ جیتنے کی پوری کوشش کروں گی۔ پراعتماد اور اسٹائلش باکسرنے انڈین ویمن پریس کورپس( Indian Women Press Corps) میں پریس کانفرنس کے دوران کہی۔

 نکہت زرین اور اولمپک میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی لولینا بورگوہین  برمنگھم میں 28 جولائی2022 سے شروع ہونے والے آئندہ کامن ویلتھ گیمز ہندوستان کی نمائندگی کرسکتی ہیں۔ نکہت نے کہا کہ میں کامن ویلتھ گیمز میں سونے کا تمغہ جیتنے کی کوشش کروں گی۔

میں ایک ہفتے سے آرام کر رہی ہوں۔ ہمیں بتایا گیا ہے کہ ہندوستانی ٹیم جولائی میں ٹریننگ کے لیے آئرلینڈ جا سکتی ہے۔ نکہت گذشتہ منگل کو26 سال کی ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں تک پہنچنے کے لیے بہت سی سماجی تعصبات سمیت کئی رکاوٹوں کو عبور کرنا پڑا۔

 نکہت نے اتفاق کیا کہ آگے کا سفر مزید مشکل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جب سے میں عالمی چیمپئن بنی ہوئی۔ مجھ سے لوگوں کی توقعات دو گنا بڑھ گئی ہیں۔ لہٰذا، ہر کوئی اس تمغے کی تلاش میں ہوگا جو نکہت کو لانا چاہتی ہیں۔ میں نے 52 کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیتا ہے لیکن اولمپکس میں ہمارے پاس 52 کلوگرام کیٹیگری نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس لیے مجھ کو اسی حساب سے تیاری کرنی ہے۔ ریاست تلنگانہ میں پیدا ہونے والی باکسنگ چیمپئن نکہت زرین نے کہا کہ اسے وہ دن یاد ہے جب گھر واپسی پر ان کی والدہ انہیں زخمی حالت میں دیکھ کر رو پڑی تھیں۔

وہ بتاتی ہیں کہ میں نے سنہ 2009میں  باکسنگ شروع کی۔ اس سے پہلے، میں ایتھلیٹکس میں تھی اور میرے والد مجھے تربیت دے رہے تھے۔ میں نے باکسنگ کے علاوہ ہر کھیل میں لڑکیوں کو دیکھا۔ میں نے اپنے والد سے پوچھا کہ خواتین باکسنگ کیوں نہیں کرتیں اور انہوں نے مجھے بتایا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ خواتین اتنی مضبوط نہیں ہیں کہ وہ باکسنگ کو اپنا سکیں۔ بالآخر سماج کے اس رویہ نے مجھ کو باکسنگ کی دنیا میں داخل ہونے کے لیے مجبور کردیا۔ بچپن سے ہی میں بہت ضدی قسم کی لڑکی تھی۔

 میں صرف لڑکوں کے ساتھ کھیلتی تھی۔ تاہم جس علاقے میں میری پرورش ہوئی، وہاں کے لوگ دقیانوسی قسم کے تھے۔  انہوں نے اپنی بیٹیوں کو باہر نکلنے نہیں دیا۔ میں نے اپنے والد سے کہا کہ میں باکسنگ سیکھنا چاہوں گی اور لوگوں کو دکھاؤں گا کہ لڑکیاں بھی باکسنگ میں حصہ لے سکتی ہیں۔ میرے والد ایک کھلاڑی تھے اور بہت معاون بھی۔  مجھے یاد ہے کہ جب میں نے باکسنگ شروع کی تو میں اسٹیڈیم میں اکیلی لڑکی تھی۔

تربیت کے دوران مجھ کو بہت زیادہ چوٹیں آئیں اور میری ناک سے خون بہہ رہا تھا۔  مجھے دیکھ کر میری ماں رونے لگیں اور کہنے لگیں کہ ان کی چار بیٹیاں ہیں اوراگر میرے چہرے پر چوٹیں آئیں یا اعضاء ٹوٹ گئے تو میرے لیےرشتہ ڈھونڈنا مشکل ہو جائے گا۔ میں نے اپنی 'ماں' سے کہا کہ ایک بار جب مجھے پہچان مل جائے گی تو لڑکے والے قطار میں لگ جائیں گے۔ اب بھی مجھے شادی کے لیے کہا جا رہا ہے لیکن میری توجہ صرف پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مرکوز ہے۔

nikhat

نکہت کے نرالے روپ

عالمی چیمپئن نے کہا کہ ان کے والد نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ صرف ملک کے لیے تمغہ جیتنے کے اپنے خواب کو پورا کرنے پر توجہ دے۔ وہ بتاتی ہیں کہ میرے والد نے مجھے بتایا کہ میرے مخالفین میری تعریف کریں گے اور جب میں تمغہ جیتوں  لوں گی تو میرے ساتھ سیلفی لینا چاہیں گے اور میں اسے واقعہ بنتا ہوا دیکھ رہی ہوں۔  بچپن میں جب میں لوگوں سے ملنے جاتی تو میں ان کے احاطے میں امرود اور آم کے درختوں پر چڑھ جاتی تھی۔  وہ میرے والدین سے کہتے کہ مجھے ساتھ نہ لے کر آئیں۔  اب وہی لوگ میرے والدین کو فون کر کے پوچھتےہیں کہ میں کب واپس آرہی ہوں۔

مجھے خوشی ہے کہ میں نے لوگوں کی سوچ بدل دی ہے۔اب دوسرے بچوں کے والدین بھی میرے والد کو فون کرتے ہیں اورپوچھتے ہیں کہ کیا میں ان کے بچوں کو باکسنگ کی تربیت دے سکتی ہوں۔میرے والد ان سے کہتے ہیں کہ میں کھیل پر توجہ مرکوز کر رہی ہوں لیکن انہیں یقین دلاتے ہیں کہ میں ریٹائر ہونے کے بعد اکیڈمی چلاؤں گی۔ کالی ٹی شرٹ اور کالی جینز میں ملبوس، نکہت اپنی منیجر ادیتا کے ساتھ انڈین ویمن پریس کورپس میں آئی تھیں۔

وہ اپنی سانس کی سطح، دل کی دھڑکن اور ورزش کو ٹریک کرنے کے لیے ایک اسمارٹ واچ پہنی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ محمدعلی اور مائیک ٹائسن کی ویڈیوز دیکھ کر بڑی ہوئی ہے۔ان کے علاوہ وہ نکولا ایڈمز سے بھی متاثر ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں کہ ہندوستانی باکسرز کی کہاں کمی ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہندوستانی باکسر بہت باصلاحیت ہیں۔

 یہ صرف اتنا ہے کہ ایک بار جب آپ عالمی  سطح پر پہنچ جائیں تو باکسرز کو ذہنی دباؤ کو سنبھالنے کی تربیت دی جانی چاہیے۔ ایک بار جب آپ بڑے پلیٹ فارم پر پہنچ جاتے ہیں، تو بہت سے کھلاڑی گھبرا جاتے ہیں اور کارکردگی دکھانے کے قابل نہیں رہتے۔

 یہ پوچھے جانے پر کہ باکسنگ ہندوستان میں کرکٹ کی طرح مقبول کیوں نہیں ہے؟ انہوں نے کہا کہ کرکٹ میچ ٹیلی کاسٹ ہوتے ہیں لیکن ہمارے میچ ٹیلی کاسٹ نہیں ہوتے۔ جب یہ ہونا شروع ہو جائے گا تو حالات بدل جائیں گے۔

 انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ ریاستوں اور مرکزی حکومت کی حمایت کھلاڑیوں کے لیے اہم ہے، جن میں سے زیادہ تر کا تعلق متوسط ​​طبقے سے ہے۔ ٹاپس (ٹارگٹ اولمپک پوڈیم سکیم) بہت اچھی ہے۔ میں اپنا خرچ برداشت کر سکتی ہوں کیونکہ میں سائی اسکیم(SAI scheme) میں ہوں۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ پیرس اولمپکس سے پہلے فرانسیسی زبان سیکھنے کا ارادہ کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا ابھی تک نہیں۔

نکہت نے خود کو کھانے کا شوقین بھی بتایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا میں صرف مزہ لینے کے لیے کھاتی ہوں۔ میں صرف بان اپٹیٹ(Bon Appetit) جانتی ہوں۔