مدنی پور ۔چاندشاہ بابا کا مزار تمام مذاہب کے لیے توجہ کا مرکز

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 26-08-2025
 مدنی پور ۔چاندشاہ بابا کا مزار تمام مذاہب کے لیے توجہ کا مرکز
مدنی پور ۔چاندشاہ بابا کا مزار تمام مذاہب کے لیے توجہ کا مرکز

 



کولکتہ :صدیوں سے مغربی بنگال کے ضلع مدنی پور میں واقع چاندشاہ بابا کا مزار  ہندوستان میں رائج مختلف مذاہب کے درمیان اتحاد کا مرکز رہا ہے۔ چاہے کوئی کسی ذات یا کمیونٹی سے تعلق رکھتا ہو، عقیدت مند مزار  پر حاضری دیتے ہیں ، صوفی بزرگ کے لیے فاتحہ پڑھتے ہیں اور  دعا و منت مانگتے ہیں ۔یہ مقدس مقام مدنی پور کے بیڑ باللہ پور مرزا محلہ علاقے میں واقع ہے،  ہر سال یہاں متعدد عقیدت مند آتے ہیں۔ صوفی بزرگ چاندشا بابا مدنی پور کے لوگوں میں ایک معروف شخصیت تھے۔ اپنی پوری زندگی میں انہوں نے انسانیت کی بھلائی کے لیے کام کیا اور محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیا۔1980 میں صوفی بزرگ کی وفات کے بعد، ان کے ایک ہندو شاگرد چمت کمار سیٹویا نے ان کی یاد میں ایک مزار تعمیر کیا تاکہ بزرگ کے پیغام کو پھیلایا جا سکے اور مختلف مذاہب کے لوگوں کے درمیان بھائی چارہ فروغ پایا۔ چاندشاہ بابا جیسے صوفی بزرگ روحانیت اور ہم آہنگی کا پیغام پھیلا رہے ہیں اور ان کی تعلیمات آج بھی مختلف مذاہب کو جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
 مدنی پور کے شانتِپریہ رائے چودھری کہتے ہیں کہ  حیران کن لگتا ہے لیکن سچ ہے۔ پچاس سال سے مدنی پور  کے اس صوفی چاندشاہ یر کا مزار ہندو عقیدت مند دیکھ بھال کر رہے ہیں۔ یہی لوگ صوفی چاندشاہ پیر کے مزار کی حفاظت کر رہے ہیں۔ دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ مزار کی مرمت کا کام بھی ہندو عقیدت مند ہی کرتے ہیں۔
 
 
 ہر سال مزار   پر عرس کا انعقاد ہوتا ہے ، ایک میلہ بھی لگتا ہے ،جس میں  تقریباً ایک لاکھ سے زیادہ عقیدت  مند شرکت کرتے ہیں ۔ مزار کے سال بھر کے اخراجات سالانہ عرس اور میلہ  کے دوران عقیدت مندوں کے عطیات سے پورے ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہر جمعرات کو مزار پر خصوصی دعا کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس دن  ہندو اور مسلم بچوں کو پلاؤ، بھنے ہوئے بیگن، سفید چاول، تین قسم کی دال  اور  چٹنی  کھانے میں پیش کی جاتی ہیں ۔ہندو اس کھانے کو چاندشاہ  بابا کے  تبرک کے طور پر قبول کرتے ہیں۔
مقامی لوگوں کے مطابق، ستر کی دہائی سے پہلے مدنی پور شہر کے کوتوالی تھانہ کے تحت واقع بیڑ باللہ پور مسلم آبادی والے علاقے میں صوفی چاندشا پیر بھوکے ننگے رہتے تھے۔ وہ ہندوؤں کے درمیان بہت مقبول تھے۔ سب انہیں "چاندشاہ بابا" کے نام سے پکارتے تھے۔ 1980 میں 82 سال کی عمر میں وہ مدنی پور شہر میں وفات پا گئے۔ ان کے تدفین کا کام ہندو کمیونٹی کے لوگوں نے کیا۔ ان کی تدفین بہت شاندار طریقے سے مکمل ہوئی۔ تب سے یہ قبر "چاندشاہ بابا کا مزار" کے نام سے معروف ہو گئی۔مختلف مسائل کے لیے لوگ صوفی چاندشا بابا کے پاس جاتے اور مسائل حل ہو جاتے،یہ بات چاروں طرف مشہور ہو گئی اور دنیا کے مختلف گوشوں میں بھی چاندشاہ بابا کے بارے میں پھیل گئی۔ اس کے بعد ہندو کمیونٹی میں چاندشا بابا کی مقبولیت بتدریج بڑھ گئی۔
قابل ذکر ہے کہ پیر بابا کی وفات کے بعد چمت سیٹویا نامی ایک ہندو عقیدت مند (جو چند سال قبل انتقال کر گئے) اور ان کے خاندان کی کوششوں سے چاندشاہ پیر کا مزار "چاندشاہ بابا کا مزار" کے طور پر تیار ہوا۔ اور اسی مزار سے ہندوؤں نے چاندشاہ بابا کی عقیدت، تعلیمات اور عظمت کو فروغ دینا شروع کیا۔ بتدریج یہ شہرت پورے مدنی پور شہر میں پھیل گئی۔ آج مسلم آبادی والے اس علاقے کے مزار پر آنے والے زائرین میں 80 فیصد ہندو ہیں۔