عارف الاسلام : گواہاٹی
رنگیا کی ایک باصلاحیت طالبہ نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ مضبوط خواہش لگن اور محنت کے ذریعے کوئی بھی مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ابھیگیان اکیڈمی رنگیا کی طالبہ پاکیزہ بیگم نے منگل کو اعلان کیے گئے ہائر سیکنڈری ایجوکیشن امتحان کے نتائج میں لاجک اور فلسفہ میں 100 میں سے 100 نمبر حاصل کیے۔
پاکیزہ بیگم جو حارث علی اور صالحہ بیگم کی بیٹی ہیں انہوں نے پولیٹیکل سائنس اور ایجوکیشن میں 90.47 فیصد نمبر حاصل کیے جبکہ انگریزی اور آسامیہ میں 91 نمبر جغرافیہ میں 93 نمبر اور لاجک و فلسفہ میں 100 نمبر حاصل کیے۔ پاکیزہ بیگم جو سائنس اکیڈمی رنگیا کی طالبہ ہیں۔ وہ حارث علی اور صالحہ بیگم کی تیسری اولاد ہیں۔ پاکیزہ کے والد سبزی کے تاجر ہیں اور والدہ گھریلو خاتون ہیں۔ مشکلات کے باوجود پاکیزہ کے والدین نے گھر میں ایک بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا۔ پاکیزہ کی کامیابی اس کی مستقل مزاجی نظم و ضبط اور لگن کا واضح نتیجہ ہے۔پاکیزہ نے اس بڑی کامیابی پر اپنے والدین اور اساتذہ کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا ماننا ہے کہ والدین کی حوصلہ افزائی اور اساتذہ کی درست رہنمائی نے انہیں اس کامیابی تک پہنچایا۔
.webp)
آواز دی وائس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں پاکیزہ بیگم نے کہا کہ میں اس کامیابی کے لیے خاص طور پر اپنے والدین اور اساتذہ کی شکر گزار ہوں۔ میرے پڑوسیوں نے بھی میری بہت حوصلہ افزائی کی۔ اسکول کے علاوہ مجھے باہر کی معلومات حاصل کرنا بھی پسند ہے۔ میں یہ جاننے کے لیے مطالعہ کرتی ہوں کہ معاشرے میں کیا ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے تعلیمی سال کے آغاز سے ہی باقاعدگی سے پڑھائی کی۔ میں نے پوری توجہ کے ساتھ مطالعہ کیا۔ میں نے رات کے مقابلے میں دن میں زیادہ پڑھائی کی۔ امتحان سے پہلے میں نے کچھ زیادہ وقت دیا۔ میں تقریباً 6 گھنٹے پڑھتی تھی۔
پاکیزہ نے اب بیچلر ڈگری کے لیے ایجوکیشن میں میجر کے ساتھ کالج میں داخلہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ مستقبل میں ایک اچھی ٹیچر بننے کا خواب بھی رکھتی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ ایک آئی اے ایس افسر بن کر وسیع پیمانے پر سماج کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ پاکیزہ کا ماننا ہے کہ تعلیم کا اصل مقصد سماج کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا اور انسانی خدمت میں مصروف رہنا ہے۔ وہ ایک ٹیچر یا آئی اے ایس بن کر خود کو سماجی خدمت کے لیے وقف کرنا چاہتی ہیں۔
.webp)
پاکیزہ بیگم کی والدہ صالحہ بیگم نے کہا کہ بطور والدین ہم بہت خوش ہیں۔ ہم نے کوشش کی کہ پاکیزہ کو اچھی پڑھائی کے لیے بہترین ماحول فراہم کریں۔ ہمیں اس پر زیادہ محنت نہیں کرنی پڑی کیونکہ اسے خود پڑھائی کا شوق اور جذبہ ہے۔پاکیزہ بیگم نے اپنی ہائر سیکنڈری تعلیم ابھیگیان اکیڈمی رنگیا سے مکمل کی۔ انہوں نے ہائی اسکول کا امتحان اریمتھا ہائی اسکول رنگیا سے پاس کیا۔ انہوں نے ہائی اسکول کے امتحان میں بھی اچھے نتائج حاصل کیے تھے۔ پاکیزہ نے اپنی ابتدائی تعلیم رنگیا تینالی پرائمری اسکول سے حاصل کی۔
#Assam: Students from leading educational institutions in #Nagaon district delivered an exceptional performance in the Assam Higher Secondary (#HS) examination results, creating a celebratory atmosphere across schools.
— India Today NE (@IndiaTodayNE) April 28, 2026
At Geetanjali Senior Secondary School, students Dikshita… pic.twitter.com/gvMiC1xXes
پاکیزہ سلطانہ کی اس کامیابی سے پورے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ یہ کامیابی نہ صرف ایک خاندان کے لیے فخر کی بات ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہترین مثال بھی ہے۔