:سرینگر: جموں و کشمیر میں اس سال کے نیٹ-یو جی (NEET-UG) امتحان کے نتائج میں جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ نے نمایاں برتری حاصل کی۔ ضلع کی طالبہ ہادیہ نثار جموں و کشمیر کی ٹاپر قرار پائیں، جبکہ زیدان وانی نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ مزید یہ کہ اننت ناگ کے آٹھ امیدوار ریاست کے پہلے 20 رینک ہولڈرز میں شامل رہے۔بون-ڈیالگام گاؤں سے تعلق رکھنے والی ہادیہ نثار نے اپنی پہلی ہی کوشش میں 99.9931 پرسنٹائل کے ساتھ آل انڈیا رینک (AIR) 99 حاصل کرکے جموں و کشمیر میں پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔
اسی طرح شانگس کے تلوانی گاؤں سے تعلق رکھنے والے زیدان وانی نے 99.71 پرسنٹائل اسکور کرتے ہوئے آل انڈیا رینک (AIR) 124 حاصل کی اور جموں و کشمیر میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔
ہادیہ نثارنے جمعہ کو کہا کہ دوبارہ امتحان کے دباؤ کے باوجود انہوں نے تیاری کے دوران "منفی خیالات" کو اپنے ذہن پر حاوی نہیں ہونے دیا۔ہادیہ نثار نے کہا کہ میرے والدین ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کرتے رہے اور مجھے آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتے رہے۔ انہی کی وجہ سے میں مسلسل محنت کرتی رہی۔" انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت وہ بے حد جذباتی ہیں، لیکن یہ "فخر اور خوشی کا احساس" ہے۔
بھارت بھر کے 5,440 امتحانی مراکز پر 20 لاکھ سے زائد امیدواروں نے نیٹ (یو جی) کے دوبارہ منعقدہ امتحان میں شرکت کی۔ اس سے قبل ہونے والا امتحان پیپر لیک کے الزامات کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا، جس کے بعد ملک بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاج ہوا تھا۔
ہادیہ نثار نے 99.9931 پرسنٹائل کے ساتھ آل انڈیا رینک 99 حاصل کی۔ اپنی تیاری کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے خود کو کسی سخت ٹائم ٹیبل کا پابند نہیں بنایا بلکہ نصاب کے مطابق منصوبہ بندی کر کے اسی کے تحت مطالعہ کیا۔انہوں نے کہا، "میرے فون میں کوئی سوشل میڈیا نہیں ہے، اور اس چیز نے میری بہت مدد کی۔"
ہادیہ نثار نے ان طلبہ کو بھی حوصلہ دیا جو اس سال امتحان میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ انہوں نے کہا، "اپنے آپ پر یقین رکھیں، یہی یقین آپ کو بہت آگے لے جائے گا۔ ہر شخص کا سفر مختلف اور منفرد ہوتا ہے۔"نتائج کے اعلان کے بعد جب دوست اور رشتہ دار مٹھائیاں لے کر ان کے گھر پہنچنے لگے تو ان کے والد نثار احمد نے فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "وہ بہت محنتی بچی ہے اور اسے اپنی محنت کا صلہ ملا ہے۔"
ہادیہ نے بتایا کہ اپنے نتائج دیکھ کر ان کا پہلا ردعمل "حیرت اور خوشی" تھا۔ انہوں نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے استاد کو بھی دیا، جنہوں نے ان کی پڑھائی میں درست رہنمائی کی۔انہوں نے کہا، "لیکن آخرکار محنت تو خود ہی کرنی پڑتی ہے، اس کا کوئی متبادل نہیں ہے۔"
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے نیٹ (یو جی) امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے تمام طلبہ کو مبارک باد دی، خصوصاً ہادیہ نثار (آل انڈیا رینک 99) اور زیدان وانی (آل انڈیا رینک 124) کو۔
انہوں نے کہا کہ ان طلبہ کی کامیابی ان کے عزم، سخت محنت اور اساتذہ و والدین کی غیر متزلزل حمایت کا مظہر ہے۔وزیر اعلیٰ نے ان طلبہ کی بھی حوصلہ افزائی کی جو اس بار کامیاب نہیں ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مایوس نہ ہوں، اپنی توجہ برقرار رکھیں، مزید محنت کریں اور آئندہ امتحان میں زیادہ مضبوط انداز میں واپس آئیں۔ اپنی تیاری کی حکمتِ عملی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ہادیہ نے کہا کہ طلبہ اکثر معیاری اور مستند مطالعاتی مواد (اسٹڈی میٹریل) کے مؤثر استعمال کی اہمیت کو کم سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ میرے پاس اچھا اسٹڈی میٹریل تھا، اور میں نے بہت زیادہ کتابیں یا نوٹس جمع کرنے کے بجائے اسی مواد کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے پر توجہ دی۔ اس کے علاوہ گزشتہ برسوں کے جے ای ای (JEE) کے سوالات حل کرنے سے بھی بہت فائدہ ہوا، کیونکہ اب نیٹ (NEET) کے سوالات کا معیار پہلے کے مقابلے میں زیادہ مشکل ہو گیا ہے۔"
مستقبل کے امیدواروں کو مشورہ دیتے ہوئے ہادیہ نے کہا کہ کامیابی کا انحصار کسی سخت ٹائم ٹیبل پر عمل کرنے یا ٹاپرز کی اندھی تقلید کرنے پر نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا، "ٹاپرز کی اندھی تقلید کرنے کے بجائے اپنے اساتذہ اور رہنماؤں پر اعتماد کریں۔ محنت ضرور اہم ہے، لیکن وہ صحیح سمت میں ہونی چاہیے، اور یہ سمت والدین اور اساتذہ ہی فراہم کرتے ہیں۔"
دوسری جانب زیدان نے آل انڈیا رینک (AIR) 124 حاصل کرنے کو برسوں کی محنت کے بعد ایک جذباتی لمحہ قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ یہ میرے لیے ناقابلِ بیان خوشی کا لمحہ ہے۔ دل میں بے شمار جذبات ہیں۔ انہوں نے ان طلبہ کی بھی حوصلہ افزائی کی جو اس مرتبہ کامیاب نہ ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ نیٹ زندگی کا اختتام نہیں ہے۔ اگر اس بار کامیابی نہیں ملی تو دوبارہ کوشش کریں یا دیگر مواقع تلاش کریں۔" زیدان نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے والدین اور اساتذہ کی مسلسل حوصلہ افزائی اور رہنمائی کو دیا۔اننت ناگ کی ایک اور نمایاں طالبہ، ہرناگ کی زارا مشتاق کٹو نے 610 نمبر حاصل کیے۔ انہوں نے امیدواروں کو خاص طور پر سوشل میڈیا سے دور رہنے کا مشورہ دیا۔انہوں نے کہا کہ میرا مشورہ بہت سادہ ہے، اپنے موبائل فون سے سوشل میڈیا کی تمام ایپلی کیشنز حذف کر دیں اور پوری توجہ اپنی پڑھائی پر مرکوز رکھیں۔ مستقل مزاجی، نظم و ضبط اور سخت محنت ہی کامیابی کی اصل کنجیاں ہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ جو طلبہ اس مرتبہ کامیاب نہیں ہو سکے، وہ مایوس نہ ہوں بلکہ اگلی کوشش کے لیے پوری لگن سے تیاری کریں۔
وادی کشمیر کے دیگر نمایاں کامیاب امیدواروں میں گاندربل کے واکورہ سے تعلق رکھنے والے عدنان منظور بھی شامل ہیں، جنہوں نے 647 نمبر حاصل کرکے آل انڈیا رینک 1607 حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ میرا خواب ایک سائنس دان بننا ہے، اور یہ میری منزل کی طرف پہلا قدم ہے۔ اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے ہمیں ہر قسم کی توجہ بٹانے والی چیزوں سے دور رہنا ہوگا۔"