کرناٹک:حجاب تنازعہ کے باجود حجابی لڑکی نے سائنس میں کیا ٹاپ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 20-06-2022
کرناٹک:حجاب تنازعہ کے باجود حجابی لڑکی نے سائنس میں کیا ٹاپ
کرناٹک:حجاب تنازعہ کے باجود حجابی لڑکی نے سائنس میں کیا ٹاپ

 

 

منجیت ٹھاکر/ نئی دہلی

ہفتہ کو پری یونیورسٹی کے امتحانات کا نتیجہ آیا تو اس میں تقریباً 62 فیصد طلبہ پاس ہوئے لیکن اس بار بھی لڑکیوں نے لڑکوں سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان میں سینٹ الائسیس پی یو کالج کی دو لڑکیاں بھی شامل ہیں۔ پی یو کالج، منگلورو نے سائنس میں پہلی اور کامرس میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

امتحان دینے والے کل 5,99,974 طلباء میں سے 4,02,697 پاس ہوئے ہیں۔ سائنس کے زیادہ تر طلباء پاس ہوئے ہیں۔ پری یونیورسٹی ایجوکیشن بورڈ کے ایک بیان میں، جنوبی کنڑ اور اڈوپی اضلاع نتائج کے لحاظ سے سرفہرست رہے۔

جنوبی کنڑ ضلع میں سب سے زیادہ پاس ہونے کا تناسب 88.02 فیصد ہے۔ اور یہاں سینٹ الوسیئس پی یو کالج کی طالبہ الہام نے کل 600 نمبروں میں سے 597 نمبر حاصل کیے ہیں۔ جبکہ انیشا مالیا کو 595 نمبر ملے ہیں۔

awaz

الہام، سائنس کی طالب علم ہے جبکہ انیشا بی ایس بی اے کامرس کی طالبہ ہے اور وہ دونوں امتحان میں اپنی کامیابی پر بہت پرجوش ہیں، کیونکہ کالج، والدین اور دوستوں کو ان کی کامیابی پر فخر ہے۔

الہام نے ایک مقامی ویب سائٹ کے ساتھ بات چیت میں کہا، ’’میں اس پر یقین نہیں کر پارہی ہوں۔ جب رشتہ داروں نے فون پر بتایا کہ میں نے پی یو سی سائنس میں دوسرا نمبر حاصل کیا ہے تو میں حیران رہ گئی۔ میں 600 میں سے 597 نمبرحاصل کرنے کے سبب بہت پرجوش ہوں۔

awaz

میرے خیال میں رات بھر جاگنے کے بعد محنت سے مطالعہ کرنے سے ہی یہ نتیجہ حاصل ہوا ہے۔ اب الہام کے والدین فخر محسوس کر رہے ہیں کیونکہ ان کی بیٹی نے شاندار نتائج حاصل کیے ہیں۔ الہام کے والد محمد رفیق، ایک خلیجی ملک کی ایک آئی ٹی کمپنی سے ریٹائرڈ ہیں، جب کہ ان کی والدہ معیزۃ الکبریٰ گھریلو خاتون ہیں۔

ان کی ایک اور بیٹی نوحہ ہے،جو سینٹ الائسیس کالج بی ایس سی بایوٹیک کی طالبہ ہے۔ الہام کا بھائی محمد اکرم اس وقت ساتویں جماعت کا طالب علم ہے۔

دوسری جانب انیشا خود بھی اپنی بہترین کارکردگی سے بہت خوش ہے۔ وہ کہتی ہے کہ تعلیم کے علاوہ، اس کے کالج نے اسے نصابی سرگرمیوں میں بہت سے مواقع فراہم کیے ہیں۔ انیشا کامرس میں اپنی تعلیم جاری رکھنا چاہتی ہے۔

انیشا کے والد ایک آئی ٹی فرم میں کام کرتے ہیں جبکہ اس کی والدہ بھی گھریلو خاتون ہیں۔ وہ اپنے والدین کی اکلوتی اولاد ہے اس لیے بیٹی کی کامیابی نے اس کا سر بلند کر دیا ہے۔

سینٹ الائسیس پی یو کالج کے پرنسپل بھی الہام اور انیشا کی کامیابیوں پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق وبا کے بعد اتنی بڑی کامیابی حاصل کرنا آسان نہیں ہے۔

قابل ذکر ہے کہ آرٹس میں ریاست بھر میں 2,27,929 طلباء نے امتحان میں شرکت کی تھی جن میں سے 1,11,032 طلباء کامیاب ہوئے تھے۔ کامرس میں 2,45,350 طلباء نے امتحان دیا اور ان میں سے 1,59,409 طلباء کامیاب ہوئے۔

سائنس میں کل 2,10,284 طلباء نے شرکت کی اور کل 1,52,525 نے امتحان پاس کیا۔ اس سال کے تعلیمی سیشن میں کل 6,84,255 طلباء رجسٹرڈ ہوئے۔

یہ امتحان ریاست کے کل 1,076 مراکز پر منعقد کیا گیا تھا۔ 23 اپریل سے 18 مئی کے درمیان ہونے والے اس امتحان میں حجاب کے تنازع کی وجہ سے کئی طالبات امتحان میں شامل نہیں ہو سکیں۔