باحجاب پردھان نے گاؤں کو کوروناسےکیسے بچایا؟

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 23-11-2021
باحجاب پردھان نے گاؤں کو کوروناسےکیسے بچایا؟
باحجاب پردھان نے گاؤں کو کوروناسےکیسے بچایا؟

 

 

میرٹھ:باحجاب خاتون پردھان سیبی کے مضبوط ارادوں کی وجہ سے میرٹھ سے متصل دورالا بلاک کے بنشی پورہ گاؤں کا ہرباشندہ آج کورونا سے بے فکر ہو گیا ہے۔ ہندو مسلم مخلوط آبادی والے اس گاؤں میں ہر شخص نے ویکسین کی پہلی خوراک لی ہے۔ گاؤں میں دوسری خوراک کی تیاریاں جاری ہیں۔ یہ سب گاؤں کی پردھان کی محنت کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔

انہوں نے ویکسین کے خلاف لوگوں کے ذہنوں میں چل رہی غلط فہمیوں کو دور کیا۔ اس کے لیے انھیں لوگوں سے کافی طعنے بھی سننے پڑےلیکن آخر تک ہمت نہیں ہاری۔ سیبی کا کہنا ہے کہ گاؤں والوں کو سمجھانا بہت مشکل ہے۔ پہلے میں نے خواتین اور نوجوانوں کو ویکسین کے لیے آمادہ کیا۔

گاؤں کے ہر گھر کی کنڈی معلوم نہیں کتنی بار کھٹکھٹائی ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ مجھے آتے دیکھ کر بہت سے لوگوں نے دروازے کھولنے چھوڑ دیے۔ لیکن، میں نے بھی فیصلہ کرکھا تھا کہ گاؤں کے ہر فرد کو ویکسین لگوائی جائے گی۔

اس لیے صبح سویرے اٹھ کر، کبھی رات گئے، کبھی مٹھائی کے بہانے لوگوں کو ان کے گھر جا کر منایا۔ لوگ کہتے تھے کہ اگر ہمیں ویکسین مل جائے تو ہم بانجھ ہو جائیں گے۔ کوئی کہتا تھا کہ ہم مر جائیں گے، عورتیں کہتی تھیں ہمارے بچے نہیں ہوں گے۔

گاؤں میں ڈاکٹروں کو بلایا اور اعلان کروایا کہ ویکسین سے ایسا کچھ نہیں ہوگا۔ آج گاؤں کے ہر فرد کو ویکسین کی پہلی خوراک مل گئی ہے، دوسری خوراک کی تیاریاں جاری ہیں۔ پردھان کو طعنہ مارنے والے لوگ آج اپنی بہو، خاتون پردھان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

سیبی نے اپنے گاؤں کو کورونا سے بچانے کے لیے ایک طویل جنگ لڑی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلے میں نے خواتین اور نوجوانوں کو ویکسین کے لیے آمادہ کیا۔ گاؤں کے ہر گھر کی کنڈی معلوم نہیں کتنی بار کھٹکھٹائی ہے۔ لوگوں کی غلط باتیں سنی ہیں، طعنے بھی سہے ہیں۔

خواتین کہتی ہیں کہ تم ہمارے پیچھے کیوں پڑی ہو، ہم ویکسین نہیں لگوائیں گے تم ہی لے لو۔ سیبی کا کہنا ہے کہ میں نے خود خواتین کو سمجھایا، بہت سے مردوں کو بھی سمجھایا کہ ویکسین لگوانے سے وہ بیماری سے بچ جائیں گے۔ پورا گاؤں محفوظ رہے گا۔ لیکن، بہت سے لوگ ہیں جنہوں نے نہیں سنا۔

میں گاؤں کی بہو ہوں، مجھے عہدے پر بڑے آدمیوں سے پردہ رکھنا پڑتا ہے۔ جہاں ایسا تھا وہاں شوہر، بھائی، بھابھی کو بھیج دیا۔ گھر کے مرد بار بار ان آدمیوں کے درمیان گئے۔ صبح 6 بجے سے انہیں اٹھایا اور ویکسین کے لیے لے آئے۔ کچھ لوگوں سے جھگڑا ہوا لیکن میں بھی اپنے گاؤں کو بچانے کے لیے ڈٹی رہی۔

سیبی کے رشتے کی ساس زاہدہ کہتی ہیں کہ آج تک ہمارے گھر سے کوئی عورت نہیں نکلی۔ میں بھی جب سے شادی کرکےآئی، گھر کے اندر رہتی تھی، گاؤں کی ساری عورتیں پردے میں رہتی ہیں لیکن جب سے میری بہوسیبی پردھان بنی ہے، وہی صرف باہر جاتی ہے۔ بیماری میں میری بہو نے مجھے بھی سوئی لگوائی، عورتوں کا ہاتھ پکڑ کر سوئی لینے لے گئی۔ سب ٹھیک ہو جائے۔

 

گاؤں میں اب تک 5 سے 6 ویکسی نیشن کیمپ لگائے جا چکے ہیں۔سیبی کا کہنا ہے کہ پہلی خوراک کے وقت پہلے دو کیمپ مکمل طور پر خالی تھے۔ ہم بھی سارا دن ڈاکٹروں کے ساتھ بیٹھ کر انتظار کرتے رہےلیکن کوئی ویکسین لینے نہیں آیا۔

ڈاکٹر اور اے این ایم گھروں، پنچایت میں گئے اور لوگوں کو سمجھایا کہ انہیں ویکسین لگوانی چاہیے۔اس کا اثربھی ہوا، آج دوسری خوراک کے لیے جو کیمپ لگایا جا رہا ہے اس میں لوگ خود آ کر ویکسین لگوا رہے ہیں۔

سیبی مسلم آبادی کے اس گاؤں کو ویکسین کروانے میں کامیاب رہیں جس کے سامنے محکمہ صحت نے بھی ہتھیار ڈال دیے۔ مسلم اکثریتی علاقوں میں شروع سے ہی ویکسینیشن کم تھی۔ افواہوں میں گھرے لوگوں نے ویکسین لینے سے انکار کر دیاتھا۔

اس کے بعد انتظامیہ نے عوام کو سمجھایا، مذہبی رہنماؤں کی مدد سے آگاہی پھیلائی، مساجد سے اعلانات کروائے کہ لوگ ویکسین لگائیں۔ پولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران خود ای رکشا میں سڑکوں پر گھومتے رہے، لوگوں سے ویکسین لگوانے کے لیے کہتے رہے۔

ڈی ایم، سی ایم او، ایس ایس پی مسلم علاقوں میں گئے اور لوگوں سے ویکسین لگوانے کو کہا لیکن خاطرخواہ کامیابی نہیں ملی۔ البتہ سیبی نے گاؤں کی پوری ہندو اور مسلم آبادی کو ٹیکہ لگوایا۔

ونشی پورہ کے بعد سہرسہ میں بھی ویکسینیشن کی جارہی ہے۔ 2 بچوں کی ماں سیبی نے خاندان کی رضامندی پر پہلی بار پردھان کا انتخاب لڑا تھا۔ نویں کلاس تک تعلیم یافتہ سیبی لوگوں کے درمیان گئیں اور گاؤں کی ترقی کے بارے میں بتایا۔ سیبی کے الفاظ سے متاثر ہو کر گاؤں والوں نے انہیں ووٹ دیا اور انہیں گرام پردھان منتخب کرلیا۔

سیبی کا کہنا ہے کہ اب گاؤں میں ایک لائبریری،نیز بڑا اسکول بنانا ہوگا تاکہ گاؤں کی لڑکیاں یہاں تعلیم حاصل کرسکیں۔ میں زیادہ پڑھ نہیں سکی،مگر آنے والی نسلیں پڑھی لکھی ہوں۔ کورونا کی پہلی اور دوسری لہر ونشی پورہ گاؤں کو نہیں چھو سکی۔

گاؤں پردھان کی کوششوں سے گاؤں کورونا سے دور رہا۔سیبی کا کہنا ہے کہ دوسری لہر میں، جب دیہاتوں میں کورونا بہت زیادہ پھیل گیا، میں نے اپنے گاؤں کو روزانہ صاف کیا، گاؤں کی سرحد پر رکاوٹیں کھڑی کیں تاکہ کوئی باہر نہ جا سکے، کوئی باہر کا اندر نہ آ سکے، اس لیے ہمارے گاؤں میں کوئی کورونا پوزیٹیو نہیں ہوا اور کوئی بھی کورونا سے نہیں مرا۔

ونشی پورہ گاؤں میرٹھ ضلع کا پہلا 100% ویکسین لگوانے والا گاؤں بن گیا ہے۔اس کے لئے ڈی ایم کے بالاجی اور سی ایم او نے گاؤں کی پردھان اور ڈاکٹروں کی ٹیم کو اعزاز سے نوازا۔

ویکسین کی پہلی خوراک گاؤں میں 18 سے 93 سال کی عمر کے ہر فرد کو دی گئی ہے۔ اب کیمپ لگا کر ویکسین کی دوسری خوراک بھی روزانہ پلائی جا رہی ہے۔ یہاں 517 لوگوں نے ویکسینیشن کروائی ہے۔ اے این ایم الکا اور آنگن واڑی کارکن کویتا، ببلی نے بھی اس میں مدد کی ہے۔