نرس سے ہندوستان کی پہلی خاتون میجر جنرل تک: گرٹروڈ ایلس رام نے کیسے تاریخ رقم کی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 07-09-2025
نرس سے ہندوستان کی پہلی خاتون میجر جنرل تک: گرٹروڈ ایلس رام نے کیسے تاریخ رقم کی
نرس سے ہندوستان کی پہلی خاتون میجر جنرل تک: گرٹروڈ ایلس رام نے کیسے تاریخ رقم کی

 



روشنی چکرورتی 

 ایک شام، اگست 1976 کے اواخر میں، سانگلی کے ایک سادہ سے میس فلیٹ کا پچھلا دروازہ زور سے کھلا۔ اندر ایک عورت زیتونی سبز رنگ کی اسکرٹ میں، پیروں میں چپل پہنے اور شانوں پر تلواریں اور ایک ستارہ سجائے نہایت سکون اور سادگی سے کھڑی تھی۔ ’’ہم جنرل رام کے روبرو تھے‘‘، مکُل بنرجی نے اپنی کتاب ویمن آن دی مارچ میں لکھا۔

یہ صرف تین دن ہوئے تھے کہ گرتروڈ ایلس رام ہندوستان کی پہلی خاتون بنیں جو میجر جنرل کے عہدے تک پہنچیں ، ملٹری نرسنگ سروسز کی ڈائریکٹر کے طور پر۔ وہ ایک ایسی راہ نما ثابت ہوئیں جنہوں نے ہندوستان کو امریکہ اور فرانس کی صف میں لاکھڑا کیا ، جو اُس وقت دنیا کے صرف دو ملک تھے جہاں خواتین فوجی قیادت کے اس اعلیٰ رینک تک پہنچ سکی تھیں۔ان کی ترقی کسی دھوم دھام یا دکھاوے کے ساتھ نہیں ہوئی تھی۔ اپنے ’’سادہ میس فلیٹ‘‘ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے بنرجی سے کہا:’’ایک فوجی کو ہر حال کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ ہمارے پاس اتنا ہے کہ آرام سے جیا جا سکے۔مگر اسی سادگی میں ایک ایسی زندگی چھپی تھی جو تاریخ کا بوجھ اٹھائے ہوئے تھی۔

استقامت کی جڑیں

بہت سے مشہور فوجی قائدین کے برعکس، رام کی کہانی آسائش سے شروع نہیں ہوئی تھی۔’’مشکل حالات میں پرورش پائی۔ ایک برس کی عمر میں ماں کا اور چھ برس کی عمر میں باپ کا سایہ سر سے اٹھ گیا،‘‘ بنرجی نے لکھا کہ --- رشتہ داروں پر انحصار نے انہیں خود مختاری کی خواہش دی۔ نرسنگ، جیسا کہ انہوں نے بعد میں اعتراف کیا، خدمت کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کا ایک ذریعہ بھی تھا:’’میں چاہتی تھی کہ ان رشتہ داروں پر بوجھ نہ رہوں جنہوں نے مجھے پالا۔‘‘

سال1944 میں صرف 19 سال کی عمر میں انہوں نے انڈین ملٹری نرسنگ سروس میں شمولیت اختیار کی۔ دو سال بعد، وہ اٹلی کے محاذوں سے لائے گئے فوجیوں کی دیکھ بھال کر رہی تھیں۔یہ نہ ختم ہونے والا کام تھا ، ہر 150 مریضوں کے لیے صرف دو نرسیں، دن اور رات ایک ہو جاتے، یہاں تک کہ سوتے وقت بھی جوتے پہنے رکھتی تھیں تاکہ زخمیوں کے آنے پر فوراً خدمت کر سکیں۔’’ہاں، جھنجھلاہٹ  ہوتی تھی،‘‘ انہوں نے اقرار کیا، ’’مگر جب مریض کو دیکھتے، اس کا دکھ دیکھتے، تو اپنا دکھ بھول جاتے۔

کشمیر کی پرواز

سال 1948 میں، ہندوستان کو آزادی پائے ایک برس ہی ہوا تھا اور کشمیر کا تنازعہ اس کے نوزائیدہ امن کو پرکھ رہا تھا۔ جب زخمیوں کو وادی سے نکالنے کے لیے چھ فلائٹ نرسوں کی ضرورت پڑی، رام نے خود کو پیش کیا۔ابتدا میں، جیسا کہ انہوں نے مانا، یہ اس لیے تھا کہ ان کی ایک دوست اس علاقے میں تھی۔ مگر جلد ہی یہ مشن ان کی زندگی کا مقصد بن گیا۔فوجی جو برف میں جمی ہوئی حالت میں موت کے قریب پہنچے ہوتے، ان کی جان بچانا ضروری تھا۔ پروازیں صبح سویرے روانہ ہوتیں اور نصف شب کے بعد لوٹتیں۔ اکثر نرسیں جہاں جگہ ملتیں، وہیں پڑاؤ ڈال لیتیں کیونکہ طیارے دوسری طرف موڑ دیے جاتے۔’’اکثر ہم گولہ باری کی آواز سنتے اور کسی طرح بچ نکلتے،‘‘ انہوں نے یاد کیا۔ موت ایک مستقل ساتھی تھی۔ کبھی کسی پائلٹ کے بارے میں پوچھتیں جو چند روز پہلے انہیں لے گیا تھا، تو بتایا جاتا کہ وہ مر گیا ہے۔مگر وہ ڈٹی رہیں۔وہ نرس سفید کپڑوں میں ایک فوجی بن چکی تھی، ایک نوخیز جمہوریہ کی سرحدوں پر کھڑی سپاہی۔

خدمت میں بتدریج ترقی

سال1960 کی دہائی تک رام کی قیادت نمایاں ہو چکی تھی۔ 1962 میں ملٹری نرسنگ کی میٹرن ان چیف کے عہدے کو بریگیڈیئر کے رینک تک بڑھا دیا گیا، اور رام پہلی ہندوستانی خاتون افسر بنیں جنہوں نے کندھوں پر ایک ستارہ سجایا۔چودہ برس بعد، وہ اور آگے بڑھیں اور میجر جنرل کے دو ستاروں والے رینک تک پہنچ کر ایک اور غیر مرئی چھت کو توڑ ڈالا۔ان کا کیریئر ہندوستان کی سرحدوں تک محدود نہ رہا۔ انہوں نے سنگاپور اور کانگو میں بھی خدمات انجام دیں، جہاں ایک بار انہیں ایک شرابی فوجی کو علاج پر راضی کرنا پڑا جس کے سر پر سترہ زخم تھے۔انہوں نے لیہ اور لداخ کے دور افتادہ علاقوں کا بھی سفر کیا۔ اور ان تمام مراحل میں وہ نرس کی نرمی اور محبت اپنے ساتھ رکھتی رہیں۔بنرجی نے لکھا:’’میجر جنرل رام کے بارے میں کچھ نہایت حقیقی اور چھونے والا ہے جب وہ ڈاکٹر سے زیادہ نرس کے ذاتی لمس کی بات کرتی ہیی

ایوارڈز اور اعتراف

 فوج نے ان کے حوصلے اور ہمدردی کے امتزاج کو اپنے اعلیٰ ترین اعزازات سے نوازا۔انہیں پرم وِشِشت سیوا میڈل (PVSM) دیا گیا جو سب سے اعلیٰ درجے کی غیر معمولی خدمات کے لیے ہے، اور فلورنس نائٹینگل میڈل، جو ریڈ کراس کی جانب سے نرسنگ کے لیے سب سے بڑا عالمی اعزاز ہے۔یہ اعزاز محض علامتی نہیں تھے ، یہ ایک ایسی سروس کے نشان تھے جو سپاہیانہ فرض اور خدمتِ مریض کے بیچ توازن قائم رکھ کر گزاری گئی۔ اپنی کامیابیوں کے باوجود، رام اکثر ذاتی شکوک کا اظہار کرتیں۔ بطور نوجوان نرس، ایک وقت ایسا آیا کہ انہوں نے بالکل چھوڑ دینے کا سوچا۔’’وہ صاف گوئی سے بتاتی ہیں کہ کس طرح بطور ایک نوجوان لڑکی انہیں احساس ہوتا کہ وہ زندگی سے محروم ہو رہی ہیں کیونکہ یہ پیشہ بہت کچھ مانگتا ہے، یہاں تک کہ انہوں نے استعفیٰ بھی دیا تاکہ سول سروس میں واپس جا سکیں مگر ان کے باس نے وہ پھاڑ دیا،‘‘ بنرجی نے بیان کیا۔

ان کی صاف گوئی ان کے خیالات تک پھیلی کہ خواتین کو جنگی محاذ پر شامل ہونا چاہیے، وہ کوئی لگی لپٹی نہیں رکھتیں جب کہتی ہیں کہ وہ پوری طرح سے چاہتی ہیں کہ ہندوستان ی خواتین کو لڑاکا فوجوں میں شامل کیا جائے۔ ‘وہ شاندار سپاہی ثابت ہوں گی،’ وہ کہتی ہیں۔ان کی ذاتی زندگی خاموش رہی ، شادی یا بچوں کا کوئی ریکارڈ نہیں۔ نرسنگ ہی ان کا خاندان تھی اور مریض ہی ان کے ساتھی۔ تاہم وہ مشاغل سے خالی نہیں تھیں۔بنرجی نے ان کی ریٹائرمنٹ کے دنوں کے بارے میں لکھا--- ’’57 برس کی عمر میں، جب ریٹائرمنٹ میں ابھی دو سال باقی ہیں، میجر جنرل رام کے پاس تنہائی کا وقت نہیں۔ ان کا اصل مشغلہ ہے ، پینٹنگ، مطالعہ، باغبانی، اور ہاں، دو کتوں کی دیکھ بھال۔

تاریخی سنگ میل

27 اگست 1976 کو رام کی ترقی محض ایک ذاتی کامیابی نہ تھی ، یہ ہندوستان ی تاریخ کا سنگ میل تھا۔ اس نے دکھایا کہ فوجی قیادت صرف مردوں کا حق نہیں، کہ رینک صلاحیت اور جرات سے حاصل کیا جا سکتا ہے، چاہے جنس کوئی بھی ہو۔یہ دن ہندوستان کو عالمی سطح پر خواتین کی فوجی قیادت کے اولین صف میں لے آیا۔بنرجی نے ان کے بے ساختہ فخر کو یوں بیان کیا:’’آج جب وہ فخر کے ساتھ وہ جوابی خطوط دکھاتی ہیں جو انہیں ان کی ترقی پر درجنوں مبارکبادی خطوط کے جواب میں موصول ہوئے ہیں، گرتروڈ رام اعتراف کرتی ہیں کہ اگر انہیں اپنی زندگی دوبارہ جینے کا موقع ملے تو وہ اسے بالکل اسی طرح جئیں گی۔

وراثت اور وداع

گرتروڈ ایلس رام نے 31 دسمبر 1979 کو ریٹائرمنٹ لی۔ انہوں نے اپنی آخری زندگی مسوری میں خاموشی سے گزاری، جہاں کتابیں، باغ اور کتے ان کے ساتھی تھے۔ اپریل 2002 میں وہ اس دنیا سے رخصت ہوئیں۔ ان کی کہانی آج بھی ہندوستان کی اجتماعی یادداشت میں کہیں زیادہ جگہ کی حق دار ہے۔ان کی تصویر آج بھی ذہنوں میں تازہ ہے،ایک ’’بہادر فوجی‘‘، جیسا کہ بنرجی نے انہیں کہا، اپنے سادہ سے گھر کے دروازے پر کھڑی، شانوں پر جمی پیتل کی تلواریں ڈوبتے سورج کی روشنی میں جگمگا رہی ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ میجر جنرل گرتروڈ ایلس رام کی کوئی عوامی تصویر کبھی منظرِ عام پر نہیں آئی، جو ہندوستان کی فوجی تاریخ میں ایک غیر معمولی بات ہے۔ان کی وراثت صرف ملٹری نرسنگ کے ریکارڈ میں نہیں بلکہ ہر اس بحث میں باقی ہے جو خواتین کی وردی اور فوج میں شمولیت سے متعلق ہے۔ انہوں نے جنگ دیکھی، موت کا سامنا کیا، ٹوٹے وجودوں کو سہارا دیا اور پھر بھی یقین رکھا کہ خواتین ’’شاندار سپاہی بن سکتی ہیں۔‘‘ان کی زندگی، جو جرات اور ہمدردی سے جڑی رہی، اس بات کی ضمانت ہے کہ 27 اگست صرف کاغذ پر لکھی تاریخ نہیں بلکہ وہ دن ہے جب ہندوستان کی پہلی خاتون جنرل خاموشی سے، وقار کے ساتھ، تاریخ میں داخل ہوئیں۔

(مکُل بنرجی کی کتاب ویمن آن دی مارچ (1980) سے ماخوذ