حنا ۔ کولکتہ
رونق انور کی کہانی ایک غیرمعمولی تبدیلی کی عکاس ہے۔ کلکتہ یونیورسٹی اور ویسٹ بنگال یونیورسٹی سے تعلیم کے شعبے میں اعلیٰ ڈگریاں حاصل کرنے کے بعد انہوں نے اپنی زندگی کے دس سال سے زیادہ عرصے تک کلکتہ کے ایک اسکول میں تدریسی خدمات انجام دیں۔ تعلیم ان کی شناخت کا بنیادی حوالہ تھی، لیکن قسمت نے ان کے لیے ایک اور راستہ چن رکھا تھا۔سال 2021 میں ’’اگومنی‘‘ کے کیلنڈر شوٹ نے ان کے فیشن کی دنیا میں قدم رکھنے کا آغاز کر دیا، جو ان کی زندگی کا ایک نیا اور حیرت انگیز موڑ ثابت ہوا۔
پیجنٹ کوئین۔ ایک نئی پہچان
اس سفر کی سب سے پہلی حوصلہ افزائی انہیں اپنی سب سے بڑی حامی ،ان کی والدہ ،سے ملی۔ ان کی رہنمائی میں رونق نے ریجنل پیجنٹس میں حصہ لینا شروع کیا اور تیزی سے کامیابی کی سیڑھیاں چڑھنے لگیں۔
سال 2022 میں انہوں نے یونیکا مسز کلکتہ‘‘ کا تاج اپنے نام کیا اور اسی سال ’’مسز انڈیا 2022‘‘ میں حصہ لیتے ہوئے دوسری رنر اپ کا اعزاز حاصل کیا۔ شہر کی سطح سے قومی سطح تک ان کا سفر نہایت تیز رفتار رہا۔ رونق کے مطابق، ان کی سب سے بڑی کامیابی ’’مسز ایشیا انٹرنیشنل ٹاپ ماڈل 2022‘‘ کا خطاب تھا، جس نے ان کی زندگی میں ایک انقلابی تبدیلی برپا کی۔
وقار اور اعتماد کی نئی لہر
رونق انور نے ملک کے بڑے شہروں، جیسے کلکتہ اور دہلی میں مختلف تقریبات میں ریمپ ماڈل، شو اسٹاپر، مہمانِ خصوصی اور چیف گیسٹ کے طور پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ وہ جہاں شو کی میزبان کے طور پر اسٹیج کھولتیں یا شو اسٹاپر کے طور پر اختتام کرتیں، ہر بار ناظرین پر ایک دیرپا تاثر چھوڑتیں۔
انہیں ’’ویمنز اچیور ایوارڈ‘‘ اور ’’ڈیبیوٹانٹ ریوشنگ ماڈل‘‘ جیسے اعزازات سے نوازا گیا۔ بین الاقوامی سطح پر بھی ان کی پہچان بنی اور بنگلہ دیش کی ’’مَیورپنکھی فاؤنڈیشن‘‘ نے انہیں ’’انٹرنیشنل ایکسیلینس ایوارڈ‘‘ سے سرفراز کیا۔
فیشن سے آگے: فلم اور تخلیقی میدان
رونق کا دائرہ عمل صرف ریمپ یا فیشن تک محدود نہیں رہا۔ انہوں نے انڈیپینڈنٹ فلموں، کری ایٹو شوٹس اور ایڈیٹوریل اسپریڈز میں بھی اپنی موجودگی درج کرائی۔ وہ ’’میک انٹرنیشنل‘‘ کے زیر اہتمام تیار کردہ ایک مختصر فلم میں بھی جلوہ گر ہوئیں، جس کا پریمیئر دسمبر 2023 میں ہوا۔
غم کو وقار میں بدلنے کی کہانی
سال 2023 رونق کے لیے ذاتی طور پر ایک کڑا امتحان ثابت ہوا، جب انہوں نے اپنی والدہ کو کھو دیا—وہی ماں جو ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہیں۔ رونق کے مطابق امی ایک فائٹر تھیں۔ میں نے انہیں ہمیشہ خاندان کو مقدم رکھتے ہوئے محنت کرتے دیکھا۔ ان کے جانے کے بعد میرا حوصلہ ٹوٹنے لگا، مگر پھر مجھے یاد آیا کہ وہ کبھی ہار نہیں مانتیں، تو میں بھی ہار نہیں مان سکتی۔یوں رونق نے اپنے ذاتی غم کو وقار اور قوتِ عمل میں ڈھال لیا۔ اب ان کی ہر کامیابی ان کی والدہ کے نام ایک خراجِ عقیدت ہے۔
تدریسی ورثہ زندہ ہے
اگرچہ ریمپ اور فیشن ان کی زندگی کا مرکزی پہلو بن چکے ہیں، لیکن تعلیم سے ان کا رشتہ آج بھی قائم ہے۔ وہ بچوں کے لیے انٹرایکٹو سیشنز منعقد کرتی ہیں، جہاں وہ محض گرامر اور کمیونیکیشن ہی نہیں بلکہ خواب دیکھنے اور انہیں حقیقت میں بدلنے کا فن بھی سکھاتی ہیں۔
روشنیوں سے آگے: اثر و رسوخ کا دائرہ
اسٹیج لائٹس اور کیمروں کے دائرے سے نکل کر رونق نے اپنے اثر و رسوخ کو مزید پھیلایا۔ انہوں نے برانڈ اسٹوری ٹیلنگ، ایونٹ کوآرڈینیشن اور فیشن و گلیمر کی دنیا میں نئے امیدواروں کی رہنمائی کا بیڑا اٹھایا۔
ان کی طویل فہرست میں ریمپ واکس، پیجنٹس، جج کے فرائض، بین الاقوامی اعزازات اور بڑے برانڈز کے ساتھ تعاون جیسے سنگ میل شامل ہیں۔’’مسز کلکتہ‘‘ سے لے کر ’’انڈیا کلٹ لائف اسٹائل فیشن ویک‘‘ تک ان کا سفر ان کے عزم اور وقار کا گواہ ہے۔رونق انور کی کہانی صرف ایک ماڈل کی داستان نہیں، بلکہ ایک ایسی عورت کی جدوجہد ہے جس نے درس و تدریس سے آغاز کیا، فیشن کی دنیا میں خود کو منوایا، ذاتی دکھ کو وقار میں بدلا اور اپنی ماں کے خواب کو حقیقت کا روپ دیا۔ وہ آج بھی نئی نسل کے لیے یہ پیغام لے کر کھڑی ہیں کہ خواب دیکھو، محنت کرو اور کبھی ہار نہ مانو۔