آسام کا انسداد تعدد ازدواج بل- یہ کمیونٹی پر حملہ نہیں / مسلم خواتین کے لیے پیش رفت ہے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 21-11-2025
آسام کا انسداد تعدد ازدواج بل- یہ کمیونٹی پر حملہ نہیں  / مسلم خواتین کے لیے پیش رفت ہے
آسام کا انسداد تعدد ازدواج بل- یہ کمیونٹی پر حملہ نہیں / مسلم خواتین کے لیے پیش رفت ہے

 



آمنہ بیگم  انصاری 

ہندوستان ایک سیکولر اور جمہوری ملک ہے جس کی بنیاد مساوات اور انصاف کے وعدے پر رکھی گئی تھی۔ برسوں سے کوشش کی جاتی رہی ہے کہ ان وعدوں کو حقیقت بنایا جائے۔ خاص طور پر صنفی مساوات ہمیشہ اس جدوجہد کا مرکزی حصہ رہی ہے کیونکہ یہ ہر محروم طبقے کو عزت اور برابری دلانے کی بنیادی شرط ہے۔ اسی مقصد سے ہندو کوڈ بل میں وقت کے ساتھ کئی اصلاحات کی گئیں اگرچہ قدامت پسند حلقوں نے اس کی مخالفت بھی کی۔ لیکن مسلم پرسنل لا زیادہ تر اسی حالت میں برقرار رہا اور مذہبی آزادی کے نام پر اسے چھونے سے گریز کیا جاتا رہا۔ یہ رویہ بظاہر تو تنوع کے احترام کے طور پر پیش کیا جاتا ہے لیکن اس نے خاموشی سے غیر مساوات کو مضبوط ہی بنایا ہے۔

ہندو میرج ایکٹ 1955 کے تحت ہندوؤں میں ایک سے زائد شادیوں کو جرم قرار دیا گیا۔ لیکن ہندوستان میں مسلمان آج بھی قانونی طور پر اس عمل کے مجاز ہیں۔ یہ بات ایک جدید اور دستوری جمہوریت کے اصولوں سے میل نہیں کھاتی۔

اب آسام نے اس معاملے میں ایک قدم آگے بڑھایا ہے۔ 9 نومبر کو ریاستی حکومت نے کثرت ازدواج پر پابندی کے مسودہ قانون کی منظوری دی جس کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں کے لئے سات سال تک کی سزا تجویز کی گئی ہے۔ ساتھ ہی خواتین کی مدد کے لئے ایک معاوضہ فنڈ قائم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا جنہیں اس پابندی کے بعد معاشی یا سماجی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اگرچہ میں اس قدم پر خوش ہوں لیکن میرے ذہن میں ایک سوال بار بار آتا ہے کہ ہمیں اس کھلی ناانصافی کا سامنا کرنے میں اتنی دیر کیوں لگی جو قانون ہی میں موجود تھی۔

ہر بار جب کسی ایسے قانون یا رواج پر سوال اٹھتا ہے جو عورتوں کو کمزور رکھتا ہے تو بحث فوراً ایک ہی الزام میں ڈھل جاتی ہے کہ یہ انصاف نہیں بلکہ کسی مخصوص برادری کو نشانہ بنانا ہے۔ یہ الزام ایک عادت بن چکا ہے۔ تبدیلی کی مخالفت کرو۔ اسے حملہ قرار دو اور بحث ختم۔ لیکن خود سے سادہ سا سوال کریں۔ اگر عورت کی برابری کا مطالبہ کسی برادری کو نشانہ بنانا ہے تو شاید ہر برادری کو اس طرح نشانہ بنایا جانا چاہیے جب تک سب کے لئے برابری قائم نہ ہو جائے۔

ہم روایت کو ناانصافی کی ڈھال نہیں بننے دے سکتے۔ زمانہ بدلتا ہے۔ ہم نئی دوائیں استعمال کرتے ہیں۔ نئی ٹیکنالوجی اپناتے ہیں۔ نئے خیالات سیکھتے ہیں تاکہ زندگی بہتر ہو سکے۔ پھر کچھ لوگ کیوں اصرار کرتے ہیں کہ عورتیں پرانے رسم و رواج کے تحت جئیں جو انہیں دوسرے درجے کی زندگی میں قید کر دیتے ہیں۔ ترقی ثقافت پر حملہ نہیں بلکہ اسے اس کے بلند ترین اصولوں تک پہنچانے کی جدوجہد ہے۔ اگر اصلاح کو محض اس لئے برا سمجھ لیا جائے کہ وہ مشکل سوالات اٹھاتی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ ہم نے اخلاقی ترقی کو خوف کے حوالے کر دیا ہے۔

ایک مسلمان عورت ہونے کے ناطے میں اس بات کو اور زیادہ محسوس کرتی ہوں۔ ہمارے قائدین اور ہم سب کو شرمندہ ہونا چاہیے کہ ریاست کو اس لئے مداخلت کرنا پڑی کہ ہم نے خود کچھ کرنے کی ہمت نہیں کی۔

ہمارے معاشرے کی عورتیں جس درد اور ناانصافی کا شکار ہوئیں اسے ہمارے اپنے ضمیر کو پہلے ہی دور کر دینا چاہیے تھا۔ ہم نے اس کے بجائے خاموشی اختیار کی۔ روایت کے نام پر اختلاف کو دبایا۔ اسے شناخت کے تحفظ کا نام دیا۔ اور اب جب ریاست وہ قدم اٹھا رہی ہے جو ہمیں خود اٹھانا چاہیے تھا تو ہم اسے سیاست قرار دیتے ہیں نہ کہ انصاف۔ شاید اصل سیاست ہماری اپنی خاموشی میں چھپی ہے جہاں ہم نے کچھ نہ کر کے آدھی آبادی کو مسلسل قیمت چکانے پر مجبور رکھا۔

میں نے آسام کے وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما کی کچھ باتوں پر تنقید کی ہے لیکن ایک پسماندہ مسلمان عورت کی حیثیت سے میں اس قدم پر صرف شکر گزار ہو سکتی ہوں۔ میں انہیں مبارک باد دیتی ہوں بطور ایک ایسی عورت جو پہلی بار قانون کی نظر میں دیکھی گئی ہے نہ کہ کسی سیاسی کارکن کی حیثیت سے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ قدم ہندوستان کی ہر ریاست کے لئے ایک مثال بننا چاہیے۔

یہ بھی معنی خیز ہے کہ کچھ لوگ اسے بی جے پی کے یکساں سول کوڈ ایجنڈے کی طرف ایک قدم قرار دے رہے ہیں جیسے قانون کے سامنے مساوات کوئی خطرناک بات ہو۔ جب ہر ہندوستانی عورت کو ایک جیسے حقوق اور ایک جیسی عزت دینے کی بات ہو تو یہ متنازعہ کیوں بنے۔

میری رائے ہے کہ دوسری سیاسی جماعتیں خاص طور پر وہ جو خود کو سیکولر اور ترقی پسند سمجھتی ہیں انہیں اس لمحے سے کچھ سیکھنا چاہیے۔ کانگریس اور دیگر جماعتیں برسوں سے عورتوں کے حقوق اور مساوات کی بات کرتی رہی ہیں لیکن اب محض باتوں سے کام نہیں چلے گا۔ یہاں تک کہ کیرالہ ہائی کورٹ نے بھی ایک کمیونسٹ حکومت کے تحت آئین اور مذہب میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے لئے کچھ کوشش ضرور کی ہے۔

کیونکہ حقیقت یہ ہے کہ لمبے لمبے خطابات کسی کو آزادی نہیں دیتے۔ تقریریں کسی کی زندگی نہیں بدل سکتیں۔ اگر آپ ان اصولوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا حوصلہ ہی نہیں رکھتے جن کا ذکر آپ خود کرتے ہیں تو لوگ آپ پر بھلا کیسے یقین کریں گے۔ اگر ایک بی جے پی حکومت والا صوبہ یہ قدم اٹھا سکتا ہے تو وہ جماعتیں کیوں نہیں اٹھا سکتیں جنہوں نے اپنی سیاست ہی برابری اور اختیار کے نام پر بنائی ہے۔

یہ معاملہ سیاست سے بڑھ کر اصول کا ہے۔ اگر ہم واقعی انصاف اور مساوات چاہتے ہیں اور اپنے آئین کے وعدوں کو سچا مانتے ہیں تو ہر وہ قدم جو عورت کو بااختیار بنائے اسے خوشی سے قبول کرنا چاہیے نہ کہ سیاست کا موضوع بنانا چاہیے۔ آسام نے ایک چھوٹا سا قدم اٹھایا ہے لیکن اس کا پیغام بہت بڑا ہے۔ ایک مسلمان عورت کی حیثیت سے میری امید ہے کہ یہ عمل صرف تالیاں نہیں بلکہ ہر برادری ہر جماعت اور پورے ہندوستان میں مثبت تبدیلی کی راہ کھولے گا۔

 آمنہ بیگم انصاری کالم نگار اور مصنفہ ہیں