رپن جوی داس:ڈبروگڑھ
مشرقی آسام کے شہر ڈبروگڑھ کی ایک باصلاحیت طالبہ نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ مضبوط عزم اور سخت محنت سے ہر ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ضیا فرح اسلام نے ہائی اسکول لیونگ سرٹیفکیٹ امتحان میں ریاست بھر میں تیسری پوزیشن حاصل کی جس کا اعلان جمعہ کو کیا گیا۔ وہ نہ صرف تعلیم میں نمایاں ہیں بلکہ دستکاری کھانا پکانے اور باغبانی جیسے مختلف شعبوں میں بھی مہارت رکھتی ہیں۔ یہ مشاغل ان کی شخصیت کو تخلیقی رنگ دیتے ہیں۔
لٹل فلاور ہائر سیکنڈری اسکول ڈبروگڑھ کی طالبہ ضیا فرح اسلام یہاں کے میلان نگر علاقے کے رتن پور کی رہنے والی ہیں۔ وہ صدیق الاسلام اور جیسمین بیگم کی اکلوتی بیٹی ہیں جو دونوں پیشے کے اعتبار سے اساتذہ ہیں۔ اس وجہ سے انہیں گھر میں ایک بہترین تعلیمی ماحول ملا۔ ضیا کی کامیابی ان کے نظم و ضبط اور لگن کو ظاہر کرتی ہے۔
ضیا نہ صرف ایک ذہین طالبہ ہیں بلکہ ہمہ جہت صلاحیتوں کی مالک بھی ہیں۔ وہ شروع سے ہی پڑھائی میں نمایاں رہی ہیں اور اپنے اسکول کی ٹاپر رہی ہیں۔ ہر امتحان میں انہوں نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ وہ اپنے فارغ وقت میں دستکاری کرتی ہیں کھانا پکاتی ہیں اور باغبانی میں بھی دلچسپی لیتی ہیں۔ یہی چیزیں انہیں دوسرے طلبہ سے مختلف بناتی ہیں۔
انہوں نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے والدین کے ساتھ ساتھ اسکول کے اساتذہ کو بھی دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ والدین کی حوصلہ افزائی اور اساتذہ کی درست رہنمائی نے انہیں اس مقام تک پہنچایا۔وہ مستقبل میں ایک کامیاب ڈاکٹر بننا چاہتی ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ تعلیم کا اصل مقصد انسان کو معاشرے کے تئیں ذمہ دار بنانا اور انسانیت کی خدمت کے قابل بنانا ہے۔ ڈاکٹر بن کر وہ سماج کے ضرورت مند لوگوں کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔
ضیا کی کامیابی سے پورے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کی کامیابی نہ صرف ان کے خاندان کے لئے فخر کی بات ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لئے ایک بہترین مثال بھی ہے۔ ضیا فرح اسلام کا سفر اس بات کا ثبوت ہے کہ سچی لگن اور محنت سے ناممکن کو بھی ممکن بنایا جا سکتا ہے۔آسام کے مغربی علاقے کے پاتچارکوچی سنکردیو شیشو نکیتن کے جیوتیرموی داس نے ایچ ایس ایل سی امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ دوسری پوزیشن ہواجان کے امبیکاگیری رائے چودھری نیشنل اسکول کی آکانشا بھویان کے نام رہی۔ نلباری کے لٹل فلاور اسکول کے سرجیت اختر نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔اس سال ایچ ایس ایل سی امتحان میں کل 429249 طلبہ نے شرکت کی جن میں 186468 لڑکے اور 242781 لڑکیاں شامل تھیں۔ مجموعی طور پر 281701 طلبہ کامیاب ہوئے۔ کامیابی کا تناسب 65.62 فیصد رہا۔
یکنڈری ایجوکیشن بورڈ آف آسام نے جمعہ کو صبح 10.30 بجے نتائج کا اعلان کیا۔ نتائج کے مطابق 85189 طلبہ نے فرسٹ ڈویژن حاصل کیا جن کے نمبر 60 فیصد سے زیادہ تھے جبکہ 150167 طلبہ نے سیکنڈ ڈویژن حاصل کیا اور 46345 طلبہ تھرڈ ڈویژن میں کامیاب ہوئے۔دیما ہساو ضلع میں کامیابی کا تناسب سب سے زیادہ 88.23 فیصد رہا جبکہ کچھار ضلع میں سب سے کم 49.13 فیصد رہا۔ سیواساگر میں کامیابی کا تناسب 84.08 فیصد اور ڈبروگڑھ میں 78.46 فیصد رہا۔