آسام: ڈاکٹر شبنم بہارکو خون عطیہ بیداری مہم پر قومی اعزاز

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 17-02-2026
 آسام:  ڈاکٹر شبنم بہارکو خون عطیہ بیداری مہم پر قومی اعزاز
آسام: ڈاکٹر شبنم بہارکو خون عطیہ بیداری مہم پر قومی اعزاز

 



ستینند بھٹاچارجی ہیلہ کنڈی

سلچر میں قائم کچار کینسر اسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر کے بلڈ سینٹر کی سربراہ اور میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شبنم بہار باربھویہ کو براک ویلی خصوصاً دیہی علاقوں میں رضاکارانہ خون عطیہ کے لیے عوامی بیداری پیدا کرنے پر قومی سطح پر اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

ڈاکٹر باربھویہ کو گزشتہ چند برسوں کے دوران براک ویلی کے دیہات اور قصبوں میں رضاکارانہ خون عطیہ تحریک کو فروغ دینے میں نمایاں اور مسلسل کردار ادا کرنے پر چیمپئن آف رورل سرجری کے خطاب سے سرفراز کیا گیا۔

یہ اعزاز انہیں 5 فروری کو مغربی بنگال کے ہلدیہ میں منعقدہ ایسوسی ایشن آف رورل سرجنز آف انڈیا کی 30ویں سالانہ کانفرنس میں دیا گیا جو آئی آئی ایم ایس اے آر اور ڈاکٹر بی سی رائے اسپتال میں منعقد ہوئی۔ ملک بھر سے پانچ ڈاکٹروں اور اتنے ہی پیرا میڈیکل عملے کو یہ اعزاز دیا گیا جبکہ ڈاکٹر باربھویہ شمال مشرقی ہند کی واحد ڈاکٹر ہیں جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا۔

اعزاز حاصل کرنے کے بعد ڈاکٹر باربھویہ نے کہا کہ مغربی بنگال میں اس اعتراف پر وہ بے حد خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز انہیں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مزید حوصلہ دے گا۔ انہوں نے اس کامیابی کا سہرا خون عطیہ کرنے والوں رضاکار تنظیموں اور بلڈ سینٹر کے کارکنوں کے سر باندھا اور براک ویلی رضاکار بلڈ ڈونرز فورم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی کئی مریض بروقت خون نہ ملنے کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں اس لیے ضروری ہے کہ صحت مند افراد باقاعدگی سے خون عطیہ کریں اور اس حوالے سے وسیع بیداری پیدا کی جائے۔

ان کے قریبی ساتھیوں کے مطابق ڈاکٹر باربھویہ گزشتہ پانچ برسوں سے خون عطیہ تحریک کی قیادت کر رہی ہیں اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن کوشش کرتی ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ بیداری ہی لوگوں کے ذہنوں میں مثبت تبدیلی لا سکتی ہے۔

دریں اثنا براک ویلی کی مختلف تنظیموں نے اس اعزاز پر ڈاکٹر باربھویہ کو مبارکباد دی۔ براک ویلی رضاکار بلڈ ڈونرز فورم کے کچار ضلع یونٹ نے 10 فروری کو کچار کینسر اسپتال بلڈ سینٹر میں ان کے اعزاز میں ایک تقریب بھی منعقد کی جس میں ضلع صدر دیبابرتا پال مرکزی صدر ڈاکٹر منوج کمار پال جنرل سیکریٹری آشو پال خزانچی انوپ دتہ ضلع سکریٹری سبیاساچی رودر گپتا اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔ ڈاکٹر باربھویہ کو اتریہ اور یادگاری تحفہ پیش کیا گیا۔