فضل پٹھان
جمعہ کو جب پورا ملک بھگوان کرشن کی پیدائش کا جشن منا رہا تھا، اسی دوران صبح سویرے چھترپتی سنبھاجی نگر کے ایک اسپتال میں اچانک موت کا سایہ منڈلانے لگا۔ آگ کے شعلے معصوم نومولود بچوں کی سانسیں چھیننے کے لیے بے قابو ہو رہے تھے، لیکن ایک مسلم ڈاکٹر اور ان کی ٹیم نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر کارروائی کرتے ہوئے ان ننھی جانوں کو نئی زندگی دے دی۔
یہ خوفناک واقعہ چھترپتی سنبھاجی نگر کے جلنا روڈ پر آکاشوانی علاقے میں واقع ایشین اسپتال میں جمعہ کی صبح تقریباً ڈھائی بجے پیش آیا۔ اسپتال کی دوسری منزل پر واقع نوزائیدہ بچوں کے انتہائی نگہداشت یونٹ (NICU) میں اچانک شارٹ سرکٹ ہوا اور اے سی سے دھواں نکلنے لگا۔ صرف دو منٹ کے اندر چنگاریاں نکلنے لگیں اور آگ نے خطرناک صورت اختیار کرلی۔ اسی وارڈ میں نو نومولود بچے موت کے سائے میں پھنس گئے۔
آدھی رات کو خوفناک صورتحال، ڈاکٹر اور نرسوں نے شروع کیا ریسکیو آپریشن اچانک اے سی سے دھواں نکلنے لگا اور اس کے بالکل نیچے نومولود بچے رکھے ہوئے تھے۔ ان میں ایک بچہ قبل از وقت پیدا ہوا تھا اور وینٹی لیٹر پر انتہائی نازک حالت میں تھا۔ اچانک فائر الارم بجنے سے پورے اسپتال میں افراتفری مچ گئی۔ اسی وقت ڈیوٹی پر موجود ریزیڈنٹ میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سید عبداللہ اور نرسوں کی ٹیم نے ایک لمحہ ضائع کیے بغیر بچوں کو بچانے کی کارروائی شروع کردی۔
اس خوفناک لمحے کو یاد کرتے ہوئے ڈاکٹر سید عبداللہ جذباتی ہوگئے۔ انہوں نے کہا، "صورتحال بہت مشکل تھی۔ ابتدا میں ہمیں لگا کہ شاید گیس کا معمولی لیکیج ہے، لیکن جیسے ہی اے سی سے چنگاری نکلی، ہم نے فوراً وارمر کو ہٹانے کی کوشش کی، کیونکہ وینٹی لیٹر پر موجود بچہ عین اس کے نیچے تھا۔ وہ بچہ انتہائی نازک حالت میں تھا اور قبل از وقت پیدا ہوا تھا۔"
انہوں نے مزید بتایا، "ہم نے ابھی وارمر کو ہٹانے کی کوشش شروع ہی کی تھی کہ آگ بہت تیزی سے پھیلنے لگی۔ اس کے بعد نرسوں نے فوراً بچوں کو اٹھانا اور انہیں باہر نکالنا شروع کردیا۔ وینٹی لیٹر پر موجود بچے کو ایمبو بیگ کے ذریعے مصنوعی سانس دینی پڑ رہی تھی۔ ایک نرس نے ایک بچے کو اپنی گود میں اٹھایا ہوا تھا اور ساتھ ہی وینٹی لیٹر والے بچے کو بھی سنبھال رہی تھی، جبکہ میں اسے ایمبو بیگ کے ذریعے سانس دے رہا تھا۔ اس طرح ہم نے تمام بچوں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔"
ڈاکٹر سید عبداللہ نے بتایا کہ بچوں کو نکالنے کے بعد انہوں نے وینٹی لیٹر کو بھی بچانے کی کوشش کی، کیونکہ یہ ایک انتہائی مہنگا طبی آلہ ہے۔ ان کے مطابق، "میں نے وینٹی لیٹر کو کھینچ کر باہر نکالنے کی کوشش کی، لیکن وہ لاک تھا۔ آگ مسلسل بڑھ رہی تھی، اس لیے مجھے وینٹی لیٹر چھوڑ کر دوسرے بچے کو بچانے کے لیے فوراً دوڑنا پڑا۔"
انہوں نے کہا، "مجھے خوشی ہے کہ ہم ان بچوں کو بچانے میں کامیاب رہے۔ میں نے اپنی سروس کے اتنے کم عرصے میں کبھی نہیں سوچا تھا کہ مجھے ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ لیکن اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے سب کچھ بحفاظت انجام پایا۔ اب تمام مریضوں کی حالت بہتر اور مستحکم ہے۔ تمام بچوں کو بحفاظت گھاٹی اور دیگر اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔"
نرسوں نے بھی جان کی پروا کیے بغیر بچوں کو گود میں اٹھایا
ایک طرف اے سی سے دھواں اور چنگاریاں نکل رہی تھیں، تو دوسری طرف وینٹی لیٹر پر موجود نازک بچے کو وارمر سمیت باہر نکالنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ لیکن وارمر لاک ہونے کے باعث اپنی جگہ سے نہیں ہل سکا۔ آگ تیزی سے پھیل رہی تھی، اس لیے ڈاکٹر عبداللہ کے ساتھ نرسوں کلپنا نلواڑے، سریکھا چوہان (ماؤشی)، ریکھا راگڑے، سندھیہ جادھو اور ارچنا بھالیراؤ نے بچوں کو اپنی بانہوں میں اٹھایا اور ایک ایک کرکے انہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
ان ننھی جانوں کو بچانے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالنے والی نرس ریکھا راگڑے نے اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے بتایا، "میں معمول کے مطابق ڈیوٹی پر تھی۔ میں دیکھ رہی تھی کہ ہر بچے کو کس چیز کی ضرورت ہے اور اپنا کام کر رہی تھی۔ اچانک میں نے دیکھا کہ کچھ ساتھی NICU کے ایک کونے کی طرف دوڑ رہے ہیں۔ جب میں نے وہاں دیکھا تو دھواں نکل رہا تھا۔ اسی دوران ایک چنگاری گری اور اے سی میں فوراً آگ لگ گئی۔"
انہوں نے کہا، "یہ منظر دیکھ کر ایک لمحے کے لیے میں بھی ڈر گئی، لیکن میں نے فوراً خود کو سنبھالا اور ساتھیوں کی مدد سے بچوں کو باہر نکالنا شروع کردیا۔ میرے دل میں خوف تھا، گھبراہٹ سے میرے ہاتھ پاؤں سن ہوگئے تھے، لیکن ہم نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر بچوں کی جان بچائی۔ میرے بھی تین بچے ہیں۔ ایک ماں ہونے کے ناطے میرے ذہن میں صرف ایک بات تھی کہ یہ نو بچے بھی میرے اپنے ہیں اور مجھے انہیں ہر حال میں باہر نکالنا ہے۔"
58 مریضوں کی جان خطرے میں، فائر بریگیڈ اور پولیس بھی موقع پر پہنچی
جس منزل پر آگ لگی، وہاں مجموعی طور پر 58 مریض زیر علاج تھے۔ ان میں NICU کے نو نومولود، جنرل وارڈ کے 36 مریض اور خصوصی کمروں میں 13 مریض شامل تھے۔ واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر فائر بریگیڈ اور پولیس کو اطلاع دی گئی۔ تاہم ان کے پہنچنے سے پہلے ہی ڈاکٹر اور نرسیں فائر ایکسٹنگوشرز کی مدد سے بڑی حد تک آگ پر قابو پا چکے تھے۔
بعد ازاں CIDCO، پدم پورہ اور N-9 فائر بریگیڈ اسٹیشن سے فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچے۔ چیف فائر آفیسر اشوک کھنڈیکر کی رہنمائی میں افسران وجے راٹھوڑ، لکشمن کولہے، رمیش سونونے، دیپراج گنگاونے، چھترپتی کیکن، وشال نمبالکر اور ڈرائیور وجے دوبیلے نے پائپ کے ذریعے دوسری منزل تک پہنچ کر چند ہی منٹ میں آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا۔
تمام 9 ’بال گوپال‘ محفوظ، مختلف اسپتالوں میں منتقل
اسپتال انتظامیہ، ڈاکٹروں، نرسوں اور فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی اور حاضر دماغی کے باعث 58 مریضوں کی جان بچا لی گئی۔ NICU کے نو نومولود بچوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے بحفاظت دوسرے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ان میں سے چار بچوں کو سرکاری میڈیکل کالج و اسپتال (گھاٹی)، تین کو MGM اسپتال، ایک کو مسکان چلڈرنز کلینک، آزاد چوک، اور ایک بچے کو ڈے کیئر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔تمام نومولود بچوں کی حالت اس وقت مستحکم ہے اور وہ محفوظ ہیں۔