اے ایم یو : وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون، انڈین نیشنل سائنس اکیڈمی کی فیلو منتخب

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 12-09-2025
اے ایم یو : وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون، انڈین نیشنل سائنس اکیڈمی کی فیلو منتخب
اے ایم یو : وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون، انڈین نیشنل سائنس اکیڈمی کی فیلو منتخب

 



علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی وائس چانسلر اور شعبۂ نفسیات کی استاد پروفیسر نعیمہ خاتون کو باوقار انڈین نیشنل سائنس اکیڈمی (آئی این ایس اے) کا فیلو منتخب کیا گیا ہے۔ اس کا باضابطہ اعلان 9 ستمبر 2025کو اکیڈمی کے سالانہ جنرل اجلاس میں کیا گیا۔یہ فیلوشپ یکم جنوری 2026 سے مؤثر ہوگی اور اسے ہندوستان میں سائنس اور علمی میدان کے اعلیٰ ترین اعزازات میں شمار کیا جاتا ہے۔ 1935 میں قائم ہونے والی یہ اکیڈمی اُن ممتاز ماہرین کو اپنا فیلو منتخب کرتی ہے جنہوں نے اپنے شعبہ جات میں نمایاں علمی خدمات انجام دی ہوں اور جن کے تجربے و مہارت سے اکیڈمی کے پروگرام اور منصوبوں کو تقویت ملنے کی امید ہو۔

اکیڈمی نے پروفیسر نعیمہ خاتون کو ارسال کردہ پیغام میں کہا کہ اُن کا وسیع تجربہ اور عمیق علمی مہارت اکیڈمی کے مقاصد کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگی، اور اُن کا انتخاب ادارے کو نئی علمی بلندیوں تک لے جانے میں معاون ہوگا۔اکیڈمی کی روایت کے مطابق، نومنتخب فیلوز کو سالانہ جنرل اجلاس میں باضابطہ طور پر شامل کرنے کے ساتھ ساتھ خطبہ دینے کے لئے بھی مدعو کیا جاتا ہے۔ پروفیسر نعیمہ خاتون کو یکم تا 6 دسمبر 2025 کو نئی دہلی میں منعقد ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔

اس اعزاز پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہاکہ انڈین نیشنل سائنس اکیڈمی کی جانب سے یہ میرے لیے ایک گرانقدر اعزاز ہے، جو نہ صرف ایک ذاتی حصولیابی ہے بلکہ علم کی نشو و نما اور ملک کی تعمیر و ترقی کے تئیں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پختہ عزم کا بھی اعتراف ہے۔ یہ فیلوشپ مجھے ملک میں اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے نظام کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کام کرنے کی تحریک دے گی

اے ایم یو کے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پروفیسر نعیمہ خاتون کا آئی این ایس اے کی فیلو کے طور پر انتخاب یونیورسٹی کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ یہ نہ صرف اُن کی انفرادی علمی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ اے ایم یو کے تحقیقی و تعلیمی امتیاز کا مظہر بھی ہے۔

دفتر رابطہ عامہ کی ممبر انچارج پروفیسر وبھا شرما نے بھی اس کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ انتخاب علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے لیے باعثِ فخر و مسرت ہے اور اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور علمی قیادت میں پروفیسر نعیمہ خاتون کی طویل خدمات کو خراجِ تحسین ہے۔ اے ایم یو کو فخر ہے کہ اس کے پاس ایک عظیم علمی شخصیت بحیثیت قائد موجود ہے۔