اے ایم یو: تسنیم کاؤس کوجے کے سول سروسیز جوڈیشیل امتحان میں پہلی رینک

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 23-04-2024
اے ایم یو:   تسنیم کاؤس کوجے کے سول سروسیز جوڈیشیل امتحان میں پہلی رینک
اے ایم یو: تسنیم کاؤس کوجے کے سول سروسیز جوڈیشیل امتحان میں پہلی رینک

 

علی گڑھ،: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی طالبہ اور سری نگر، کشمیر سے تعلق رکھنے والی تسنیم کاؤس نے اپنی ذہانت اور لیاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جموں و کشمیر سول سروسز جوڈیشل امتحان 2023 میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

  تسنیم نے اپنے کریئر میں اوّل روز سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔انھوں نے 2014 میں میٹرک میں 95 فیصد نمبر حاصل کیے اور 2016 میں ہائر سیکنڈری میں 96.8 فیصد پاکر پوری ریاست میں دوسرا مقام حاصل کیا۔ 2017 میں تسنیم نے بی اے ایل ایل بی کرنے کے لیے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا رخ کیا جہاں انھوں نے 2022 میں عمدہ کارکردگی کے ساتھ اپنا کورس مکمل کیا، جو ان کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے۔ فی الحال وہ اے ایم یو میں ایل ایل ایم (سال آخر) کی طالبہ ہیں۔

 تسنیم نے عمدہ تعلیمی کارکردگی کے ساتھ ساتھ مسابقتی امتحانات میں بھی اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا۔انھوں نے جے کے پی سی ایس کی جانب سے منعقدہ پروزیکیوٹنگ آفیسر کے امتحان میں آٹھواں مقام حاصل کیا تھا۔

فیکلٹی آف لاء کے ڈین پروفیسر محمد ظفر محفوظ نعمانی اور شعبہ قانون کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف نے تسنیم کو اس شاندار حصولیابی پر مبارکباد پیش کی اور مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔