الخیر فاؤنڈیشن - نوجوانوں کو ہنر مند منانے کا مشن

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
الخیر فاؤنڈیشن - نوجوانوں کو ہنر مند منانے کا مشن
الخیر فاؤنڈیشن - نوجوانوں کو ہنر مند منانے کا مشن

 

شاہ تاج خان ۔ پونے 

ہمارے ملک ہندوستان کی آبادی میں اکثریت کی عمر 15 سال سے 64 سال کے درمیان کے افراد پر مشتمل ہے ۔اِس کا تناسب تقریبآ 67.51 فیصد ہے ۔یہ اِن کے کام کرنے کی عمر ہے ۔کسی بھی ملک کی معیشت اسی آبادی کی بنیاد پر منحصر کرتی ہے ۔آبادی کے اتنے بڑے حصے کو ملک کی ترقی و ترویج کے دھارے سے جوڑنے کے لیے ضروری ہے کہ انہیں موجودہ وقت کی مناسبت سے تربیت دی جائے تاکہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار نبھا سکیں ۔ایک شاندار ،عظیم اورسنہرے ہندوستان کا خواب اگر شرمندہ تعبیر کرنا ہے تو اُس کے لیے بہتر منصوبہ بندی اور ایسے لائحہ عمل تیار کرنا ہوں گے جو قوم و ملک کو ترقی کے راستے میں معاون و مددگار ثابت ہوں ۔

اسکل انڈیا مشن  

حکومت ہند نے"اِسکل انڈیا مشن" کے تحت ہنر مند افراد کی تعداد میں اضافہ کی غرض سے متعدد اسکیموں اور پروگراموں کو نافذ کیا ہے۔ملک گیر سطح پر لوگوں کی مہارت کی سطح کو بڑھانے کے لیے ہنر سیکھنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔غیر سرکاری تنظیموں نے بھی اس مہم کے تحت لائحہ عمل تیار کر اُس پر کام کا آغاز کیا ہے ۔پونے مہاراشٹر کی ایک غیر سرکاری تنظیم "الخیر ویلفئیر فاؤنڈیشن" نے کچھ عرصہ قبل ایک ورک شاپ کا انعقاد کیا۔

جس میں ایل ای ڈی بلب بنانے کی تربیت دی گئی ۔بلب بنانا ،بلب کی مرمت کرنا ،بلب کی وائرنگ اور سامان کے صحیح استعمال کے ساتھ مارکیٹنگ کے نظام کو سکھانے اور بزنس کے اُصول و ضوابط سے بھی واقف کرایا گیا۔"جن شکشن سنستھان" کی قیادت اور رہنمائی میں ماہرین نے ورک شاپ سے فیض اُٹھایا ۔اِس ایک روزہ کورس کا مقصد اُن لوگوں کو بھی ملک کی معیشت میں حصہ دار بنانا تھا جو مختلف وجوہات کی بنیاد پر باقاعدہ تعلیم حاصل کرنے سے چوک گئے تھے ۔معمولی پڑھے لکھے لوگوں کو مفت تربیت دی گئی ۔

الخیر فاونڈیشن کے صدر عبدالغفار بتاتے ہیں کہ کافی تعداد میں لوگوں نے اِس ورک شاپ میں حصّہ لے کر اُن کی ٹیم کو جوش اور حوصلے سے بھر دیا ہے ۔خواتین کی کثیر تعداد کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے چھ ایسے کورسز کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے کہ وہ چھوٹے چھوٹے کاموں کے ذریعے اپنی فیملی کو مالی تعاون دے سکتی ہیں ۔بھاگیہ شری نے "پیپر بیگ" تیار کرنے کے کورس میں رجسٹریشن کرایا ہے۔

وہ کہتی ہیں کہ آج بازار میں اِن کی بہت ضرورت ہے ۔باقاعدہ تربیت سے میں مارکیٹ کی ضرورت کے حساب سے بہتر بیگ تیار کر سکوں گی ۔روبینہ شیخ نے شربت بنانے کے کورس میں رجسٹریشن کیا ہے ۔وہ کہتی ہیں کہ رمضان المبارک قریب ہیں ۔اِس مرتبہ شربت کی ضرورت بھی بہت پڑنے والی ہے ۔میں گھر کے لیے اور اپنے آس پاس کے لوگوں کے لیے شربت تیار کر کے نا صرف پیسے بچا سکوں گی بلکہ کچھ آمدنی بھی ہو جائے گی ۔جیوتی کہتی ہیں کہ گیارہ سے چار بجے کا وقت بہت مناسب ہے ۔خالی وقت کا اِس سے بہتر استعمال نہیں ہو سکتا ۔    

آتم نربھر بھارت

قومی تعلیمی پالیسی میں بھی پیشہ ورانہ تعلیم کو عام تعلیم کے ساتھ مربوط کرنے پر خاص توجہ مرکوز کی گئی ہے۔لیکن ایسے لوگ جو اپنی تعلیم تقریبآ مکمل کر چکے ہیں۔انہیں نوکری کی ضرورت ہے لیکن کوئی اسکل نہ ہونے کے سبب دسویں اور بارہویں کے سرٹیفکیٹ انہیں کسی نوکری کا اہل نہیں بنا پا رہے ہیں ۔اِس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے الخیر ویلفئیر فاؤنڈیشن نے دسویں پاس نوجوانوں کو ہنر مند بنانے پر اپنی توجہ مرکوز کی ہے۔ کمپیوٹر ،انویسٹمنٹ بینکنگ ،گرافک ڈیزائننگ وغیرہ جیسے کورسز کے ذریعے کافی عرصہ سے نوجوانوں کو قومی دھارے سے جوڑنے میں کوشاں ہے۔

ایک چھوٹی سی پہل

 آتم نربھر بھارت ،ڈیجیٹل انڈیا ،اسکل انڈیا ایسے پروگرام ہیں جنہیں اگر صحیح طریقے سے اور مناسب منصوبہ بندی کے ساتھ لوگوں کی تربیت کا انتظام کیا جائے تو ہم چھوٹے چھوٹے کاموں کے ذریعے بھی اپنی مالی حالت کو بہتر بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں ۔عبدالغفار آگے کہتے ہیں کہ ایک روزہ ورک شاپ ،مختصر مدت کے کورسز اور خاص طور پر کمپیوٹر کی تربیت پر ہم خاص توجہ دے رہے ہیں ۔اُن کی پوری ٹیم سر جوڑ کر بیٹھتی ہے ۔وہ کہتے ہیں کہ ہم محنت اور کوشش کر رہے ہیں ،شرط یہ ہے کہ اِن مواقع کا بھرپور استعمال کیا جائے ۔