نیو دہلی : سپریم کورٹ نے بدھ کے روز ایک ایسی درخواست پر سماعت سے انکار کر دیا جس میں مرکزی حکومت کے اس سرکلر کو چیلنج کیا گیا تھا جس میں قومی گیت "وندے ماترم" گانے سے متعلق ہدایات دی گئی تھیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ یہ ہدایت محض مشاورتی نوعیت کی ہے اور اس پر عمل نہ کرنے والوں کے لیے کوئی سزا مقرر نہیں ہے۔
چیف جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوئے مالیا باگچی اورجسٹس وپل ایم پنچولی پر مشتمل بنچ نے اس درخواست کو قبل از وقت قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا۔ عدالت نے کہا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ کسی فرد یا ادارے کو اس سرکلر کے تحت مجبور کیا گیا ہو یا اس کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی ہو۔درخواست گزار محمد سعید نوری کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل سنجے ہیگڑے نے مؤقف اختیار کیا کہ اگرچہ 28 جنوری کا سرکلر بظاہر مشورہ ہے لیکن عملی طور پر اسے لازمی سمجھا جا رہا ہے۔ تاہم عدالت نے اس دلیل سے اتفاق نہیں کیا۔
جسٹس باگچی نے کہا کہ کچھ بھی لازمی نہیں ہے کیونکہ سرکلر صرف ایک مشورہ ہے۔ چیف جسٹس نے بھی اس بات کو دہرایا کہ یہ مکمل طور پر مشاورتی نوعیت کا ہے۔عدالت نے کہا کہ اگر کوئی ہدایت لازمی ہوتی ہے تو اس کے ساتھ سزا بھی ہونی چاہیے۔ یہاں ایسا کوئی پہلو موجود نہیں ہے کہ کسی کو اجتماع سے نکالا جائے یا ادارے کی منظوری ختم کی جائے۔
عدالت نے معروف بیجو ایمانوئل کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں طلبہ کو قومی ترانے کے دوران احترام سے کھڑے رہنے کی اجازت دی گئی تھی چاہے وہ اسے گائیں یا نہ گائیں۔سنجے ہیگڑے نے کہا کہ اگرچہ قانونی سزا نہیں ہے لیکن جو لوگ قومی گیت نہیں گاتے ان پر سماجی دباؤ ضرور ہوتا ہے۔ چیف جسٹس نے اس پر سوال اٹھایا کہ قانون کی نظر میں یہ دباؤ کہاں ثابت ہوتا ہے۔عدالت نے مزید کہا کہ سرکلر میں صرف یہ بتایا گیا ہے کہ قومی نغمہ کیسے پیش کیا جائے۔ اگر کسی ادارے کو اس بنیاد پر نوٹس دیا جائے یا بند کرنے کی بات کی جائے تو تب عدالت مداخلت کر سکتی ہے۔جسٹس باگچی نے سرکلر کی شق 5 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں لفظ "ہو سکتا ہے" استعمال کیا گیا ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ لازمی نہیں ہے۔
عدالت کے مطابق اظہار کی آزادی میں یہ حق بھی شامل ہے کہ کوئی گائے یا نہ گائے اور یہ فرد کے ضمیر پر چھوڑ دیا گیا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اس ہدایت کے ساتھ کوئی منفی نتیجہ منسلک نہیں ہے اور کسی کو زبردستی گانے کے لیے نہیں کہا گیا ہے۔سنجے ہیگڑے نے کہا کہ حب الوطنی کو زبردستی مسلط نہیں کیا جا سکتا۔ اس پر عدالت نے سوال کیا کہ کیا قومی ترانے کے معاملے میں بھی یہی اصول لاگو ہوگا۔ جسٹس باگچی نے کہا کہ یہ ایک نقطہ نظر ہے اور لوگ اس سے اختلاف کر سکتے ہیں۔
ہیگڑے نے زور دیا کہ آئین فرد کے ضمیر کی حفاظت کرتا ہے اور اگر مشاورتی ہدایات کو دباؤ کے ذریعے نافذ کیا جائے تو یہ تشویش کا باعث ہو سکتا ہے۔عدالت نے کہا کہ اگر مستقبل میں اس سرکلر کی بنیاد پر کسی کے ساتھ امتیازی سلوک ہوتا ہے تو وہ عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔ فی الحال یہ خدشات محض قیاس آرائیاں ہیں۔سماعت کے دوران سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ قومی گیت کے احترام کے لیے مشورے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص یہ کہتا ہے کہ حب الوطنی کو مجبور نہیں کیا جا سکتا تو وہ عدالت سے رجوع کا حق بھی نہیں رکھتا۔اس پر سنجے ہیگڑے نے جواب دیا کہ اصل حب الوطنی یہی ہے کہ آئین سب کے لیے یکساں ہو اور ہر فرد کے ضمیر کا احترام کیا جائے۔
وندے ماترم لازمی نہیں: سپریم کورٹ کی واضح رائے
جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود مدنی نے وندے ماترم کے حوالے سے سپریم کورٹ کے آج کے موقف پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کا یہ اصولی مؤقف ہے کہ وندے ماترم ان کے بنیادی عقیدہ توحید کے خلاف ہے، اس لیے کسی بھی حکم یا ہدایت کے ذریعے کسی کو اسے گانے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی شہری کو اس کے مذہب، عقیدے اور ضمیر کے خلاف کسی عمل پر مجبور کرنا نہ صرف آئینی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ آئین کی بنیادی ساخت پر براہِ راست حملہ بھی ہے۔ مولانا مدنی نے زور دے کر کہا کہ بھارت کا آئین ہر شہری کو مذہبی آزادی کا مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے، جسے کسی بھی انتظامی حکم، سرکاری دباؤ یا سماجی دباؤ کے ذریعے سلب نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ آج سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے واضح کر دیا ہے کہ 28 جنوری 2026 کو وندے ماترم کے حوالے سے جاری کیے گئے سرکاری رہنما اصول محض مشاورتی نوعیت کے ہیں، ان کی کوئی لازمی حیثیت نہیں ہے اور ان کی خلاف ورزی پر کوئی سزا بھی مقرر نہیں ہے۔
مولانا مدنی نے خبردار کیا کہ اگر ملک کے کسی بھی حصے میں کسی فرد، طالب علم یا ادارے کو اس معاملے میں مجبور کیا گیا یا اس کے مذہبی اور آئینی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی تو جمعیۃ علماء ہند عدالت سے رجوع کرے گی اور ہر ممکن قانونی جدوجہد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک میں آئین کی بالادستی کو مزید مضبوط بنایا جائے، نہ کہ ایسے اقدامات کیے جائیں جو شہریوں کے درمیان دباؤ اور تقسیم کو بڑھائیں۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس حساس معاملے پر واضح ہدایات جاری کی جائیں اور یہ یقینی بنایا جائے کہ کسی بھی سطح پر کسی شہری کے ساتھ زبردستی، امتیاز یا ناانصافی نہ ہو