معاملہ وقف کا- قومی سطح پر غیر ضروری تکرار سے گریز ممکن ہے-ڈاکٹر سید ظفر محمود

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 22-10-2025
معاملہ وقف کا- قومی سطح پر غیر ضروری تکرار سے گریز ممکن ہے-ڈاکٹر سید ظفر محمود
معاملہ وقف کا- قومی سطح پر غیر ضروری تکرار سے گریز ممکن ہے-ڈاکٹر سید ظفر محمود

 



ڈاکٹر سید ظفر محمود

صدر، زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف انڈیا

وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 کے تحت یہ لازمی قرار دیا گیا ہے کہ ملک بھر کی تمام اوقاف کی جائیدادوں کو مرکزی حکومت کے قائم کردہ نئے آن لائن پورٹل پر دوبارہ رجسٹر کیا جائے، بصورتِ دیگر ان جائیدادوں کا ’’وقف‘‘ ہونا خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ اس تقاضے کو نافذ کرنے کے لیے حکومت نے 3 جولائی 2025 کو نئے وقف قواعد (Waqf Rules) جاری کیے ہیں۔تاہم، یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ 2025 کے قانون کے نفاذ سے پہلے بھارت میں اوقاف کی جائیدادوں کی کوئی آن لائن فہرست موجود نہیں تھی , جو کہ بالکل غلط ہے۔

درحقیقت، سال 2010 سے ہی ’’وقف ایسٹس مینجمنٹ سسٹم آف انڈیا‘‘ (Waqf Assets Management System of India - WAMSI) کے نام سے ایک آن لائن نظام پہلے سے موجود ہے۔ یہ ایک ورک فلو پر مبنی ڈیجیٹل نظام ہے جو حکومتِ ہند (وزارتِ اقلیتی امور) نے نیشنل انفارمیٹکس سینٹر (NIC) کے اشتراک سے تیار کیا تھا۔ اس نظام کا مقصد مختلف ریاستی اور مرکزی زیرِ انتظام وقف بورڈوں کے ماتحت اوقاف کی جائیدادوں کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل شکل میں محفوظ، منظم اور مانیٹر کرنا ہے۔

یہ نظام ریاستی وقف بورڈوں کو یہ سہولت دیتا ہے کہ وہ ہر جائیداد کی تازہ ترین صورتحال کو , اس کے حصول، آمدنی، لیز، تنازعہ وغیرہ کے مراحل سمیت , اپ ڈیٹ کر سکیں۔ WAMSI میں GIS (جغرافیائی معلوماتی نظام) اور سیٹلائٹ امیجری کا استعمال بھی شامل ہے، جس کے ذریعے تجاوزات اور جغرافیائی مسائل کا سراغ لگایا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، WAMSI ایک عوامی پورٹل بھی فراہم کرتا ہے، جہاں کوئی بھی شخص مقام کے لحاظ سے وقف جائیدادوں کی تلاش، ان کی موجودہ حیثیت، اور متعلقہ وقف بورڈوں کے ذریعہ اپ لوڈ کردہ معلومات دیکھ سکتا ہے۔
پورٹل کا پتا یہ ہے: https://wamsi.nic.in/

یہاں تک کہ 2 مارچ 2016 کو لوک سبھا میں سوال نمبر 975 کے جواب میں اُس وقت کے مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور نے بتایا تھا کہ مرکزی وقف کونسل کے ذریعے نافذ کیا گیا یہ ویب پر مبنی ’’وقف مینجمنٹ سسٹم آف انڈیا‘‘ (WAMSI) پہلے سے ہی عمل میں ہے۔

WAMSI کی ویب سائٹ کے مطابق اب تک 3,56,396 وقف اسٹیٹس میں سے 3,30,008 ریکارڈز ڈیجیٹل طور پر رجسٹر کیے جا چکے ہیں۔

اس طرح، 2010 کا WAMSI اور 2025 کے ایکٹ کے تحت لازمی قرار دیا گیا نیا وقف پورٹل , دونوں ہی وزارتِ اقلیتی امور کے زیرِ انتظام ہیں اور تکنیکی سطح پر NIC کے ذریعے چلائے جا رہے ہیں۔

لہٰذا سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ’’پہیہ دوبارہ ایجاد‘‘ کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئے؟ دانش مندی کا تقاضا ہے کہ WAMSI ہی کو 2025 کے وقف ایکٹ کے تحت لازمی پورٹل تصور کر لیا جائے، یا پھر اس کے موجودہ ڈیٹا کو نئے پورٹل میں ضم کر دیا جائے۔ وزارتِ اقلیتی امور کو چاہیے کہ وہ اپنے ہی 2010 کے WAMSI نظام کو 2025 کے ڈیجیٹل وقف فیصلے کا حصہ بنانے کی سمت پیش رفت کرے۔

اس مقصد کے لیے وقف ایکٹ 2025 میں ضروری ترامیم کی جا سکتی ہیں۔ مناسب ہوگا کہ عالی مرتبت سپریم کورٹ سے اس سلسلے میں رہنما ہدایات جاری کرنے کی درخواست کی جائے تاکہ یہ عمل آسانی سے مکمل ہو سکے۔