باسط زرگر / سری نگر
ہاتھوں میں بانس کی اتھلی ٹوکریاں اٹھائے پنزتھ گاؤں کے سیکڑوں دیہاتی سالانہ گاؤں میلے کے تحت سرگرم ہو گئے۔ یہ میلہ جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ علاقے کے پنزتھ گاؤں میں ماحولیاتی تحفظ میں عوامی شمولیت کو فروغ دیتا ہے۔انہوں نے ندی سے گاد نکالی۔ ٹھوس کچرا صاف کیا اور اس دوران مچھلیاں بھی پکڑیں تاکہ یہ ایک دلچسپ سرگرمی بن جائے۔ دن کے اختتام تک پنزتھ ناگ چشمہ جس کے بارے میں مقامی لوگوں کا ماننا ہے کہ اسے 500 چشمے پانی فراہم کرتے ہیں صاف ہو چکا تھا اور گرمیوں میں ندیوں اور زیر زمین آبی ذخائر سے مزید پانی سمیٹنے کے لیے تیار تھا۔
ہر سال گاؤں والے اور آس پاس کے علاقوں کے لوگ پنزتھ ناگ کے پانی میں اتر کر اس ندی کو جھاڑیوں اور دیگر آلودگی سے صاف کرتے ہیں۔ اس میلے میں روایتی اجتماعی مچھلی پکڑنے کی رسم بھی شامل ہوتی ہے۔

پنزتھ ناگ کی صفائی کرتے ہوئے دیہاتی
ایک مقامی باشندے بشیر احمد نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینا اور آبی ذخیرے کی صفائی برقرار رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد ندی کو جھاڑیوں سے پاک رکھنا اور پورے سال پانی کے بہاؤ کو برقرار رکھنا ہے۔‘‘اتوار کی صبح سے ہی سیکڑوں مرد خواتین اور بچے ناگ پر جمع ہونا شروع ہو گئے۔ جلد ہی وہ چشمے میں اتر گئے۔ پانی صاف کیا۔ مچھلیاں پکڑیں اور اطراف کےماحول کو بھی بہتر بنایا۔کئی گھنٹوں تک جھاڑیاں صاف کرنے اور گاد نکالنے کے بعد چشمے کا شفاف پانی ایک بار پھر آزادانہ طور پر بہنے لگا۔
صفائی اور مچھلی میلے کا فضائی منظر
ایک اور مقامی باشندے فاروق احمد نے کہا کم از کم 500 سے 600 افراد نے صفائی اور مچھلی پکڑنے کے اس میلے میں حصہ لیا۔انہوں نے کہا کہ صدیوں پرانی یہ روایت ہر سال لوگوں کو ایک ساتھ لاتی ہے تاکہ چشمے کو محفوظ رکھا جا سکے اور اپنی ثقافتی وراثت کا جشن منایا جا سکے۔پنزتھ گاؤں کے 70 سالہ غلام نبی نے کہا کہ میں بچپن سے اس میلے میں حصہ لے رہا ہوں۔ میں نے اپنے بزرگوں سے سنا ہے کہ یہ روایت نسلوں سے جاری ہے۔‘‘یہ میلہ عموماً مئی کے پہلے ہفتے میں منعقد ہوتا ہے لیکن اس سال خراب موسم کی وجہ سے تاخیر ہوئی۔ ایک اور مقامی شخص نے کہا کہ مسلسل بارشوں اور درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے یہ میلہ ملتوی کرنا پڑا۔یہ چشمہ دو درجن سے زیادہ دیہات کے لیے پینے کے پانی کا اہم ذریعہ ہے اور علاقے کی وسیع زرعی زمینوں کو سیراب کرتا ہے۔ حکام کے مطابق یہ چشمہ روزانہ تقریباً 6,448 ملین لیٹر پانی خارج کرتا ہے اور کم از کم 8واٹر سپلائی اسکیموں کو پانی فراہم کرتا ہے۔

ایک مقامی شخص اپنی پکڑی ہوئی مچھلی دکھاتے ہوئے ایک افسر نے کہا کہ یہ چشمہ ٹراؤٹ مچھلی کا بھی اہم ذریعہ ہے۔ گزشتہ سال اس آبی ذخیرے سے 18.50 لاکھ روپے مالیت کی مچھلی حاصل ہوئی تھی۔میلے کے دوران دیہاتیوں کو مخصوص علاقے میں مچھلی پکڑنے کی اجازت دی جاتی ہے جبکہ سال کے باقی حصے میں مچھلی پکڑنے پر پابندی رہتی ہے۔اس بستی کو سیاحتی گاؤں قرار دیا جا چکا ہے اور چند سال قبل اس منفرد میلے کا ذکر وزیر اعظم نریندر مودی کے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’’من کی بات‘‘ میں بھی کیا گیا تھا۔