زیبا نسیم ۔ ممبئی
سوا ڈیڑھ صدی گزرنے کے بعد بھی، ’وندے ماترم‘ وہی جوش و جذبہ جگاتا ہے جو اس نے پہلی بار اپنی صدا سے بیدار کیا تھا۔ یہ محض ایک قومی نعرہ یا گیت نہیں، بلکہ ایک ایسی دھن کی داستان ہے جو راگوں، سازوں، ریڈیو لہروں اور نسلوں کے درمیان سفر کرتی رہی ہے۔ بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ اس ایک نغمے نے خود ہندوستان کی تاریخ جتنی ہی رنگین اور نشیب و فراز بھری موسیقی کی زندگی گزاری ہے۔ ’وندے ماترم‘ کے اب تک 130 سے زائد معروف انداز ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ کبھی یہ ایک گمبھیر راگ کافی میں وشنو دگمبر پالوسکر نے گایا، کبھی ماسٹر کرشن راؤ پھولمبریکار نے جوشیلی جھنجھوٹی میں، کبھی ایم ایس سُبُّلکشمی نے وقار بھرے انداز میں، اور کبھی لتا منگیشکر نے خوشی و مسرت کے ساتھ۔ ہر ایک ورژن نے ہندوستان کے ایک الگ رنگ اور جذبے کو آواز دی ، کبھی عقیدت بھرا، کبھی احتجاجی، کبھی جشن جیسا۔
لیکن سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ وہی مشہور دھن، جس کی سُریلی تان پر ریڈیو کے دور میں لاکھوں ہندوستانی اپنی صبح کا آغاز کرتے تھے، دراصل ایک راز ہے۔ آخر اس معروف دھن کو ترتیب دینے والا کون تھا؟ کیا یہ پنڈت روی شنکر تھے، جنہوں نے آل انڈیا ریڈیو میں کام کیا اور ’سارے جہاں سے اچھا‘ کو بھی دھن بخشی؟ یا پھر بانسری کے ماہر پنن لال گوش؟ یا کوئی گمنام موسیقار جو ریڈیو آرکیسٹر کا حصہ تھا؟ حقیقت، بالکل ریڈیو کے ابتدائی دنوں کی طرح، وطن پرستی کے افسانوں اور موسیقی کے قیاسوں کے دھند میں گم ہے۔ لیکن شاید یہی اس کی خوبصورتی ہے ، کہ ’وندے ماترم‘ کبھی کسی ایک گویے، دھن یا انداز کی ملکیت نہیں رہا۔ یہ تو ایک اجتماعی صدا ہے، جو بنگال کے ادبی میلوں سے لے کر جنوبی ہندوستان کی سنگیت محفلوں، قومی جلوسوں اور فلمی اسٹوڈیوز تک گونجتی رہی۔
یہ دراصل ہندوستان کی اپنی آواز تلاش کرنے کی ایک طویل موسیقی بھری کہانی ہے۔ ایک نظم کو دل کی دھڑکن ملتی ہے کہانی شروع ہوتی ہے 1870 کی دہائی میں، جب بنکم چندر چٹرجی نے ، جو ایک سول سروس افسر اور ناول نگار تھے،’وندے ماترم‘ لکھی۔ یہ نظم ایک ایسی دعا تھی جو وطن سے محبت اور روحانیت کو یکجا کرتی تھی۔ سنسکرت اور بنگالی کے امتزاج میں لکھی گئی یہ نظم ہندوستان کی روح کے لیے ایک عبادت تھی۔ (اب یہ مانا جاتا ہے کہ بنکم نے یہ نظم 7 نومبر 1875 کو کلکتہ کے قریب ناہاٹی کے ایک چھوٹے سے گاؤں کانتَل پاڑہ میں لکھی تھی۔) جب یہ نظم ان کے ناول ’آنند مٹھ‘ میں 1882 میں شائع ہوئی تو آزادی کی تحریک کا نعرہ بن گئی۔
اس کے اولین طباعت شدہ نسخوں میں ایک حاشیہ درج تھا کہ یہ راگ ملہار اور کاؤلی تال میں ترتیب دی گئی ہے ، گویا موسیقی اس کے لفظوں میں پہلے ہی سے دھڑک رہی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ اس کی پہلی دھن پنڈت جادو ناتھ بھٹاچاریہ (مشہور جادو بھٹ) نے بنائی، جو بنکم کے اپنے استاد بھی تھے۔ یہ ابتدائی ملہار راگ اور کاؤلی تال میں بنی دھن برسات کے موسم کی اداسی اور نرمی لیے ہوئے تھی،جو چھوٹی ادبی محفلوں اور خفیہ قومی اجتماعات میں گائی جاتی تھی۔ اگرچہ وہ اصل دھن اب وقت کی دھول میں کھو چکی ہے، لیکن اسی نے ’وندے ماترم‘ کو ایک زندہ، ارتقائی نغمہ بنا دیا ، ایک ایسا گیت جو ہمیشہ بدلتا رہا، مگر دلوں میں ایک سا اثر چھوڑتا گیا۔ ٹیگور اور ابتدائی دھنیں یہ نغمہ بہت جلد مختلف انداز میں ریکارڈ ہو کر امر ہوگیا۔ وندے ماترم سنگیت سمپرادائے اور بھانوی پور سیوک سمپرادائے جیسے گروپوں نے اسے الگ الگ راگوں میں پیش کیا، اور ہر بار اس میں ایک نیا رنگ شامل کیا گیا۔

رابندرناتھ ٹیگور کا کردار بھی اس نغمے کی موسیقی میں تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔ 1896 میں کلکتہ میں کانگریس کے اجلاس کے دوران انہوں نے اپنے بھائی جیوتی رِندرناتھ کی پیانو ساز ہمراہی میں وندے ماترم گایا۔ اس لمحے نے مجمع میں بجلی دوڑا دی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹیگور کی بھتیجی، پرتھیباسندری، نے اس گیت کے لیے ایک اور دھن بنائی، جو بعد میں بالک میگزین میں سرِ نوت اور تصویری خاکے کے ساتھ شائع ہوئی۔ اس گیت کی بڑھتی مقبولیت کے پیشِ نظر ابتدائی ریکارڈنگ کمپنیوں جیسے بوس ریکارڈز اور نکول ریکارڈ کمپنی نے اسے مختلف آوازوں میں محفوظ کیا ، جن میں رابندرناتھ ٹیگور، بابو سورینڈر ناتھ بینرجی، ستیہ بھوشن گپتا، آر این بوس اور دیگر کے نام شامل ہیں۔ 1907 میں ہیمنیدرا موہن بوس نے اپنی کمپنی ایچ بوس ریکارڈز کے تحت اس کی ایک تجارتی ریکارڈنگ جاری کی۔ مگر جلد ہی پولیس نے اس فیکٹری پر چھاپہ مارا اور تمام ریکارڈ تلف کر دیے۔ خوش قسمتی سے چند ریکارڈ بیلجیم اور پیرس میں محفوظ رہ گئے، جہاں یہ ڈسکیں دبائی گئی تھیں۔ انہی کی بدولت آج ہم ٹیگور کی اپنی آواز میں وندے ماترم سن سکتے ہیں۔ یہ تاریخی ریکارڈنگ نہایت قیمتی ہے۔ اس میں ٹیگور کی آواز اونچی، ناک سے بولنے والی اور آہستہ لے میں سنائی دیتی ہے۔ یہی ریکارڈنگ قومی گیت وندے ماترم کی سب سے پرانی گراموفون پیشکش مانی جاتی ہے۔پالوسکر کی جرات اور فرقہ وارانہ دراڑ بیسویں صدی کے آغاز تک وندے ماترم ناول آنند مٹھ کے صفحات سے نکل کر عوام کی آواز بن چکا تھا۔ کانگریس کے اجلاسوں اور احتجاجی جلوسوں میں طلبہ اور مجاہدینِ آزادی کے جتھے اسے اجتماعی طور پر گاتے تھے۔ ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کے عظیم فنکار پنڈت وشنو دگمبر پالوسکر نے اسے راگ کافی میں پیش کر کے اس میں ایک روحانی شان پیدا کر دی۔
پنڈت پالوسکر کی کہانی ان کے نغمے جتنی ہی متاثرکن ہے۔ کہا جاتا ہے کہ وہ ہر حال میں کانگریس کے اجلاسوں میں وندے ماترم کا مکمل ورژن گانا چاہتے تھے، چاہے کوئی مخالفت ہی کیوں نہ کرے۔ 1933 اجلاس میں مولانا احمد علی اور ان کے بھائی شوکت علی نے اعتراض کیا کہ اس گیت میں ہندو دیوی دیوتاؤں کی مدح سرائی ہے، لہٰذا اسے جلسے میں نہیں گایا جانا چاہیے۔ پالوسکر نے نہایت جرات کے ساتھ جواب دیا کہ یہ سیاسی اجلاس ہے، کوئی مذہبی مقام نہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ جو لوگ اعتراض کرتے ہیں وہ چاہیں تو باہر جا سکتے ہیں، لیکن وہ گانا روکنے والے نہیں۔ پھر انہوں نے پورا وندے ماترم گایا ، بغیر کسی ترمیم کے۔ یہ لمحہ ہندوستانی تاریخ میں ان کی جراتِ اظہار کا نشان بن گیا۔ اسی طرح دوسرے بڑے موسیقار پنڈت اوم کارناتھ ٹھاکر نے بھی راگ بنگیا کافی میں اپنی معروف دھن بنائی۔ وہ بھی اس بات پر پُرعزم تھے کہ وندے ماترم ہمیشہ مکمل گایا جانا چاہیے۔ بعد میں جب کانگریس نے سیاسی دباؤ کے تحت اس کے اشعار کو مختصر کر دیا، تو اوم کارناتھ نے احتجاجاًکانگریس کے پروگراموں میں جانا بند کر دیا۔ تاہم، 15 اگست 1947 کو آزادی کے دن آل انڈیا ریڈیو سے صبح ساڑھے چھ بجے انہی کی گائی ہوئی مکمل دھن نشر کی گئی ،

سردار ولبھ بھائی پٹیل کی خصوصی خواہش پر۔ یہ پوری داستان دکھاتی ہے کہ وندے ماترم کا قومی مقام ہمیشہ مذہبی حساسیت سے جڑا رہا۔ خاص طور پر وہ اشعار جن میں دیوی درگا کا ذکر آتا ہے۔ کئی مسلم رہنماؤں، بشمول محمد علی جناح، نے اسے قومی گیت بنانے کی مخالفت کی، کہ اس میں مذہبی امیجز تمام شہریوں کی نمائندگی نہیں کرتے۔ آخرکار 1937 میں کانگریس ورکنگ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ صرف پہلے دو بند ہی گائے جائیں، تاکہ سب طبقات کو مطمئن کیا جا سکے۔ مگر اس دن کے بعد سے ہر پیشکش کے ساتھ وندے ماترم میں سمجھوتے کی بازگشت سنائی دینے لگی۔ ماسٹر کرشن راؤ پھولمبریکار: نہرو کے مقابل تنہا مجاہد وندے ماترم کی موسیقی کی تاریخ ماسٹر کرشن راؤ پھولمبریکار کے ذکر کے بغیر ادھوری ہے۔ پونے سے تعلق رکھنے والے اس فنکار نے راگ جھن جھوٹی، بلوال اور دیگر راگوں میں نہایت مؤثر دھنیں تخلیق کیں۔ انہوں نے بینڈ اور کورس انداز میں بھی یہ نغمہ ترتیب دیا تاکہ اسے عوامی اجتماعات میں آسانی سے گایا جا سکے۔
پانبدی کے خلاف جدوجہد ۔ ان کی سب سے مشہور جدوجہد آل انڈیا ریڈیو کی اس پابندی کے خلاف تھی جو فرقہ وارانہ اعتراضات کے بعد وندے ماترم پر لگائی گئی تھی۔ایک موقع پر ریڈیو پر لائیو پیشکش کے دوران وہ اچانک پورے گیت کی دھن پر واپس آگئے، جس پر اسٹیشن ڈائریکٹر ذی اے بخاری نے ان کا پروگرام عین درمیان میں روک دیا۔ اس واقعے نے پورے ملک میں ہنگامہ مچا دیا۔ پھولمبریکار نے اس کے بعد آل انڈیا ریڈیو پر آنے سے انکار کر دیا اور یوں وہ وندے ماترم کے قومی درجہ کے لیے جدوجہد کرنے والے ایک بہادر فنکار کے طور پر جانے گئے۔ انہوں نے نہایت محنت سے ثابت کیا کہ یہ دھن صرف ہندوستانی نہیں بلکہ مغربی بینڈز بھی بجا سکتے ہیں۔ انہوں نے پنڈت جواہر لعل نہرو کے اس اعتراض کو رد کیا کہ یہ راگ مغربی سازوں کے لیے موزوں نہیں۔ پھولمبریکار نے خود بینڈ کی دھنیں تیار کیں اور برطانوی بینڈ ماسٹرز سی آر گارڈنر اور اسٹینلی ہلز سے اسے ملٹری بینڈ کے انداز میں بجوایا۔ کہا جاتا ہے کہ ان کی تیار کردہ ایک دھن 1936 کے برلن اولمپکس میں ہندوستانی وفد کے "غیر سرکاری قومی ترانے" کے طور پر پیش کی گئی۔ لیکن 24 جنوری 1950 کو دستور ساز اسمبلی نے وندے ماترم کو صرف "قومی گیت" کا درجہ دیا، جبکہ جن گن من کو قومی گیت تسلیم کیا گیا۔ اگر پھولمبریکار کی مستقل جدوجہد نہ ہوتی، تو شاید یہ درجہ بھی اسے نصیب نہ ہوتا۔