شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر میں اردو کتابوں کو زبردست پذیرائی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 10-11-2025
شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر میں اردو کتابوں کو زبردست پذیرائی
شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر میں اردو کتابوں کو زبردست پذیرائی

 



ممبئی: شارجہ میں جاری 44ویں انٹرنیشنل بک فیئر میں اردو کتابوں کو غیر معمولی رسپانس مل رہا ہے۔ نیشنل کونسل فار پروموشن آف اردو لینگویج (این سی پی یو ایل) بھی اس بین الاقوامی کتاب میلے میں شریک ہے، جو 5 سے 16 نومبر 2025 تک ایکسپو سینٹر شارجہ میں منعقد ہو رہا ہے۔

اس سال کتاب میلے کا مرکزی موضوع ہے: "آپ  اور کتاب کے درمیان"۔
میلے میں پبلشرز کانفرنس کے ساتھ 1200 سے زائد سرگرمیاں شامل ہیں جن میں ورکشاپس، مباحثے اور ثقافتی پروگرام شامل ہیں۔ اس میں دنیا کے 118 ممالک سے آئے ہوئے 2350 پبلشرز شرکت کر رہے ہیں۔

ہندوستانی نیشنل اسٹال کا افتتاح متحدہ عرب امارات میں بھارتی قونصل جنرل، جناب ستیش کمار سیوان نے کیا۔ اس موقع پر این سی پی یو ایل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شمس اقبال اور نیشنل بک ٹرسٹ کے چیئرمین پروفیسر ملند سدھاکر مراٹھے بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر شمس اقبال نے بتایا،"کتاب میلے کا رسپانس بہت شاندار ہے۔ این سی پی یو ایل کی شائع کردہ اردو کتابوں کی مانگ توقع سے کہیں زیادہ ہے۔ یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ اتنی ساری ڈیجیٹل مصروفیات کے باوجود لوگوں کا کتابوں سے رشتہ برقرار ہے۔ یہ امید دلاتا ہے کہ مطالعہ کبھی ختم نہیں ہوگا۔"

انہوں نے مزید کہا کہ سب سے حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ بچے اردو کتابوں میں خاص دلچسپی لے رہے ہیں۔ان کے مطابق ہم اردو کتابوں کی فروخت کے ساتھ زبان کے فروغ کا بھی کام کر رہے ہیں۔ ابتدا میں ہمیں اتنی پذیرائی کی توقع نہیں تھی، مگر حقیقت یہ ہے کہ ابھی سب کچھ ختم نہیں ہوا، بہت کچھ بچایا جا سکتا ہے۔"

این سی پی یو ایل اس سال دوسری بار کسی بین الاقوامی کتاب میلے میں حصہ لے رہا ہے۔ اس سے قبل وہ جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں منعقد ہونے والے دنیا کے سب سے بڑے کتاب میلے میں بھی شرکت کر چکا ہے۔ڈاکٹر اقبال نے بتایا کہ ہماری شرکت کا ایک اہم مقصد دنیا کو اردو زبان، اس کے ادب، ثقافت اور وراثت سے متعارف کرانا ہے۔"