سپریم کورٹ-غیر تعلیم یافتہ بیوی کو طلاق حسن پر روک، جب تک طلاق کو درست ثابت نہ کیا جائے، رشتہ رہے کا برقرار

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 13-02-2026
سپریم کورٹ-غیر تعلیم یافتہ  بیوی کو طلاق حسن پر  روک، جب تک طلاق کو درست ثابت نہ کیا جائے، رشتہ رہے کا برقرار
سپریم کورٹ-غیر تعلیم یافتہ بیوی کو طلاق حسن پر روک، جب تک طلاق کو درست ثابت نہ کیا جائے، رشتہ رہے کا برقرار

 



نئی دہلی : آواز دی وائس 

 سپریم کورٹ نے آج ایک مسلم شوہر کی طرف سے اپنی ان پڑھ بیوی کو دیے گئے طلاق حسن پر عمل درآمد روک دیا۔ عدالت نے نوٹ کیا کہ الزام ہے کہ شوہر نے بیوی سے خالی کاغذ پر دستخط کروائے اور وہ خود پیش ہو کر صفائی دینے بھی نہیں آیا۔چیف جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوئے مالیہ باگچی پر مشتمل بنچ نے یہ حکم دیا۔ جب سینئر ایڈووکیٹ ایم آر شمشاد نے یہ اندیشہ ظاہر کیا کہ طلاق حسن اب بھی مسلم قانون میں جائز طریقہ ہے تو چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت اسے کالعدم قرار نہیں دے رہی۔ عدالت نے واضح کیا کہ اس معاملے میں روک اس لیے لگائی گئی ہے کیونکہ شوہر پیش نہیں ہوا اور بیوی نے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

عدالت نے کہا چونکہ شوہر نے الزامات کی تردید کے لیے خود کو پیش نہیں کیا اس لیے ہم اس کے ذریعے دی گئی مبینہ طلاق حسن پر روک لگاتے ہیں۔ اس کے بعد فریقین کو جائز طور پر شادی شدہ جوڑا تصور کیا جائے گا جب تک شوہر آ کر یہ ثابت نہ کرے کہ درست طریقے سے طلاق دی گئی ہے۔ متعلقہ تھانہ انچارج کو ہدایت دی جاتی ہے کہ شوہر کا پتہ لگائے اور اس کی موجودگی عدالت میں یقینی بنائے۔

عدالت نے مشاہدہ کیا کہ درخواست گزار ایک ان پڑھ خاتون اور گھریلو خاتون ہیں جنہیں یکطرفہ غیر عدالتی طلاق حسن کا شکار بتایا گیا ہے۔ ان کی شادی سنہ 2021 میں ہوئی تھی۔ شوہر کو نوٹس دیا گیا اور تعمیل بھی ہو گئی مگر اس کے باوجود وہ عدالت میں حاضر نہیں ہوا۔

بنچ نے ایک اور درخواست پر بھی نوٹس جاری کیا جس میں طلاق احسن کو آئین کے آرٹیکل 14 15 اور 21 کے خلاف قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ اس کیس میں خاتون کو شوہر نے ای میل واٹس ایپ اور رجسٹرڈ پوسٹ کے ذریعے طلاق دی تھی۔ درخواست گزار نے رہنما اصول مانگے ہیں تاکہ غیر قانونی طلاق اور انتقامی کارروائیوں کا شکار مسلم خواتین بے سہارا نہ رہیں۔

بنیزیر ہینا کے معاملے میں ان کے وکیل ڈاکٹر رضوان احمد نے عدالت کو بتایا کہ توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے کیونکہ پچھلے حکم کے بعد دوبارہ غلط طریقے سے طلاق دینے کی کوشش کی گئی۔ دونوں فریقین کو سننے کے بعد عدالت نے معاملہ ثالثی کو بھیج دیا۔ یہ ثالثی سابق سپریم کورٹ جج جسٹس کورین جوزف کریں گے۔

عدالت نے کہا کہ اس معاملے میں فوری طور پر ثالثی کی ضرورت ہے تاکہ باہمی حل نکل سکے اور یا تو درست طریقے سے طلاق ہو یا کوئی اور راستہ اختیار کیا جائے۔ فریقین ثالثی پر رضامند ہو گئے ہیں۔ عدالت نے جسٹس کورین جوزف سے درخواست کی کہ وہ واحد ثالث کے طور پر اس تنازعے کو حل کریں۔ فریقین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کل تک ان سے رابطہ کر کے تاریخ طے کریں۔

عدالت نے جسٹس جوزف سے کہا کہ چار ہفتوں کے اندر معاملہ حل کرنے کی کوشش کریں۔ ثالثی شروع ہونے کے بعد عدالت نے ہدایت دی کہ شوہر کی طرف سے دی گئی سابقہ طلاقیں فی الحال معطل رہیں گی۔ڈاکٹر رضوان نے عدالت سے یہ بھی درخواست کی کہ واٹس ایپ ای میل اور دیگر آن لائن طریقوں سے طلاق پر روک لگائی جائے مگر بنچ نے فی الحال ایسا حکم دینے سے انکار کر دیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ دونوں فریقین کو سننے کے بعد مناسب حکم دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک حساس معاملہ ہے جس میں انسانی جذبات جڑے ہوئے ہیں۔