نیویارک/اجمیر شریف:
"آٹھ سو سال سے زیادہ عرصے میں اجمیر شریف کی دہلیز پر کسی سے اس کا مذہب۔ ذات یا ملک نہیں پوچھا گیا۔ وہاں ہر آنے والی روح سے خاموشی سے صرف ایک سوال کیا جاتا ہے۔ کیا تمہارا دل کھلا ہے؟"
یہ الفاظ اجمیر شریف درگاہ کے گدی نشین اور چشتی فاؤنڈیشن کے چیئرمین حاجی سید سلمان چشتی نے نیویارک میں منعقدہ ایک اہم بین المذاہب پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہے۔ ان کا یہ پیغام صرف اجمیر شریف کی صوفی روایت کی ترجمانی نہیں کرتا بلکہ مذہبی ہم آہنگی اور انسانی اتحاد کے اس تصور کو بھی اجاگر کرتا ہے جس کی بنیاد انسان کو اس کے مذہب یا شناخت سے پہلے ایک انسان کی حیثیت سے دیکھنے پر قائم ہے۔ انہوں نے بھارتیہ ودیا بھون امریکہ کے آڈیٹوریم میں منعقدہ پروگرام "کئی راستے… ایک منزل! — مذاہب اور روایات کے درمیان ایک مقدس مکالمہ" میں کہی۔ یہ پروگرام بھارتیہ ودیا بھون امریکہ اور اجمیر شریف کی چشتی فاؤنڈیشن کے مشترکہ تعاون سے منعقد ہوا جس میں مختلف مذاہب کے مذہبی رہنماؤں۔ دانشوروں۔ سفارت کاروں۔ ماہرین تعلیم اور ثقافتی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے کلیدی خطاب میں حاجی سید سلمان چشتی نے خواجہ معین الدین چشتی، المعروف خواجہ غریب نواز، کی آٹھ صدیوں پر محیط روایت کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ بارہویں صدی سے اجمیر شریف آنے والے زائرین سے کبھی ان کا مذہب، ذات یا ملک نہیں پوچھا گیا۔ ان کے مطابق درگاہ کی دہلیز ہر انسان کے لیے کھلی رہی ہے اور اس کی اصل تعلیم یہ ہے کہ انسان اپنے دل کو دوسروں کے لیے کھلا رکھے۔حاجی سید سلمان چشتی نے کہا:’’آٹھ سو سال سے زیادہ عرصے میں اجمیر شریف کی دہلیز پر کسی سے اس کا مذہب، ذات یا ملک نہیں پوچھا گیا۔ وہاں ہر آنے والی روح سے خاموشی سے صرف ایک سوال کیا جاتا ہے: کیا تمہارا دل کھلا ہے؟

ان کے مطابق چشتی روایت کا اصل پیغام بھی یہی ہے کہ دل کو دوسروں کے لیے کھلا رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سلطنتیں جنہوں نے دیواریں کھڑی کیں، وقت کے ساتھ مٹ گئیں، لیکن وہ دروازہ جو کھلا رہا، آج بھی مہمانوں کا استقبال کررہا ہے۔انہوں نے چشتی روایت کی دریا جیسی سخاوت، سورج جیسی محبت اور زمین جیسی مہمان نوازی کو مختلف مذاہب کے درمیان تعلقات کے لیے ایک عملی اصول قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دریاؤں کے نام اور راستے مختلف ہوسکتے ہیں، لیکن کوئی دریا سمندر سے ملنے سے انکار نہیں کرتا۔
نیویارک میں ہونے والی اس گفتگو میں صوفی روحانیت کے ساتھ مذہبی رواداری۔ عالمی امن۔ ثقافت۔ ادب اور اجتماعی کھانے کو مختلف مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان رابطے کا ذریعہ قرار دیا گیا۔ مشہور شیف وکاس کھنہ نے کھانے کو ایسی زبان قرار دیا جو انسانوں کو مذہبی شناخت سے پہلے ایک دوسرے سے جوڑتی ہے جبکہ دیگر مقررین نے بین المذاہب مکالمے کو موجودہ دور میں عالمی امن کی بنیادی ضرورت قرار دیا۔اس موقع پر اجمیر شریف کی چشتی روایت اور نیویارک کی کثیر مذہبی فضا ایک ہی پیغام میں سمٹتی دکھائی دی۔ راستے مختلف ہوسکتے ہیں۔ عقیدے اور روایات مختلف ہوسکتی ہیں لیکن انسان کے اندر امن۔ محبت اور روحانی جستجو کی خواہش مشترک ہے۔ یہی وہ پیغام ہے جسے اجمیر شریف سے نیویارک تک ایک نئے بین المذاہب مکالمے کے ذریعے سامنے لانے کی کوشش کی گئی۔
مصنف یعقوب میتھیو کی میزبانی میں منعقدہ اس پروگرام میں صوفی روحانیت، جوہری اسلحے کے خاتمے کی وکالت، فنِ طعام اور بین المذاہب ادب سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ منتظمین کے مطابق مختلف شعبوں اور روایات سے تعلق رکھنے والی آوازوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا اس پروگرام کا بنیادی مقصد تھا۔آڈیٹوریم مکمل طور پر شرکا سے بھر گیا، جبکہ اضافی مہمانوں کو ہال کے عقب اور اطراف میں کھڑے ہوکر پروگرام دیکھنا پڑا۔ حاضرین میں ہندو، مسلمان، عیسائی، یہودی، سکھ، جین اور بدھ مت کے پیروکاروں کے ساتھ سفارت کار، ماہرینِ تعلیم، ثقافتی شخصیات اور نیویارک، نیوجرسی اور کنیکٹیکٹ پر مشتمل تین ریاستی خطے کی بھارتی نژاد اور وسیع جنوبی ایشیائی کمیونٹی کے افراد بھی شامل تھے۔
نمایاں مہمانوں میں باربرا ونسٹن، جو پیس انوویشن انیشی ایٹو کی بانی ہیں، لنڈسے سی ہاورڈ، بلومبرگ فلانتھروپیز سے وابستہ شخصیت، پرنس دمتری، کیرول بیلیڈورا اور ڈیوڈ ایم ہیز سمیت بھارتی نژاد امریکی برادری کی متعدد معروف شخصیات شامل تھیں۔یہ تقریب ہندوستان کے یومِ آزادی کے ہفتے میں منعقد ہوئی۔ اس سے چند روز قبل اقوام متحدہ کے چرچ سینٹر میں ٹل مین چیپل میں 2026 آنیس آف ہیومینٹی ایوارڈ کی تقریب بھی منعقد ہوئی تھی، جس میں ان میں سے کئی شخصیات نے شرکت کی تھی۔


کھانا، مذاہب سے پہلے انسانوں کو جوڑنے والی زبان
مشہور میکلین اسٹار شیف، ریسٹورنٹر اور فلم ساز وکاس کھنہ نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے کھانے کو ایسی زبان قرار دیا جو مذہبی نظریات سے پہلے انسانوں کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہے۔انہوں نے کورونا وبا کے دوران ہندوستان بھر میں لاکھوں کھانے تقسیم کرنے کے اپنے تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امداد حاصل کرنے والوں کے مذہب یا پس منظر کو کبھی معیار نہیں بنایا گیا۔وکاس کھنہ نے کہا:’’بھوک کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور نہ ہی اسے کھانا کھلانے والے ہاتھ کا ہونا چاہیے۔ باورچی خانے نے مجھے وہ سکھایا جو کوئی بحث نہیں سکھا سکتی کہ جو لوگ ساتھ بیٹھ کر کھانا کھاتے ہیں، وہ ایک دوسرے سے خوفزدہ ہونا چھوڑ دیتے ہیں۔‘‘ان کے خطاب پر حاضرین نے بھرپور داد دی۔ ان کی باتوں میں اجمیر شریف اور پنجاب کی چشتی اور سکھ لنگر کی روایت کی جھلک بھی نظر آئی، جہاں صدیوں سے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے زائرین کو اجتماعی طور پر کھانا کھلایا جاتا رہا ہے۔
مکالمے کی نظامت جوناتھن گرینوف نے کی ،مکالمے کی نظامت جوناتھن گرینوف نے کی، جو گلوبل سیکیورٹی انسٹی ٹیوٹ کے صدر، ورلڈ سمٹ آف نوبل پیس لوریٹس کے اقوام متحدہ میں نمائندے اور 2014 کے نوبل امن انعام کے لیے نامزد امیدوار رہ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا ایسے دور سے گزر رہی ہے جہاں انسانوں کی تباہی کی صلاحیت ایک دوسرے پر اعتماد کرنے کی صلاحیت سے کہیں آگے نکل چکی ہے۔ان کے مطابق اگر انسانی دل بند رہیں تو کوئی معاہدہ دنیا کو محفوظ نہیں بنا سکتا۔ انہوں نے بین المذاہب ملاقاتوں کو محض سفارت کاری کی رسمی سرگرمی قرار دینے کے بجائے اسے سفارت کاری کی بنیاد قرار دیا۔

یعقوب میتھیو: الفاظ مختلف، انسانی تڑپ ایک
مصنف یعقوب میتھیو، جن کی کتاب ’’Seeking the Infinite‘‘ کمبھ کی روحانی عظمت کا جائزہ پیش کرتی ہے، نے مختلف مذہبی صحیفوں اور روایات میں پائی جانے والی مشترکہ انسانی آرزو پر گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کئی برس ان روایات کے زائرین کے درمیان گزارے جو میری اپنی روایت نہیں تھیں، لیکن مجھے کبھی کوئی اجنبی نہیں ملا۔ الفاظ بدل جاتے ہیں، مگر دل کی تڑپ نہیں بدلتی۔‘‘ان کے مطابق مختلف مذاہب اور روحانی روایات کے الفاظ، طریقے اور اظہار مختلف ہوسکتے ہیں، لیکن انسان کی بنیادی روحانی جستجو ایک جیسی رہتی ہے۔
ثقافت تہذیبوں کے درمیان پل
ڈاکٹر نوین مہتا، بھارتیہ ودیا بھون امریکہ کے چیئرمین اور ایلس آئی لینڈ میڈل آف آنر کے وصول کنندہ، نے مہمانوں کا استقبال کیا۔انہوں نے بھارتیہ ودیا بھون کے بنیادی مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ اس یقین کے ساتھ قائم کیا گیا تھا کہ ثقافت وہاں انسانوں کو متحد کرتی ہے جہاں سیاست تقسیم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اجمیر شریف کے گدی نشین کو مختلف مذہبی اور ثقافتی روایات سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے ساتھ اسی ہال میں مکالمے کے لیے مدعو کرنا اس بنیادی نظریے کو عملی شکل دینے کے مترادف ہے۔
سب کے لیے یکساں لنگر
تقریب کا اختتام تمام شرکا کے لیے مکمل سبزی خور عشائیے کے ساتھ ہوا، جسے لنگر کی روح کے مطابق پیش کیا گیا۔ کھانا تمام مہمانوں کے لیے بغیر کسی مذہبی یا سماجی امتیاز کے فراہم کیا گیا۔عشائیے کا انتظام نیویارک میں متعدد معروف ریسٹورنٹس سے وابستہ کاروباری شخصیت اور ریسٹورنٹر جمی رضوی کے تعاون سے کیا گیا۔ ان کے ریسٹورنٹس میں معروف بنگلو، گپ شپ اور پنجاب میٹ ہاؤس سمیت دیگر ادارے شامل ہیں۔منتظمین نے جمی رضوی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعی کھانا پروگرام کا محض اختتامی حصہ نہیں تھا بلکہ خود مکالمے کا تسلسل تھا۔ ان کے مطابق کھلا دسترخوان اور کھلا دل دراصل ایک ہی تصور کی دو شکلیں ہیں۔
چشتی فاؤنڈیشن کی عالمی بین المذاہب سرگرمیاں
یہ اجتماع چشتی فاؤنڈیشن کی عالمی بین المذاہب سرگرمیوں کا حصہ ہے۔ فاؤنڈیشن 2007 سے اب تک 90 سے زیادہ ممالک میں اقوام متحدہ کے فورمز، جی 20، آر 20، آسیان اور برکس جیسے عالمی پلیٹ فارمز پر چشتی صوفی روایت کی نمائندگی کرچکی ہے۔منتظمین نے بتایا کہ خواجہ غریب نواز کی اجمیر شریف درگاہ پر روزانہ تقریباً 40 ہزار زائرین حاضری دیتے ہیں، جبکہ سالانہ عرس کے دوران یہ تعداد 10 لاکھ سے بھی تجاوز کرجاتی ہے۔منتظمین کے مطابق یہ اعداد و شمار اس بات کی مثال ہیں کہ ہندوستانی برصغیر میں مذہبی تکثیریت محض ایک خواہش یا نظریہ نہیں بلکہ روزمرہ زندگی میں نظر آنے والی حقیقت ہے۔تقریب کے منتظمین نے بتایا کہ اس بین المذاہب مکالمے کو آگے بڑھانے کے لیے بات چیت جاری ہے اور مستقبل میں اس سلسلے کے مزید اجتماعات نیویارک اور اجمیر شریف میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔