سری نگر : کشمیر اور کشمیریت کی مثالیں آئے دن ملک کو اس بات کا احساس دلاتی رہتی ہیں کہ کشمیر کی مہمان نوازی اور سیاحوں کے ساتھ مقامی لوگوں کا رویہ مثالی رہا ہے ۔ اس کا ایک اور نمونہ اب سامنے آیا ہے جس میں ایک خاتون سیاح کو ایک کشمیری کی ایمانداری کے سبب لاکھو ں روپئے کا نقصان ہونے سے بچ گیا ۔ جس کا ہینڈ بیگ برف پر لطف اندوز ہونے کے درمیان گم گیا تھا لیکن ایک شخص نے اس کی کار تک اسے پہنچا دیا ۔
اس واقعہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ مقامی کشمیری شخص ایک ہینڈ بیگ کو خاتون سیاح کو واپس کرنے کے بعد کہہ رہا ہے کہ اس میں موجود سامان کو پہلے چیک کرلیں ۔ خاتون کے چہرے پر خوشی قابل دید ہے ۔اسے یقین نہیں آرہا تھا کہ اس کا بیگ جو برف پر رکھ کر بھول گئی تھی واپس مل گیا ۔
ویڈیو میں وہ کشمیری شخص خاتون سیاح سے کہتا ہے کہ ۔۔۔ پہلے ذرا چیک کر لیجیے کہ اس میں کتنا سامان رکھا ہے۔ اپنا پیک دیکھ لیجیے کہ سب کچھ پورا ملا ہے یا نہیں۔ پہلے پیسے گن لیجیے، ٹھیک ہیں یا نہیں، اچھی طرح دیکھ لیں، کم تو نہیں ہیں۔ بعد میں یہ نہ کہیے گا کہ آپ نے لیے تھے۔
خاتون کہتی ہیں کہ ۔۔۔ نہیں نہیں، ٹھیک ہے، کوئی مسئلہ نہیں ہے۔سب کچھ ہے ۔
وہ شخص پھر کہتا ہے کہ آپ ہماری بہن ہیں، ہمارا فرض بنتا ہے کہ جو بھی سامان گرا ہو وہ ہم ایمانداری سے آپ کے حوالے کریں۔ یہ میرے پاس تھا۔
وہ خاتون کہتی ہیں کہ یہ میرا کا آئی فون ہے، یہ پین کارڈ ہے۔ باقی دستاویزات بھی ٹھیک ہیں؟ ٹھیک ہے، سب کچھ درست ہے۔شکریہ بھائی، شکریہ بھائی، میری تو جان ہی نکل گئی تھی۔
ویڈیو میں خاتون کے چہرے کی خوشی قابل دید رہی جس کے ہاتھوں میں نوٹوں کی وہ گڈی تھی جو بگ کے اندر رکھی تھی ۔خاتون جذبات کے حاوی ہونے کے سبب بہت تیز تیز بول رہی تھیں ۔ بہر حال اس واقعہ نے ایک بار پھر کشمیر میں کشمیریت کا سر بلند کردیا ۔ جس وادی کشمیر میں دہشت گردانہ حملے کے بعد سیاحت تقریبا ختم ہوگئی تھی اب دوبارہ پروان پا رہی ہے اور ایسے واقعات ملک کو پیغام دے رہے ہیں کہ کشمیر میں کشمیری ہی اس کی شان ہیں اور کشمیر کی وراثت کے نگہبان بھی ۔