نوشاد اختر۔ پٹنہ
آج جب آپ اپنے سر میں شیمپو لگاتے ہیں تو شاید آپ کے ذہن میں کسی بڑی غیر ملکی کمپنی کا نام آتا ہوگا۔ مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ اس جھاگ اور خوشبو کے پیچھے ایک بہاری ذہن کی کاوش بھی شامل ہے۔ یہ کہانی پٹنہ کی تنگ گلیوں سے شروع ہوتی ہے جس نے تقریباً 250 برس پہلے لندن کے شاہی محلوں تک اپنی شہرت پہنچائی۔ یہ داستان ہے شیخ دین محمد کی۔ ایک ایسا نام جسے تاریخ کی کتابوں نے زیادہ جگہ نہیں دی مگر ان کی ایجاد کردہ چمپی آج پوری دنیا کی ضرورت بن چکی ہے۔

یہ قصہ سن 1759 کا ہے۔ پٹنہ کا دیوان محلہ اس زمانے میں اپنی رونق اور سرگرمیوں کے لیے مشہور تھا۔ اسی علاقے میں شیخ دین محمد کی پیدائش ہوئی۔ ان کے والد ایسٹ انڈیا کمپنی کی فوج میں ملازم تھے۔ مگر قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ صرف 11 برس کی عمر میں دین محمد اپنے والد سے محروم ہو گئے۔ اس کے بعد ان کی زندگی کا رخ ایک برطانوی افسر کیپٹن ایوان بیکر کی طرف مڑ گیا۔ بیکر نے انہیں اپنے بیٹے کی طرح پالا اور فوجی تربیت بھی دلوائی۔ اسی دوران انہوں نے نظم و ضبط اور جراحی سے متعلق مہارتیں سیکھیں
جب بیکر نے ملازمت چھوڑ دی تو وہ دین محمد کو اپنے ساتھ آئرلینڈ لے گئے۔ اٹھارہویں صدی میں ایک بہاری نوجوان کے لیے یورپ جانا گویا ایک نئی دنیا میں قدم رکھنے کے برابر تھا۔ وہاں کا ماحول مختلف تھا اور زبان بھی الگ تھی۔ مگر دین محمد میں سیکھنے کا غیر معمولی جذبہ تھا۔ انہوں نے وہاں تعلیم حاصل کی اور انگریزی زبان پر ایسی مہارت حاصل کی کہ آگے چل کر انہوں نے تاریخ رقم کر دی۔آئرلینڈ میں قیام کے دوران انہیں جین ڈیلی نامی ایک مقامی خاتون سے محبت ہو گئی۔ اس زمانے میں ایک ہندوستانی نوجوان اور ایک یورپی لڑکی کا رشتہ سماج کے لیے ناقابل قبول سمجھا جاتا تھا۔ مذہبی اور سماجی رکاوٹیں بہت بلند تھیں۔ مگر دین محمد نے ہمت نہیں ہاری۔ انہوں نے عیسائیت اختیار کی اور اپنا نام ساکے دین مہومید رکھ لیا اور جین سے شادی کر لی۔

یہیں سے ان کے ادبی سفر کا آغاز ہوا۔ سن 1794 میں انہوں نے دی ٹریولز آف دین مہومید کے نام سے ایک کتاب لکھی۔ یہ کسی بھی ہندوستانی کی طرف سے انگریزی میں لکھی جانے والی پہلی کتاب تھی۔ اس کتاب کے ذریعے انہوں نے یورپی لوگوں کو بتایا کہ ہندوستان صرف سپیروں کا ملک نہیں بلکہ اس کی تہذیب اور شہر بے حد مالا مال اور ترقی یافتہ ہیں۔ اس زمانے میں یہ ایک بڑی کامیابی تھی کیونکہ بہت سے انگریز یہ سمجھتے تھے کہ ہندوستانی انگریزی میں لکھ نہیں سکتے۔
تقریباً 1810 کے آس پاس دین محمد لندن منتقل ہو گئے۔ انہوں نے دیکھا کہ برطانوی لوگ ہندوستانی کھانوں اور طرز زندگی میں دلچسپی لینے لگے ہیں۔ چنانچہ انہوں نے لندن کے ایک معزز علاقے میں ہندوستانی کافی ہاؤس کے نام سے ایک ریسٹورنٹ قائم کیا۔ یہ برطانیہ کا پہلا ہندوستانی ریسٹورنٹ تھا۔ وہاں حقہ اور چلم کا انتظام بھی کیا گیا اور چپاتی اور مسالے دار سالن کا ذائقہ لندن کے لوگوں کو پسند آنے لگا۔ اگرچہ یہ کاروبار زیادہ کامیاب نہ ہو سکا اور وہ مالی مشکلات کا شکار ہو گئے مگر اس ناکامی نے ان کے لیے ایک نیا راستہ کھول دیا۔
دین محمد نے محسوس کیا کہ صفائی کے معاملے میں انگریز زیادہ آگے نہیں تھے اور عموماً صرف صابن سے جسم دھو لیتے تھے۔ انہوں نے انہیں ہندوستانی چمپی کا طریقہ متعارف کرایا۔ انگلینڈ کے شہر برائٹن میں انہوں نے ایک شاندار غسل خانہ قائم کیا جہاں جڑی بوٹیوں کے تیل سے سر کی مالش اور بھاپ کے غسل کا اہتمام کیا جاتا تھا۔
Mahomed’s Baths, opened in Brighton in 1814 by the remarkable Sake Dean Mahomed (born in Patna in 1759). He wrote perhaps the first book by an Indian person in English, opened the UK's first Indian restaurant & became the ‘shampooing surgeon’ to King George IV. Quite the résumé! pic.twitter.com/SS44VSIhNF
— Edward Anderson (@edanderson101) January 17, 2022
Dean Mahomed - looking pretty dashing in his portraits below - wrote a number of books:
— Edward Anderson (@edanderson101) January 17, 2022
- The Travels of Dean Mahomed (1794)
- Cases Cured by Sake Dean Mahomed, Shampooing Surgeon (1820)
- Shampooing, or Benefits Resulting from the use of the Indian Medicated Vapour Bath (1822) pic.twitter.com/ErkdvjMD99
بادشاہ ان کی مہارت سے اس قدر متاثر ہوئے کہ انہوں نے دین محمد کو اپنا شاہی شیمپو سرجن مقرر کر دیا۔ اس دور میں کسی ہندوستانی کے لیے یہ بہت بڑا اعزاز تھا۔ وہ دو برطانوی بادشاہوں کے ذاتی معالج رہے۔ انہوں نے برائٹن کو ایک طرح کا طبی مرکز بنا دیا جہاں دور دور سے لوگ صحت کے لیے ان کے غسل خانے آتے تھے۔ اس طرح انہوں نے ہندوستانی آیوروید اور مالش کو عالمی سطح پر نئی پہچان دلائی۔ سن 1851 میں برائٹن میں اس عظیم شخصیت کا انتقال ہو گیا۔ آج پوری دنیا میں شیمپو کی صنعت اربوں ڈالر کی معیشت بن چکی ہے اور گوگل نے بھی ان کے اعزاز میں خصوصی ڈوڈل پیش کیا تھا۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ جس بہار کی سرزمین نے انہیں جنم دیا وہاں بہت کم لوگ ان کے بارے میں جانتے ہیں۔
دین محمد کی داستان صرف ایک کاروباری شخصیت کی کہانی نہیں بلکہ ایک ایسے بہاری نوجوان کی جدوجہد کی داستان ہے جس نے دنیا کو صفائی اور صحت کا نیا طریقہ سکھایا۔ وہ مشرق کی سادگی اور مغرب کی جدیدیت کے درمیان ایک پل ثابت ہوئے۔ انہوں نے یہ ثابت کیا کہ اگر انسان میں صلاحیت اور عزم ہو تو وہ سمندروں کے پار جا کر بھی اپنی پہچان بنا سکتا ہے۔