سعودی عرب: جسے بنانے اور سنوارنے میں تین صدیاں لگیں، یوم تاسیس آج

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 22-02-2023
سعودی عرب:  جسے بنانے اور سنوارنے میں تین صدیاں لگیں، یوم تاسیس آج
سعودی عرب: جسے بنانے اور سنوارنے میں تین صدیاں لگیں، یوم تاسیس آج

 

 

ریاض: سعودی عرب میں بدھ کو یوم تاسیس (سعودی فاؤنڈیشن ڈے) منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مملکت کے شہروں میں رنگا رنگ پروگرام ہوں گے۔ ثقافتی اور عوامی سرگرمیاں اور فیسٹیول ہوں گے۔

یاد رہے کہ امام محمد بن سعود نے 22 فروری 1727عیسوی کو پہلی سعودی ریاست قائم کی تھی۔ فاؤنڈیشن ڈے اسی یاد میں منایا جا رہا ہے۔ سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اس سال فاؤنڈیشن ڈے ’یوم بدینا‘ (وہ دن جس روز ہم نے آغاز کیا) کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔

یہ دن 300 برس قبل پہلی سعودی ریاست کے بانی قائدین سے سعودی شہریوں کے گہرے تعلق اور سعودی ریاست کی بنیاد سے قابل فخر وابستگی کا اظہار ہے۔ یوم تاسیس کے سلوگن میں پہلی سعودی ریاست کے دارالحکومت الدرعیہ اور اس کے دستور قرآن و سنت سے گہرے تعلق کا بھی اظہار ہے۔

ایس پی اے کے مطابق ’سعودی عوام کو امام محمد بن سعود کے قائم کردہ تاریخی ورثے پر فخر ہے۔ انہوں نے کثیر جہتی ریاست میں سماجی، سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی زندگی میں انفرادیت کا ریکارڈ چھوڑا ہے۔

’اس دور میں جزیرہ عرب کے باشندوں نے پہلی سعودی ریاست کے اقتدار میں چین و سکون کا سانس لیا تھا۔‘ دوسری سعودی ریاست امام ترکی بن عبداللہ بن محمد بن سعود نے قائم کی۔ شاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمان الفیصل آل سعود نے تیسری سعودی ریاست کی داغ بیل ڈالی تھی۔

انہوں نے سعودی عرب کو عالم عرب، علاقے کے ممالک اور دنیا بھر میں جائز مقام دلایا۔ بانی مملکت کے بعد ان کے حکمراں بیٹوں نے مملکت سعودی عرب کی تعمیر و ترقی کے سفر کو آگے بڑھایا۔ اب سعودی عوام شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے روشن دور میں زندگی گزار رہے ہیں۔

سعودی عوام فاؤنڈیشن ڈے 300 سالہ یادیں تازہ کرنے کے لیے منا رہے ہیں۔ پہلی سعودی ریاست کے قیام کے بعد کے واقعات تاریخی کتابوں میں محفوظ ہیں۔

اس ریاست کو بنانے اور سنوارنے میں تین صدیاں صرف ہوئی ہیں۔ ریاست کی جڑیں مستحکم ہیں۔ سعودی ریاست معاشرے کے امن و امان کو سرفہرست رکھے ہوئے ہے۔ حرمین شریفین کی خدمت سعودی ریاست کا امتیاز ہے۔ معاشرے کے ہر فرد کے لیے خوشحال زندگی ریاست کی شناخت ہے۔ غیرمعمولی چیلنجوں کے ماحول میں ملک و قوم کی تعمیر و ترقی اور حکمرانوں و عوام کے درمیان ہم آہنگی کے رشتے مضبوط کیے جا رہے ہیں۔ 1727 عیسوی کے بعد سے عصر حاضر تک سعودی ریاست کی طاقت کا راز عوام اور حکمرانوں کے درمیان قریبی تعلق کا رشتہ ہے

یوم تاسیس، مملکت کی’ گہری جڑوں‘ پر فخر ہے: سعودی کابینہ

سعودی کابینہ نے یوم تاسیس (فاؤنڈیشن ڈے) کے حوالے سے سعودی عرب کی گہری جڑوں اور اس کے شہریوں کے قیادت کے ساتھ قریبی تعلق پر فخر کا اظہار کیا ہے۔ سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض کے قصرعرقہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس میں 14 فیصلے کیے گئے۔

کابینہ نے سعودی عرب میں عالمی مالیاتی فنڈ کے ریجنل آفس کے قیام کی منظوری دی۔ کابینہ نے اجلاس کے آغاز میں تین صدیوں پر محیط سعودی ریاست کی گہری جڑوں ،مملکت میں قائم استحکام۔ عدل و انصاف ،عوام میں ہم آہنگی اور چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ثابت قدمی کے مظاہرے پر فخر کا اظہاراور تعمیر و ترقی پر مبنی روشن مستقبل کی خواہش ظاہر کی۔ کابینہ نے انسداد منشیا ت کی قومی کمیٹی کے نظام کی دفعہ 5 میں ترمیم ،اہم اشیا اور خدمات کو قومیانے کی ترغیبات کے لائحہ عمل کی منظوری دی ہے۔ وزیر مملکت و قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر عصام بن سعید نے اجلاس کے بعد بتایا کہ کابینہ کو گزشتہ دنوں مملکت اور متعدد ممالک کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں اور مشاورت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

کابینہ نے جرمنی میں منعدقدہ میونخ سیکیورٹی کانفرنس 2023 میں سعودی عرب کی شرکت کے حوالے سے کہا کہ یہ کانفرنس امن و استحکام کی جڑیں گہری کرنے، پرامن حل اور مکالمے کے فروغ میں مدد گار ثابت ہوگی۔ کابینہ نے جنوبی افریقہ کے ساتھ زرعی اور ماہی گیری کے تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔ مراکش کے ساتھ مالیاتی امور میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر خزانہ کو تفویض کیا گیا ہے۔ اجلاس میں سنگاپور کے ساتھ ڈیجیٹل اکانومی، ڈیجیٹل گورنمنٹ اور نئی ٹیکنالوجی میں تعاون کی یادداشت ،بلغاریہ کے ساتھ مشترکہ کمیشن کے قیام، ازبکستان کے ساتھ سائنسی اور ٹیکنالوجی کی مفاہمتی یادداشت، انٹرنیشنل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے ساتھ تعاون کے معاہدے کی منظوری دی۔

یوم تاسیس پر 22 فروری کو تنخواہ سمیت چھٹی ملے گی

سعودی حکومت نے سال رواں کے دوران یوم تاسیس( فاونڈیشن ڈے) پرعام تعطیل کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ سرکاری و پرائیویٹ اور بغیر منافع والے سیکٹرز کے ملازمین کو تنخواہ سمیت چھٹی ملے گی۔  سرکاری اداروں کے ملازمین اس سال یوم تاسیس پر دو دن چھٹی کریں گے۔

بدھ 22 فروری کو یوم تاسیس کی چھٹی ہوگی۔ سرکاری ملازمین جمعرات کو بھی چھٹی منائیں گے۔ سول سروس قانون کی دفعہ 128کے تحت اگر دو چھٹیوں کے درمیان ایک ورکنگ ڈے آئے تو ایسی صورت میں ورکنگ ڈے بھی چھٹی شمار کیا جاتا ہے۔

اس طرح سعودی عرب کے تمام سرکاری ملازمین چار دن کی مسلسل چھٹی کریں گے۔ شاہ سلمان بن عبد العزیز نے گزشتہ برس شاہی فرمان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پہلی سعودی ریاست کی تاسیس کی یاد میں ہر سال 22 فروری کو یوم تاسیس پر سرکاری تعطیل ہوگی۔ یاد رہے کہ فروری 1727 کو امام محمد بن سعود نے پہلی سعودی ریاست قائم کی تھی