جدہ : سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے 1448 ہجری کے عمرہ سیزن کے لیے “مسار نسک” پلیٹ فارم پر مبنی نیا ڈیجیٹل کنٹریکٹنگ سسٹم شروع کر دیا ہے۔ اس نظام کے ذریعے منظور شدہ بیرونی ایجنٹس کے لیے اہلیت اور معاہدوں کا مکمل عمل آن لائن انجام دیا جائے گا۔
کاغذی کارروائی سے نجات
وزارت کے مطابق نئے نظام میں معاہدے کے ہر مرحلے کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنا دیا گیا ہے جس کے بعد دستی کاغذی کارروائی کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔
تمام معاہدے ایک متحدہ الیکٹرانک ماڈل کے تحت تیار کیے جائیں گے اور ان کی تصدیق “نسک” پلیٹ فارم سے منسلک کیو آر کوڈ کے ذریعے ہوگی۔ اس سے ایجنٹس اور متعلقہ اداروں کو معاہدوں کی فوری اور آسان جانچ میں مدد ملے گی۔
سعودی عمرہ کمپنیوں کو بھی سہولت
اسی پلیٹ فارم کے ذریعے سعودی عمرہ کمپنیوں کے لیے بھی الگ سروس متعارف کرائی جا رہی ہے جس کے تحت وہ مقامی سروس فراہم کرنے والوں کے ساتھ براہ راست معاہدے کر سکیں گی۔
اس میں رہائش۔ ٹرانسپورٹ۔ کھانے پینے کی سہولتیں۔ اضافی خدمات اور عازمین کے لیے خصوصی پیکیجز و پروگرام کی تیاری شامل ہے۔
یہ خدمات مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی آنے والے عمرہ زائرین کے لیے فراہم کی جائیں گی۔
ویزا درخواستوں کی تاریخ کا اعلان
وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق عمرہ ویزا درخواستیں 31 مئی 2026 سے وصول کی جائیں گی جو 14 ذوالحجہ 1447 ہجری کے مطابق ہے۔
جبکہ “نسک” ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ جاری کرنے کا عمل یکم جون 2026 یعنی 15 ذوالحجہ سے شروع ہوگا۔
عازمین اور ایجنٹس کو کیا فائدہ ہوگا
نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت ایجنٹس اہلیت اور معاہدے کے تمام مراحل بغیر اضافی دستاویزات اور دستی تصدیق کے مکمل کر سکیں گے۔
اس کے ساتھ عازمینِ عمرہ کو بھی زیادہ تیز۔ منظم اور آسان سہولتیں فراہم ہوں گی جس سے ان کے سفر کے انتظامات مزید بہتر بنائے جا سکیں گے۔