نئی دہلی ۔ہندوستانی مسلمانوں کے ایک اجتماعی پلیٹ فارم "سِٹیزنز فار فرَیٹرنٹی" (سی ایف ایف) نے لال قلعے کے بم دھماکے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے "ہمارے ملک اور اس مشترکہ وراثت پر حملہ قرار دیا جو ہر ہندوستانی کی ہے۔
سی ایف ایف نے اپنے بیان میں کہا کہ ہندوستانی مسلمان ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں۔
بیان میں کہا گیا "ایسے جرائم کو کسی مذہب یا برادری سے نہیں جوڑا جا سکتا اور نہ ہی ہمارے کشمیری بھائیوں سے، جنہوں نے خود بھی بے پناہ تکلیفیں جھیلی ہیں اور جو ہندوستانی خاندان کا اٹوٹ حصہ ہیں"۔
اس پلیٹ فارم میں دہلی کے سابق لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ، سابق چیف الیکشن کمشنر ایس وائی قریشی، لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) ضمیر الدین شاہ، سابق رکن پارلیمان شاہد صدیقی اور صنعت کار سعید مصطفیٰ شیروانی شامل ہیں۔
سی ایف ایف نے خود کو ممتاز مسلم شہریوں کا ایک گروہ قرار دیا ہے جو رابطے اور تفہیم کو فروغ دے کر معاشرتی تقسیم کو ختم کرنے اور ہندوستانی روح کے مطابق ایک بہتر، مہربان اور صحت مند معاشرہ تشکیل دینے کے لیے کوشاں ہے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب پولیس نے ایک دہشت گرد نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جس کے روابط کالعدم تنظیموں جیش محمد اور انصار غزوة الہند سے بتائے جا رہے ہیں۔ پولیس نے آٹھ افراد کو گرفتار کیا جن میں تین ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔ اس کے کچھ ہی گھنٹوں بعد دہلی کے لال قلعہ کے قریب ایک سست رفتار کار میں زوردار دھماکہ ہوا۔
پولیس کارروائی کے دوران جموں و کشمیر، ہریانہ اور اتر پردیش سے تقریباً 2,500 کلوگرام امونیم نائٹریٹ، پوٹاشیم کلوریٹ اور سلفر برآمد کیا گیا۔
پولیس ایف آئی آر میں اس واقعے کو "بم دھماکہ" قرار دیا گیا ہے جبکہ فارنسک ماہرین یہ جانچ کر رہے ہیں کہ حالیہ ضبط کیے گئے مواد کا کیمیائی نمونہ لال قلعہ دھماکے سے میل کھاتا ہے یا نہیں۔