عامر اقبال : نئی دہلی
یہ کہانی ہے ایک ہرن کے بچے کو آوارہ کتوں سے بچانے اور پھر اس کو گھر میں پالنے کی ۔ جس کا مرکزی کردار عبدل نامی شخص ہیں ۔ جنہوں نے ہرن کے بچے کو پالنے کے لیے ایک گائے خریدی اور اس کو گھر میں کسی بچے کی مانند پالا ۔ جس نے راجستھان کے بشنوئی سماج کو واہ عبدل جی واہ کہنے پر مجبور کردیا ۔ ہر کسی نے عبدل کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں ہرن کے بچے کی جان بچائی بلکہ اس کی پرورش کی ۔
وہ لمحہ جب عبدل رک گئے۔
پھلوڈی ضلع کے ننیؤ گاؤں میں رہنے والے عبدل ایک دن کسی کام سے گاؤں جا رہے تھے۔ اچانک انہوں نے دیکھا کہ ایک ننھا سا ہرن کا بچہ جان بچانے کے لیے بھاگ رہا ہے اور اس کے پیچھے کئی کتے لگے ہوئے ہیں۔ اس معصوم کی آنکھوں میں خوف تھا، اس کے قدم لڑکھڑا رہے تھے۔ عبدل نے ایک لمحہ ضائع کیے بغیر کتوں کو بھگا دیا ۔ کانپتے ہوئے ہرن کے بچے کو اپنی گود میں اٹھا لیا۔
دودھ نہیں تھا تو گائے خرید لائے۔
گھر پہنچنے کے بعد اصل مشکل شروع ہوئی۔ ہرن کا بچہ بہت چھوٹا تھا۔ اسے دودھ کی سخت ضرورت تھی۔ گھر میں کوئی انتظام موجود نہیں تھا۔ کچھ لوگوں نے مشورہ دیا کہ اسے جنگل میں چھوڑ دیا جائے، کچھ نے کہا کہ محکمہ جنگلات کے حوالے کر دیا جائے۔ مگر عبدل کا دل نہ مانا۔ انہوں نے فوراً ایک گائے خرید لی تاکہ اس ننھے جانور کو تازہ دودھ مل سکے۔ اس کے بعد ایک انوکھا رشتہ قائم ہو گیا۔ پانچ مہینے تک عبدل اور ان کے خاندان نے ہرن کے بچے کو اپنے بچے کی طرح پالا۔ صبح دودھ پلاتے رات کو اس کی دیکھ بھال کرتے اور اسے محبت سے سنبھالتے۔ وہ ہرن اب صرف ایک جانور نہیں رہا بلکہ گھر کا حصہ بن گیا۔
وداع کا لمحہ جو رلا گیا۔
جب ماحولیاتی کارکن دھرمارام بشنوئی کو اس واقعے کی خبر ملی تو وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ عبدل کے گھر پہنچے۔ ہرن اب کچھ بڑا ہو چکا تھا اور اسے اس کے قدرتی ماحول میں واپس بھیجنے کا وقت آ گیا تھا۔ جب اسے لے جانے کا لمحہ آیا تو عبدل کی آنکھیں بھر آئیں۔ جسے انہوں نے پانچ مہینے تک گود میں اٹھا کر پالا آج اسے رخصت کرنا آسان نہیں تھا۔ ہرن جب گھر سے روانہ ہوا تو عبدل دور تک نم آنکھوں سے اسے جاتے ہوئے دیکھتے رہے اور یہ منظر وہاں موجود سب لوگوں کو جذباتی کر گیا۔
جب بشنوئی سماج نے اظہار تشکر کیا۔
یہ خبر جب بشنوئی سماج تک پہنچی تو انہوں نے عبدل اور ان کے خاندان کا دل سے شکریہ ادا کیا کیونکہ ہرن اس سماج کے لیے نہایت مقدس سمجھا جاتا ہے۔ اس سماج کی خواتین ہرنوں کو اپنا دودھ تک پلاتی ہیں۔ ایسے میں ایک مسلم خاندان کی یہ خدمت ان کے لیے ایک بڑی مثال بن گئی۔ عبدل نے نہ کوئی دکھاوا کیا اور نہ شہرت کے لیے یہ کام کیا۔ بس ایک بے زبان جان کی جان خطرے میں تھی اور ان کا دل اسے بچانے پر آمادہ ہو گیا۔ یہی اصل انسانیت ہے۔ نہ ہندو نہ مسلم بلکہ صرف انسان۔