مہدی علی
تقسیم ہند برصغیر کی تاریخ کے اہم ترین واقعات میں سے ایک ہے۔ یہ انسانی تاریخ کی سب سے بڑی اجتماعی ہجرت بھی سمجھی جاتی ہے۔ اس دوران بڑے پیمانے پر انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور لوگوں کو اپنے گھر بار اور جائیداد سے محروم ہونا پڑا۔ اس کے باوجود تقریباً 70 برس گزر جانے کے بعد بھی دنیا میں کوئی ایسا میوزیم یا یادگار موجود نہیں تھی جہاں ان لاکھوں متاثرین کی یادوں کو محفوظ کیا جاسکے-
دراصل ۔2015 کے اوائل میں چند سنجیدہ اور پرعزم افراد ایک مقصد کے تحت اکٹھے ہوئے۔ ان کا مقصد اس خلا کو پُر کرنا تھا۔ چیئرپرسن لیڈی کشور دیسائی کی قیادت میں نئی دہلی میں دی آرٹس اینڈ کلچرل ہیریٹیج ٹرسٹ قائم کیا گیا۔ اس ٹرسٹ کا بنیادی مقصد دنیا کا پہلا تقسیم ہند میوزیم اور یادگار قائم کرنا تھا۔2015 کے پہلے نصف میں تقسیم ہند کے موضوع پر کام کرنے والے اہم ماہرین سے مشاورت کا سلسلہ شروع کیا گیا۔ ان میں محققین اور اسکالرز کے علاوہ فلم سازوں۔ مصنفین۔ فن کاروں۔ صحافیوں اور سب سے بڑھ کر تقسیم کے متاثرین کو شامل کیا گیا۔ انفرادی ملاقاتوں اور گروپ مباحثوں کے وسیع سلسلے کے ذریعے تقسیم میوزیم کے خدوخال واضح ہونے لگے۔
اگست 2015 میں پہلی عوامی مشاورت منعقد ہوئی۔ اس میں 1500 سے زیادہ افراد نے شرکت کی۔ نوجوانوں سے لے کر بزرگوں تک لوگوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس منصوبے کے لیے بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔اس حوصلہ افزا ردعمل کے بعد ٹرسٹ نے اپنی سرگرمیوں کو مزید وسعت دی اور میوزیم کے لیے اشیا اور دستاویزات جمع کرنے کا کام شروع کیا۔ ان مجموعوں کو 2015 اور 2016 کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں منعقد ہونے والی نمائشوں میں پیش کیا گیا۔ ان نمائشوں نے مزید خاندانوں کو اس عوامی کوشش کا حصہ بننے کی ترغیب دی۔عام طور پر میوزیم کسی نجی یا سرکاری ذخیرے سے اپنے سفر کا آغاز کرتے ہیں۔ لیکن تقسیم میوزیم کا آغاز صرف اس عزم سے ہوا کہ تقسیم سے متاثرہ سیکڑوں خاندانوں کی مشترکہ کوشش کے ذریعے اس کا ذخیرہ تیار کیا جائے گا۔ دنیا بھر کے مختلف آرکائیوز میں بھی وسیع پیمانے پر کام کیا گیا۔ اس کام میں نوجوانوں اور بزرگوں سمیت بڑی تعداد میں رضاکاروں نے حصہ لیا۔ ان سب کا مقصد میوزیم کے مشن کو آگے بڑھانا تھا۔


اسکےبعد 24 اکتوبر 2016 کو پنجاب حکومت کے پنجاب ہیریٹیج اینڈ ٹورزم پروموشن بورڈ کے تعاون سے امرتسر کے ٹاؤن ہال میں دنیا کے پہلے تقسیم میوزیم کے دروازے عوام کے لیے کھول دیے گئے۔ اس موقع پر 4 گیلریوں میں ایک ابتدائی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔اس ابتدائی نمائش کا افتتاح پنجاب کے اس وقت کے نائب وزیر اعلیٰ سکھبیر سنگھ بادل نے 24 اکتوبر 2016 کو کیا۔ اس کے بعد ہندوستانی حکومت کے وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے 1 نومبر 2016 کو اس نمائش کا افتتاح کیا۔ اس ابتدائی نمائش کو دنیا بھر سے آنے والے زائرین۔ اسکالرز اور مختلف اداروں کی جانب سے زبردست پذیرائی حاصل ہوئی۔سیکڑوں افراد نے اپنا وقت۔ خاندانی اشیا۔ مالی تعاون اور اپنی صلاحیتیں پیش کیں۔ ان کی مدد سے تقسیم میوزیم نے اپنی تمام گیلریاں مکمل کرنے کے لیے کام تیز کردیا تاکہ تقسیم ہند کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر اسے مکمل طور پر عوام کے لیے کھولا جاسکے۔17 اگست 2017 کو پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے تقسیم میوزیم کو قوم کے نام وقف کیا۔ اس موقع کو تقسیم یادگار دن کے طور پر منایا گیا۔ اس دن تقسیم سے متاثر ہونے والے لاکھوں افراد کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
تقسیم میوزیم میں تقسیم ہند کی تاریخ کو جامع انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ اس کی کہانی تقسیم سے پہلے کے دور سے شروع ہوتی ہے۔ پھر تحریک آزادی۔ الگ الگ ملکوں کے قیام کے ابتدائی مطالبات۔ تقسیم ہند اور بالآخر اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے حالات تک پہنچتی ہے۔تقسیم میوزیم کو ایک عوامی میوزیم کے طور پر قائم کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد تقسیم ہند کو ان لوگوں کی نظر سے پیش کرنا ہے جنہوں نے اسے اپنی زندگی میں جھیلا۔ میوزیم کے ذخیرے کا ایک اہم حصہ تقسیم کے متاثرین اور ان کے خاندانوں کی جانب سے عطیہ کی جانے والی اشیا پر مشتمل ہے۔جب لوگوں کو اپنے گھر بار سے بے دخل ہونا پڑا تو وہ اپنے ساتھ جو کچھ لے جاسکتے تھے لے گئے۔ آج یہ اشیا صرف ان تاریخی واقعات کی یادگاریں نہیں بلکہ ان نقصانات اور تکالیف کی علامت بھی ہیں جو لوگوں نے برداشت کیں۔ ملک کی اچانک تقسیم سے پیدا ہونے والی بے یقینی اور افراتفری نے اکثر لوگوں کو اتنا وقت بھی نہیں دیا کہ وہ اپنے سامان کو سمیٹ سکیں اور ان گھروں سے ہمیشہ کے لیے نکلنے سے پہلے اپنی ضروری چیزیں ساتھ لے جاسکیں۔


تقسیم میوزیم میں محفوظ اشیا میں روزمرہ استعمال کی چیزیں بھی شامل ہیں جو لوگ اپنے ساتھ لے گئے تھے اور ایسی اشیا بھی ہیں جن سے ان کی جذباتی وابستگی تھی۔ برتنوں۔ صندوقوں اور کپڑوں سے لے کر شادی کی ساڑی۔ زیورات کے ڈبے اور ٹین کے صندوق تک۔ میوزیم میں مختلف طبقوں اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی تقسیم سے وابستہ یادگاریں محفوظ ہیں۔فن کاروں نے جب تقسیم ہند کی ہولناکیوں کو یاد کیا تو انہوں نے اکثر اپنے جذبات کو مصوری کے ذریعے بیان کیا۔ مصور کرشن کھنہ کے مطابق وہ اس وقت ان واقعات کو فن کے ذریعے بیان نہیں کرسکے کیونکہ اس وقت زندگی بچانا اور وہاں سے نکلنا سب سے اہم تھا۔
ستیش گجرال کو یاد ہے کہ وہ مہاجرین کو سرحد پار دوسری جانب پہنچانے کے لیے بار بار سرحد کے دونوں طرف جاتے رہے۔ بعد میں انہیں احساس ہوا کہ تقسیم کے صدمے نے ان کے فن پر گہرا اثر ڈالا تھا۔ ایس ایل پراشر بھی ایسے فن کار تھے جن کے فن میں مضبوط لکیریں اور حرکت کی واضح عکاسی نمایاں تھی۔ انہوں نے اپنی زندگی دوبارہ تعمیر کرنے سے پہلے کئی مہاجر کیمپوں میں زندگی گزاری اور کام کیا۔ان فن کاروں نے اس دور کے صدموں اور المیوں کو اپنی مصوری میں محفوظ کیا۔ اگرچہ ان کے فن پارے ایک دوسرے سے بہت مختلف ہیں لیکن ان کے موضوعات میں کئی مماثلتیں پائی جاتی ہیں۔ 1947 کی تقسیم نے افراد کی زندگیوں کو کس طرح متاثر کیا اس کی جامع تصویر پیش کرنے کی کوشش میں تقسیم میوزیم نے ان تینوں فن کاروں کی پینٹنگز کے محدود ایڈیشن میں دوبارہ تیار کیے گئے نمونے بھی محفوظ کیے ہیں۔ اس کے علاوہ ارپنا کور کا ایک فکر انگیز اور دل کو چھو لینے والا فن پارہ ’’1947‘‘ بھی میوزیم کا حصہ ہے۔
یہ میوزیم جدید صوتی اور بصری ذرائع سے بھی استفادہ کرتا ہے۔ اس کی 14 گیلریوں میں مختلف مقامات پر آڈیو ویژول اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جہاں ان لوگوں کی آوازیں محفوظ کی گئی ہیں جن کی داستانیں تاریخ کے صفحات میں کہیں دب کر رہ گئی تھیں۔اس وقت میوزیم میں 100 سے زیادہ انٹرویوز پیش کیے جارہے ہیں۔ اس کے ساتھ ایک مسلسل وسیع ہوتا ہوا آرکائیو بھی موجود ہے جسے مستقبل میں محققین۔ اسکالرز اور تقسیم ہند کی تاریخ میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے دستیاب کرایا جائے گا۔تقسیم میوزیم کا مقصد تقسیم ہند سے متعلق معلومات اور انسانی داستانوں کا ایک جامع مرکز بننا ہے۔ یہ ایک مسلسل جاری رہنے والی کوشش ہے جس کے تحت مزید زبانی تاریخیں۔ دستاویزات اور ویڈیو و صوتی مواد جمع کیا جارہا ہے۔ میوزیم ان تمام ذرائع تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے جو تقسیم ہند کی تاریخ اور اس سے وابستہ انسانی تجربات کو محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔