کشمیر میں بے نام و نشان قبریں زیادہ تر پاکستانی کرائے کے جنگجوؤں کی ہیں: ۔تحقیقی رپورٹ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 19-09-2025
کشمیر میں بے نام و نشان قبریں زیادہ تر پاکستانی کرائے کے جنگجوؤں کی ہیں: ۔تحقیقی رپورٹ
کشمیر میں بے نام و نشان قبریں زیادہ تر پاکستانی کرائے کے جنگجوؤں کی ہیں: ۔تحقیقی رپورٹ

 



آشا کھوسہ/نئی دہلی

کشمیر میں بے نام و نشان قبروں کی اکثریت، جنہیں بھارتی افواج کے مظالم کے ثبوت کے طور پر پیش کرکے علیحدگی پسندی اور غصہ بھڑکایا جاتا رہا ہے، دراصل غیر ملکی جنگجوؤں ، بالخصوص پاکستانیوں ، کی ہیں جنہیں سرحد پار سے تشدد بڑھانے کے لیے بھیجا گیا تھا۔

یہ بات ایک زمینی مطالعے میں درج کی گئی ہے جس کا عنوان ہے: “Unraveling the Truth: A critical study of the unmarked and unidentified graves in Kashmir Valley”۔ یہ مطالعہ کشمیر کی تنظیم سیو یوتھ سیو فیوچر فاؤنڈیشن نے کیا ہے جس کی قیادت وجاہت فاروق بھٹ کر رہے ہیں جو کبھی پتھراؤ کرتے تھے مگر اب امن کے علمبردار بن چکے ہیں۔

یہ فاؤنڈیشن نوجوانوں کے ذہنوں کو انتہا پسندی سے نکالنے اور کشمیری معاشرے میں امن و مفاہمت کو فروغ دینے پر کام کر رہی ہے۔ یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ یہ تنظیم ان مسلم خاندانوں کی معلومات جمع کرنے میں بھی مصروف رہی ہے جن کے رشتہ دار دہشت گردوں کے ہاتھوں مارے گئے۔ ان متاثرہ لوگوں کو برسوں سماج میں بائیکاٹ اور حکام کی بے اعتنائی کا سامنا رہا۔ حال ہی میں حکومت نے ان کی حالتِ زار کو تسلیم کرتے ہوئے تقریباً 400 دہشت گردی کے شکار افراد کے لواحقین کو نوکریوں کے تقرری نامے دیے ہیں۔

رپورٹ چھ سالہ تحقیق پر مبنی ہے جس میں وسطی و شمالی کشمیر کے کپواڑہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ اور گاندربل اضلاع کے 373 قبرستانوں اور 4,056 قبروں کے ریکارڈ کا مطالعہ کیا گیا۔ دہشت گردی کے ابتدائی برسوں میں یہ خطہ مقامی اور غیر ملکی جنگجوؤں کے داخلے اور واپسی کا بڑا راستہ تھا، جہاں وہ آزاد کشمیر میں اسلحہ اور تخریب کاری کی تربیت لے کر جموں و کشمیر میں کارروائیاں انجام دینے آتے تھے۔کشمیری محققین نے اس مطالعے کے لیے قبر کھودنے والوں کے بیانات قلمبند کیے، قبرستانوں کے ریکارڈ کھنگالے، پولیس کی ایف آئی آرز دیکھیں، مارے گئے جنگجوؤں کے خاندانوں اور دیگر عینی شاہدین سے ملاقات کی۔

رپورٹ کے مطابق ان قبرستانوں کی 91 فیصد قبریں دہشت گردوں کی ہیں، 2493 غیر ملکی جنگجو اور 1208 مقامی جنگجو۔ صرف 276 قبریں نامعلوم یا بے نشان ہیں۔ رپورٹ نے تجویز دی ہے کہ ان نامعلوم قبروں کا ڈی این اے تجزیہ کرایا جائے تاکہ متوفیوں کی شناخت ہوسکے۔رپورٹ کے مطابق کشمیر کی ایک نسل اس احساس کے ساتھ پلی بڑھی ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے مقامی لوگوں کو اندھا دھند قتل کیا اور ان کی قبریں بے نشان چھوڑ دیں۔ وہ اسے بھارتی افواج اور بھارت کے خلاف ایک الزام کے طور پر لیتے ہیں۔ ہماری نسل کا حق ہے کہ تین دہائیوں کے تنازع کی تمام حقیقتیں جان سکے، بشمول ان بے نشان قبروں کی حقیقت کے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر میں بے نام و نشان قبروں کے گرد بیانیہ ہمیشہ سے تقسیم شدہ کہانیوں پر مبنی رہا ہے جو تنازع کی مکمل پیچیدگی کو نہیں سمجھ پاتا۔ ایران، بوسنیا یا روانڈا جیسے ممالک میں اجتماعی قبروں کی صورتحال ریاستی جبر سے جڑی تھی، مگر کشمیر کا پس منظر مختلف ہے۔یہاں بے نشان یا نامعلوم قبروں کا وجود براہِ راست جاری دہشت گردی، سرحد پار دہشت گردی اور انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں کی عملی حقیقتوں سے جڑا ہے، نہ کہ کسی منظم پالیسیِ جبر سے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ خاص طور پر سرحد پار سے گھسنے والے جنگجو عموماً اپنی شناخت ساتھ نہیں لاتے تھے۔ اکثر اوقات وہ فرضی یا کوڈ نام استعمال کرتے تھے۔ سیکیورٹی فورسز کے پاس اکثر کوئی چارہ نہ ہوتا سوائے اس کے کہ تدفین کی کارروائی انجام دیں۔ لیکن وقت کے ساتھ ساتھ بعض تنظیموں اور بین الاقوامی اداروں نے ان قبروں کو منظم انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی علامت کے طور پر پیش کیا۔

یہ بیانیہ کشمیری عوام کے ذہنوں اور تخیل پر اثرانداز ہوا اور بھارتی ریاست کو حد سے زیادہ انسانی حقوق پامال کرنے والی قوت کے طور پر پیش کیا گیا، جس سے عالمی برادری کا تصور بھی متاثر ہوا۔
یہ بیانیہ طویل عرصے سے کشمیر میں علیحدگی پسندی کے جذبات کو ہوا دیتا رہا ہے اور آج بھی تنازع کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔رپورٹ کے مطابق علیحدگی پسند عناصر نے اس بیانیے کو استعمال کرکے عام کشمیریوں میں دشمنی پیدا کی، جو پہلے تنازع کی گہرائیوں سے ناواقف تھے۔

رپورٹ نے پاکستان کی حکمتِ عملی میں ایک واضح پیٹرن کی نشاندہی بھی کی ہے۔ پاکستان نے ان ‘جہادیوں’ کو جنہیں اس نے کشمیر میں اپنی بالواسطہ جنگ کے لیے بھیجا تھا، بھارتی فورسز کے ہاتھوں مارے جانے کے بعد قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان اور اس کے حامیوں اور فرنٹ تنظیموں (مثلاً حریت کانفرنس) نے جان بوجھ کر اپنے ‘جہادیوں’ کو تسلیم نہ کرنے کی پالیسی اپنائی تاکہ ہمیشہ بھارتی فورسز پر الزام تھوپا جائے کہ وہ ‘معصوم لوگوں’ کو قتل کرتی ہیں۔ اس طرح مقامی آبادی، خاص طور پر نوجوانوں کو بھڑکا کر دہشت گردی میں شامل کیا جاتا رہا۔

رپورٹ کا مقصد ایک ایسے مسئلے پر وضاحت پیش کرنا ہے جس نے بھارت اور عالمی سطح پر الجھن اور بحث کو جنم دیا ہے۔ بھارتی ریاست پر اس تاثر کی بنیاد پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات لگائے جاتے رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق اگرچہ ہم اس امکان کو رد نہیں کرتے کہ کچھ شہری فائرنگ یا دیگر واقعات میں مارے گئے ہوں گے، مگر یہاں درج زیادہ تر قبریں یا تو غیر ملکی نامعلوم جنگجوؤں یا مقامی جنگجوؤں کی ہیں۔سیو یوتھ سیو کشمیر فاؤنڈیشن نے کہا ہے کہ وہ مستقبل میں کشمیر کے دیگر اضلاع کو بھی اس مطالعے میں شامل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔