نئی دہلی : آواز دی وائس
کیرالہ کی ایک نوجوان خاتون ان دنوں سرخیوں میں ہیں، جب سوشل میڈیا پر ان کی کوششوں سے متاثر ہوکر غزہ میں بے گھر خاندانوں کی جانب سے شکریہ ادا کرنے والی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ ان ویڈیوز میں متاثرہ خاندان دکھائی دیتے ہیں جو پینے کے پانی کی فراہمی پر ان کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔
سری ریشمی ادیاکمار، جو "کوٹّو" (Koottu) نامی تنظیم کی بانی ہیں، نے اپنے قریبی دوستوں اور جاننے والوں کی مدد سے 3,000 لیٹر پانی سے بھرا ایک ٹرک منظم کیا، جو جنوبی غزہ میں منتقل کیے گئے تقریباً 250 فلسطینی خاندانوں تک پہنچایا گیا، جو جاری جنگ کے دوران بے گھر ہو گئے تھے۔
انسٹاگرام کی رییلز میں فلسطینی بچے اور خواتین ہاتھوں میں تختیاں لیے نظر آتی ہیں جن پر لکھا ہے
"Thank you Reshmi and her friends from Kerala India."
(شکریہ ریشمی اور ان کے دوستوں، کیرالہ انڈیا سے)
ریشمی، جو اس وقت کوچی (Kochi) میں مقیم ہیں، نے بتایا"جہاں یہ خاندان اس وقت رہ رہے ہیں وہاں ندی نالے تو ہیں، مگر جنگ نے ان کو آلودہ کر دیا ہے۔ بچے یرقان، اسہال اور جلدی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے تھے۔ انہیں روزانہ تقریباً 6,000 لیٹر پانی کی ضرورت ہے۔"
پانی کا ٹرک بدھ کے روز ان خاندانوں تک پہنچا۔ انسانی ہمدردی کی اس مہم کے تحت، ریشمی نے اپنے بیرونِ ملک مقیم دوستوں سے عطیات جمع کرنے کی پہل کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مالی مدد سے زیادہ بڑا چیلنج یہ تھا کہ وہاں پانی پہنچانے والا کوئی ملے۔ متاثرہ خاندانوں کے ذریعے رابطے حاصل کیے گئے۔ ایک نجی ٹرک مالک نے پانی پہنچانے پر رضامندی ظاہر کی۔ اخراجات ہم نے خود برداشت کیے۔
ریشمی کے مطابق یہ ایک انسانی بحران ہے، جو کہیں بھی پیش آ سکتا ہے۔ ان خاندانوں کے پاس نہ کھانا ہے، نہ پانی۔ ہر چیز مہنگی اور نایاب ہو چکی ہے۔
گزشتہ آٹھ سے نو ماہ سے ریشمی غزہ کے کئی متاثرہ خاندانوں سے رابطے میں ہیں۔ وہ کہتی ہیں
خاندانوں کو خود معلوم نہیں کہ وہ اس جگہ پر کب تک رہیں گے۔ اب ان کے پاس کہیں اور منتقل ہونے کی کوئی جگہ نہیں بچی۔
ریشمی کا کہنا ہے کہ ایسے حالات میں مدد کے لیے ہاتھ بڑھانا ہر انسان کا فرض ہے
میں اسے اسی طرح دیکھتی ہوں، اس میں کوئی سیاست نہیں دیکھتی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ انسانی ہمدردی کے اس جذبے سے سرشار یہ خاتون خود کے پاسپورٹ کے بغیر ہیں۔ سری ریشمی ادیاکمار کی شادی یاسر سے ہوئی ہے۔